
کوئٹہ(زیبائے پاکستان)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی رہنما ناز میروانی نے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بلوچ ثقافت امن، رواداری، بہادری اور روایات کی امین ہے جسے زندہ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے
انہوں نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے نہ صرف اپنی تہذیبی شناخت کو اجاگر کرنے کا دن ہے بلکہ نئی نسل کو اپنی زبان، لباس، روایات اور اقدار سے روشناس کرانے کا بھی بہترین موقع فراہم کرتا ہے ناز میروانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ثقافت میں خواتین کا کردار انتہائی اہم رہا ہے جنہوں نے ہر دور میں اپنی محنت، ہنر اور شعور سے معاشرے کی تعمیر میں حصہ ڈالا
انہوں نے مزید کہا کہ ثقافتی دن منانے کا مقصد صرف روایتی لباس پہننا نہیں بلکہ اپنی مادری زبان، لوک موسیقی، دستکاری اور روایتی اقدار کو فروغ دینا بھی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر مثبت انداز میں اپنی ثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کریں
ناز میروانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان خواتین کو بااختیار بنانے اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی