کوئٹہ میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی حالیہ کارروائی نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر نیت صاف ہو تو بدعنوانی کے مضبوط سے مضبوط نیٹ ورک کو بھی بے نقاب کیا جا سکتا ہے

0

تحریر میر اسلم رند

سول ڈیفنس اور اے جی آفس کے افسران کی گرفتاری نہ صرف ایک کیس کی کامیابی ہے بلکہ یہ پورے نظام میں موجود کرپشن کے خلاف ایک واضح پیغام بھی ہے یہ کوئی معمولی معاملہ نہیں کہ سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے من پسند افراد کو نوکریاں دی جائیں پھر جعلی ریکارڈ کے ذریعے اس دھاندلی کو قانونی شکل دینے کی کوشش کی جائے یہ عمل صرف قانون شکنی نہیں بلکہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے بلوچستان جیسے صوبے میں جہاں تقریباً 47 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اس طرح کی بدعنوانی ناقابلِ برداشت ہے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی اس جرات مندانہ کارروائی کو سراہنا ضروری ہے خاص طور پر ایسے افسران کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے جو دباؤ یا اثر و رسوخ کو خاطر میں لائے بغیر قانون کی عملداری کو یقینی بناتے ہیں ڈی جی اینٹی کرپشن نصیب اللہ کاکڑ جیسے افسران اس بات کی مثال ہیں کہ اگر اداروں میں ایماندار قیادت موجود ہو تو نظام کی اصلاح ممکن ہے تاہم اس جدوجہد کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے عدلیہ کا کردار بھی انتہائی اہم ہے عدالت عالیہ کو چاہیے کہ ایسے مقدمات میں ملوث عناصر کو آسانی سے ضمانت نہ دی جائے تاکہ احتساب کا عمل کمزور نہ پڑے اور کرپشن میں ملوث افراد کے لیے واضح پیغام جائے کہ قانون سے بچنا ممکن نہیں آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف ادارے بلکہ عوام بھی ایسے اقدامات کی بھرپور حمایت کریں کرپشن ایک ناسور بن چکی ہے جو ریاست کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہے اگر ہم نے اب بھی خاموشی اختیار کی تو یہ ناسور مزید پھیلتا جائے گا اینٹی کرپشن کی حالیہ کارروائی ایک آغاز ہے انجام نہیں ضروری ہے کہ اس دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے تمام ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ایسے نظام کی بنیاد رکھی جائے جہاں میرٹ شفافیت اور انصاف کو اولین ترجیح حاصل ہو یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں بلکہ سچ کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے بلوچستان کے حالات کو اس نہج تک پہچانے میں ایسے ہی کرپٹ لوگوں کا ھاتھ ہے میں ہمیشہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہوں کہ اگر بلوچستان میں کرپشن کو ختم اور گورنس کو بہتر کیا جائے تو صوبے کے حالات بہت بہتر ہو سکتے ہیں میں وزیر اعلی بلوچستان کو داد دیتا ہوں کہ انہوں نے اینٹی کرپشن محکمے کو با اختیار بنایا

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.