
لاہور (زیبائے پاکستان) حموجودہ حکومت کے دور میں بیرونی قرضے 138 ارب ڈالرز کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، 3 سالوں میں بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں میں 84 فیصد کا ہوشربا اضافہ ہو جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بیرونی قرضوں کے حوالےسے تازہ ترین اعداد و شمار سامنے آئےہیں۔ رپورٹ کے مطابق حکومت نے گزشتہ مالی سال میں 10.6ارب ڈالر کا نیا قرضہ لیا ۔
وفاق نے 8.6اور صوبوں نے 1.9ارب ڈالر کا نیا قرض لیا۔ ملٹی لیٹرل ڈویلپمنٹ پارٹنرز سے 5.06ارب ڈالر قرض ملا، ایشیائی ترقیاتی بینک نے سب سے زیادہ 2.2ارب ڈالر کا قرض دیا۔ عالمی بینک نے 1.9ارب ڈالر کا قرض دیا، ایشیائی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک نے 89کروڑ ڈالر کا قرض دیا۔ جبکہ پاکستان کے ذمے بیرونی قرضوں اور واجبات کا حجم 138 ارب ڈالر سے تجاوزکر گیاجبکہ قرضوں پر سود کی ادائیگی میں گزشتہ تین برسوں کے دوران 84فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیاگیا،تین سال کے دوران صرف سودکا حجم ایک ارب 91کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 3ارب 59کروڑ تک پہنچ گیا۔
دستاویزکے مطابق پاکستان کے بیرونی قرضوں پرسود کی ادائیگی میں 84فیصد اضافہ ہوا، 3سال میں سود کا حجم بڑھ کر 3.59ارب ڈالر تک پہنچ گیا،بیرونی قرضوں پر سود 3سال پہلے تک 1.91ارب ڈالر تھا،2022کے مقابلے گزشتہ سال سود کی ادائیگی 1.67ارب ڈالر بڑھ گئی،یہ سود آئی ایم ایف، عالمی بینک،اے ڈی بی، کمرشل بینکوں کو ادا کیا گیا،پاکستان بیرونی قرضوں پر 8 فیصد تک کی شرح سے سود ادا کررہا ہے۔
دستاویز کے مطابق سعودی عرب اور چین نے بھی سیف ڈیپازٹس پرسود وصول کیا،سود سمیت قرضوں کی ادائیگی پرسالانہ 13 ارب 32کروڑ ڈالرخرچ ہوئے،پاکستان کے نیٹ بیرونی قرضوں میں گزشتہ سال 1.71ارب ڈالر اضافہ ہوا،پاکستان نے 11کروڑ 44لاکھ ڈالر قرض لیا،9.73ارب ڈالر اصل رقم واپس کی بیرونی کمرشل قرض پر32کروڑ 70لاکھ ڈالرسود سمیت 3ارب ڈالر خرچ ہوئے،آئی ایم ایف کو 2.10ارب ڈالر کی ادائیگی، 58کروڑ ڈالر سود بھی شامل ہے۔
دستاویز کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹ پر18کروڑ 80لاکھ ڈالرسود سمیت 1.56 ارب ڈالرخرچ ہوئے،اے ڈی بی کو 1.54 ارب ڈالرادا کئے گئے،61 کروڑ 50 لاکھ ڈالرسودشامل ہے،عالمی بینک کو 41کروڑ 90 لاکھ ڈالرسود سمیت 1.25 ارب ڈالر ادائیگی ہوئی۔اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب کو 3کروڑ 30 لاکھ ڈالر سود سمیت 81کروڑ ڈالر قرض واپس کیا،سعودی عرب کو سیف ڈیپازٹس کی مد میں بھی 20 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سود کی ادائیگی کی گئی۔پاکستان نے گزشتہ مالی سال یورو بانڈکی مدمیں 50 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کی،چین کو سیف ڈیپازٹس کے 23 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سود سمیت 40 کروڑ ڈالر کی ادائیگی،گزشتہ مالی سال جرمنی کو 10 لاکھ 70 کروڑ اور فرانس کو 24 کروڑ ڈالرادا کیا،اسلامی ترقیاتی بینک کو 27 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا قرضہ واپس کیا گیا۔
