کوئٹہ(زیبائے پاکستان)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے کوئٹہ میں سردی کی شدت کے باوجود گیس کی عدم دستیابی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کے شہری شدید سرد موسم میں گیس کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں، جبکہ گیس کمپنی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق بھی گھروں میں گیس دستیاب نہیں ہوتی، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کمپنی کی جانب سے اوقات کار کا اعلان کرنے کے باوجود شہریوں کو گیس میسر نہیں، خواتین، بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو سردی میں سخت اذیت برداشت کرنا پڑ رہی ہے، گھریلو امور متاثر ہیں اور عوام مہنگے متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں، مگر متعلقہ ادارے عوامی مشکلات کا ادراک کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ سید امان شاہ نے کہا کہ ایک طرف کوئٹہ کے عام شہری گیس کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، جبکہ شہر کے فوڈ پوائنٹس پر ہر وقت گیس دستیاب ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور گیس کی منصفانہ تقسیم پر کئی سوالات اٹھاتی ہیں۔ اگر تجارتی مراکز اور فوڈ پوائنٹس کو گیس فراہم کی جا سکتی ہے تو گھریلو صارفین کو اس بنیادی سہولت سے محروم رکھنے کی کیا وجہ ہے؟ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے سات منتخب ایم پی ایز بھی اس سنگین عوامی مسئلے کو حل کرانے میں ناکام رہے ہیں، عوام نے اپنے نمائندوں کو مسائل کے حل اور حقوق کے تحفظ کے لیے منتخب کیا ہے، لیکن گیس کی مسلسل عدم دستیابی سے شہریوں میں مایوسی اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔ صوبائی صدر عوام پاکستان پارٹی نے گیس حکام اور متعلقہ ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں گیس کی فراہمی کے نظام کو فوری بہتر بنایا جائے، اعلان کردہ شیڈول پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جائے، تاکہ شدید سردی میں شہریوں کو مزید مشکلات اور اذیت سے نجات مل سکے۔