
تحریر: عبدالجبار رانا
حال ہی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 55، 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے فوری اثرات ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر بھی ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں تقریباً 20 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس صورتحال نے پہلے سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
پاکستان میں پہلے ہی مہنگائی ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء، آٹا، چینی، گھی، سبزیاں اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ ایسے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ مہنگائی کی ایک نئی لہر کو جنم دے سکتا ہے، کیونکہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھنے سے تقریباً ہر چیز کی قیمت متاثر ہوتی ہے۔
یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب رمضان المبارک اور عیدالفطر قریب آ رہے ہیں۔ رمضان کے مہینے میں عام طور پر گھریلو اخراجات پہلے ہی بڑھ جاتے ہیں۔ افطار اور سحر کے انتظامات، روزمرہ ضروریات اور پھر عید کی تیاریوں کے باعث متوسط اور غریب طبقہ پہلے ہی مالی دباؤ کا شکار ہوتا ہے۔ اس کے برعکس عوام کی آمدن میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، تنخواہیں وہی ہیں جبکہ اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
غریب اور متوسط طبقہ اس صورتحال میں شدید پریشانی کا شکار ہے۔ دیہاڑی دار مزدور، چھوٹے دکاندار اور محدود آمدنی والے افراد کیلئے اپنے گھریلو اخراجات پورے کرنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اگر ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ برقرار رہا تو اس کے اثرات سبزی، پھل، آٹا اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑیں گے، جس سے مہنگائی مزید بڑھ سکتی ہے۔
اس صورتحال میں حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوئی مؤثر لائحہ عمل اختیار کرے۔ رمضان المبارک کے دوران بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، یوٹیلیٹی اسٹورز اور سستے بازاروں کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں بے جا اضافے کی نگرانی کی جائے۔
اگر حکومت بروقت اقدامات کرے تو عوام کو کچھ حد تک ریلیف مل سکتا ہے اور لوگ سکون کے ساتھ رمضان اور عید کی خوشیاں منا سکتے ہیں۔ کیونکہ عید صرف خوشی کا نام نہیں بلکہ معاشرے کے ہر طبقے کی شرکت سے ہی اس کی حقیقی خوشی مکمل ہوتی ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ایسے فیصلوں کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی مشکلات کو کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔
