کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پائیدار ٹرانسپورٹ کا حقیقی تصور اسی وقت مکمل ہوسکتا ہے جب ڈرائیورز اور کلینرز کے بنیادی حقوق، روزگار کا تحفظ، محفوظ کام کا ماحول اور سماجی و معاشی فلاح و بہبود یقینی بنائی جائے، ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ محنت کش ملکی معیشت اور سفری نظام میں بنیادی کردار ادا کررہے ہیں، مگر انہیں آج بھی ملازمت کے عدم تحفظ، طویل اوقاتِ کار، نامناسب ماحول اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ پائیدار ٹرانسپورٹ کے موقع پر پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان سے ملحقہ آل مشترکہ بلوچستان ڈرائیورز و کلینرز ٹرانسپورٹ یونین کے زیرِ اہتمام جبل نور بس اڈہ کوئٹہ میں منعقدہ خصوصی پروگرام اور آگاہی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں ٹرانسپورٹ یونین کے رہنماؤں عبدالقادر استاد اور ہدایت درویش سمیت نعمت خان، سعید آغا، عطا محمد، باز محمد، یونس، اللہ اختر، انقلابی بخش کرد، محمد عمر اور دیگر مزدور رہنماؤں نے شرکت کی۔ پیر محمد کاکڑ اور دیگر مقررین نے کہا کہ ڈرائیورز اور کلینرز ٹرانسپورٹ نظام کو فعال رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ان کی محنت اور خدمات کے بغیر مسافروں، اشیائے ضروریہ اور تجارتی سامان کی نقل و حرکت ممکن نہیں، اس کے باوجود ٹرانسپورٹ ورکرز کو قانونی حقوق، سماجی تحفظ، مناسب اجرت، صحت کی سہولیات اور محفوظ ماحول میسر نہیں۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ٹرانسپورٹ ورکرز کو لیبر قوانین کے تحت حقوق فراہم کرتے ہوئے انہیں ای او بی آئی اور سوشل سکیورٹی میں رجسٹرڈ کیا جائے تاکہ انہیں بڑھاپے، بیماری، حادثات اور دیگر مشکلات کے دوران تحفظ حاصل ہوسکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دورانِ ڈیوٹی حادثات کی صورت میں ٹرانسپورٹ ورکرز اور ان کے اہل خانہ کے لیے مؤثر معاوضے اور تحفظ کا نظام بنایا جائے، جبکہ بس اڈوں اور دیگر ٹرانسپورٹ مراکز پر صحت، آرام گاہوں، صاف پینے کے پانی، مناسب سہولیات اور محفوظ کام کے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پائیدار ٹرانسپورٹ صرف جدید گاڑیوں، بہتر سڑکوں اور سفری سہولیات تک محدود نہیں بلکہ اس کا بنیادی مقصد اس نظام سے وابستہ محنت کشوں کی زندگی، عزت، سلامتی اور معاشی تحفظ کو یقینی بنانا بھی ہے۔ ریلی کے شرکاء نے ڈرائیورز اور کلینرز کے بنیادی حقوق، روزگار کے تحفظ، محفوظ سفری نظام اور بہتر کام کے ماحول کے حق میں نعرے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ محنت کشوں کے جائز حقوق کے حصول کے لیے اجتماعی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈرائیورز، کلینرز اور دیگر محنت کش طبقات کے حقوق، باعزت روزگار، سماجی تحفظ اور بنیادی انسانی و مزدور حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔