
تحریر ؛ میر اسلم رند
گزشتہ روز بلوچستان ہائی کورٹ کے معزز چیف جسٹس کی جانب سے لوکل گورنمنٹ کے افسران پر برہمی کا اظہار یقیناً یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے مگر سوال یہ ہے کہ کیا اس برہمی کا رخ درست سمت میں تھا کیا واقعی وہی افسران ذمہ دار ہیں جنہیں عدالت میں طلب کیا گیا یا اصل کردار کہیں اور چھپے بیٹھے ہیں یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ جن افسران کو عدالت عالیہ میں پیش ہونے کے لیے بلایا گیا ان میں سے اکثر کا نہ تو بلدیہ ہوٹل کے متنازعہ معاہدے سے کوئی تعلق تھا اور نہ ہی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ان دستاویزات سے جن پر دستخط کر کے قومی اثاثوں کو کوڑیوں کے دام الاٹ کیا گیا ہے سوال یہ ہے کہ پھر وہ کون لوگ تھے جنہوں نے یہ معاہدے کیے اور وہ آج کہاں ہیں کوئٹہ کی تاریخ میں شاید پہلی بار ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ شہر واقعی برائے فروخت ہے میٹروپولیٹن کی قیمتی جائیدادیں جو عوام کی امانت ہیں چند بااثر افراد کے حوالے کر دی گئیں ان معاہدوں میں نہ شفافیت تھی نہ میرٹ اور نہ ہی عوامی مفاد کا کوئی خیال رکھا گیا حیرت انگیز طور پر ان سودوں میں نہ صرف قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا بلکہ سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا صفائی کا ٹھیکا مٹن مارکیٹ اور سرکلر پارکنگ جیسے منصوبے اس بدعنوانی کی واضح مثالیں ہیں اگر ان معاہدوں کی فائلیں عدالت کے سامنے لائی جائیں تو کئی چونکا دینے والے انکشافات سامنے آ سکتے ہیں اطلاعات کے مطابق ان ٹھیکوں میں مخصوص با اثر افراد کو نوازا گیا اور سرکاری آمدن کو دانستہ طور پر کم دکھایا گیا یہ بھی ایک کھلا راز ہے کہ اس وقت چور اور چوکیدار ایک ہی صفحے پر تھے جب نگرانی کرنے والے ہی سہولت کار بن جائیں تو پھر احتساب کا دروازہ خود بخود بند ہو جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس وقت کسی نے آواز نہیں اٹھائی اور اگر کسی نے اٹھائی بھی تو اسے نظر انداز کر دیا گیا
مزید افسوسناک پہلو یہ ہے کہ میٹروپولیٹن کے اکاؤنٹس میں ان معاہدوں سے حاصل ہونے والی آمدن کا کوئی خاطر خواہ ریکارڈ موجود نہیں اس کا مطلب صاف ہے کہ یا تو رقم جمع ہی نہیں کروائی گئی یا پھر اسے کہیں اور منتقل کر دیا گیا دونوں صورتیں سنگین بدعنوانی کی نشاندہی کرتی ہیں یہاں ایک اور اہم سوال جنم لیتا ہے کیا یہ سب کچھ محض چند افسران کی کارستانی تھی یا اس کے پیچھے کوئی بڑی طاقت موجود تھی اطلاعات یہ بھی ہیں کہ ہر آنے والے کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے مخصوص ہدایات دی جاتی رہیں کہ کن افراد کو سہولت فراہم کرنی ہے اگر یہ درست ہے تو معاملہ صرف بدعنوانی نہیں بلکہ منظم لوٹ مار کا ہے
جناب چیف جسٹس صاحب اگر واقعی احتساب کرنا ہے تو اس کی شروعات درست جگہ سے ہونی چاہیے ان افسران کو طلب کریں جنہوں نے ان معاہدوں پر دستخط کیے ان افراد کو کٹہرے میں لائیں جنہوں نے قومی اثاثوں کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا اور ان طاقتور حلقوں کو بے نقاب کریں جو پس پردہ اس کھیل کو چلاتے رہے عوام اب خاموش نہیں رہیں گے کوئٹہ کے شہری اپنے حقوق سے آگاہ ہو چکے ہیں اور وہ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے شہر کو کس نے کب اور کس قیمت پر فروخت کیا ہے اگر عدالت عالیہ اس کرپشن کے خلاف نوٹس لیا ہے تو اب وقت آ گیا ہے کہ سچ سامنے آئے اور احتساب صرف کمزوروں کا نہیں بلکہ اصل ذمہ داروں کا بھی ہو اگر انصاف واقعی زندہ ہے تو پھر یہ سوال بھی رہے گا کوئٹہ کب تک فروخت ہوتا رہے گا
