بلوچستان کے حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے 300 ارب خرچ کرنے کے باوجود امن امان قائم نہیں ہو سکا سوالیہ نشان تو بنتا ہے

0

تحریر ؛ میر اسلم رند

ہم سمجھتے تھے کہ بلوچستان لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کے بعد صوبے کے حالات بہتر ہو جائیں گے مگر افسوس کہ اس ترمیم کے بعد امن و امان کی صورتحال مزید پیچیدہ نظر آ رہی ہے حکومتِ بلوچستان کے مطابق صوبے کے 80 فیصد علاقوں میں امن و امان لیویز کے کنٹرول میں تھا جبکہ صرف 20 فیصد علاقوں میں پولیس ذمہ داری تھی اگر اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو جن علاقوں میں پولیس تعینات تھی وہاں اس کی نفری تقریباً 40 ہزار تھی جبکہ 80 فیصد علاقوں میں خدمات انجام دینے والی لیویز فورس کی تعداد 27 سے 28 ہزار کے درمیان تھی اب دونوں فورسز کو ضم کر کے تقریباً 70 ہزار اہلکاروں پر مشتمل ایک بڑی فورس تشکیل دی جا چکی ہے اب پورا بلوچستان پولیس کے کنٹرول میں ہے اس کے ساتھ ساتھ فرنٹیئر کور کو بھی امن و امان کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ایک محتاط اندازے کے مطابق ان 70 ہزار اہلکاروں کی تنخواہوں مراعات پٹرول اور دیگر اخراجات پر سالانہ تقریباً 200 ارب روپے زیادہ خرچ ہو رہے ہیں جبکہ ایف سی بلوچستان کے لیے 95 ارب روپے سالانہ مختص کیے جاتے ہیں وفاقی سطح پر ہونے والے اخراجات اس کے علاوہ ہیں ایک ایسا صوبہ جس کا کل ترقیاتی بجٹ تقریباً 200 ارب روپے ہو اور وہاں امن و امان پر 300 ارب روپے سے زائد خرچ کرنے کے باوجود امن قائم نہ ہو پھر
سوال پیدا تو بنتا ہے کہ اتنے بھاری وسائل خرچ کرنے کے باوجود امن کیوں قائم نہیں ہو پا رہا ہے
حکومت کا مؤقف ہے کہ بیرونی عناصر یا انڈیا پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے دہشت گردی میں ملوث ہیں یہ بات اپنی جگہ درست ہو سکتی ہے مگر ایک اور تلخ حقیقت یہ بھی ہے کہ صوبے کے اندرونی حالات بھی انتہائی تشویشناک ہیں ہر گلی کوچے اور ضلع میں قانون کی عملداری کمزور دکھائی دیتی ہے اگر سوشل میڈیا کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ صوبے میں ہزاروں مسلح افراد کھلے عام دندناتے پھرتے ہیں ایک طرف ایک عام شہری اگر جیب میں چاقو رکھتے ہوئے پکڑا جائے تو اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا ہے مگر دوسری طرف درجنوں مسلح افراد فلاح کمانڈر فلاں کمانڈر قافلوں کی صورت میں جدید اسلحے کے ساتھ پورے صوبے میں گھومتے نظر آتے ہیں اور انہیں کوئی روکنے والا نہیں گزشتہ ایک ماہ کے دوران کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں کئی نوجوان شہید عورتیں بیوہ ہو چکی ہیں مگر افسوس کہ کسی بڑی پیش رفت یا گرفتاری کی خبر سامنے نہیں آئی یہ صورتحال نہ صرف عوام کے اعتماد کو متزلزل کر رہی ہے بلکہ حکومتی کارکردگی پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھا رہی ہے آخر کب تک بلوچستان کے عوام خوف اور بے یقینی کی فضا میں زندگی گزارنے پر مجبور رہیں گے
ضرورت اس امر کی ہے کہ محض فورسز کی تعداد بڑھانے کے بجائے حکمتِ عملی شفافیت اور مؤثر عمل درآمد پر توجہ دی جائے قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور عوام کو تحفظ کا حقیقی احساس دلایا جائے کیونکہ امن صرف وسائل خرچ کرنے سے قائم نہیں ہوتا بلکہ انصاف حکمت اور سنجیدہ قیادت سے ممکن ہوتا ہے مجھے یاد ہے جب سدرن کمانڈر ناصر جنجوعہ نے سدرن کمانڈ بلوچستان کا چارج سنبھالا تو بلوچستان کے حالات کچھ اسی طرح خراب تھے پہلی میٹنگ میں مجھے بھی بلایا گیا تھا میں نے اس میٹنگ میں شہر کی نمائندگی کرتے ہوئے کچھ اسی طرح کے حالات پر روشنی ڈالی تھی اور کلاشنکوف بردار لوگوں کے بارے میں ذکر کیا تھا اسی دوران بلوچستان ایف کی آئی صاحب نے کہا یہ قبائلی دشمن دار ہیں میں نے کہا تھا جناب میں سن آف سائل ہوں مجھ سے زیادہ کون جانتا ہوں گا کہ کس قبیلے کی کس سے دشمنی ہے میں جن کی بات کر رہا کہ ان کے باپ دادا کا نام کسی کو نہیں معلوم انہوں نے کھانے کے دوران ہی احکامات جاری کر کے ایسے تمام لوگوں کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کئے تھے اس کالم کے ذریعے کمانڈر 12 کور سے میری دستہ بستہ گزارش ہے جناب ایسے نام نہاد کمانڈرز یا اسلحہ بردار اشخاص کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کریں تاکہ بلوچستانی عوام اس خوف ہراس کے ماحول سے باہر نکلیں پولیس کے سربراہان سے بھی گزارش ہے ان حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات اٹھائیں ورنہ آپ صاحبان کی لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کی پالیسی ناکام ہو جائیں گی

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.