
تحریر: نور بلوچ پنجگوری
مکران بلوچستان کے اُن قدیم اور تہذیبی خطّوں میں شمار ہوتا ہے جہاں صدیوں سے بہادری، غیرت اور صبر و استقلال کی روایات زندہ ہیں۔ یہاں کے لوگ فطری طور پر باہمت، دلیر اور محنتی ہیں، جو سخت حالات میں بھی ہمت نہیں ہارتے،زندگی کے مختلف نشیب و فراز اور بے شمار مشکلات کے باوجود، مکران کے عوام نے تعلیم کو اپنے مستقبل کی واحد امید سمجھتے ہوئے اس میدان میں قدم رکھا ہے،اگرچہ مکران کے لوگوں کو زندگی میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، مگر ان مشکلات کو کم کرنے کے لیے انہوں نے تعلیم کو ہتھیار بنایا ہے۔ آج مکران کے والدین اپنے بچوں کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں داخلہ دلوا رہے ہیں، تاکہ آنے والا کل روشن اور باوقار ہو،ان بلوچ طلبہ و طالبات میں مکران کی باہمت لڑکیاں بھی نمایاں مقام رکھتی ہیں، جو روایات کی پاسداری کے ساتھ ساتھ اپنے تعلیمی سفر کو ثابت قدمی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ وہ لڑکیاں ہیں جو ایک طرف مشرقی اقدار اور خاندانی ذمہ داریوں کا خیال رکھتی ہیں، تو دوسری طرف جدید تعلیم کے تقاضوں کو بھی پورا کر رہی ہیں،تعلیمی سفر میں لڑکیوں کو مختلف سماجی، معاشی اور گھریلو چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مگر ان مشکلات کو کس حوصلے، صبر اور خاموش جدوجہد سے برداشت کیا جاتا ہے، اس کا اندازہ صرف وہی بلوچ طالبات کر سکتی ہیں۔ یہ ایک ایسا سفر ہے جو بظاہر خاموش مگر اندر سے طوفانوں سے بھرا ہوتا ہے،اکثر یہ تعلیمی سفر ایک پرانے، خستہ حال مکان سے شروع ہوتا ہے، جو ان کی کل متاع اور آباؤ اجداد کی نشانی ہوتا ہے۔ اسی سادہ اور محدود ماحول سے یہ بہادر بیٹیاں ایک روشن مستقبل کا خواب آنکھوں میں بسائے تعلیمی میدان میں قدم رکھتی ہیں۔ غربت، وسائل کی کمی اور حالات کی سختی کے باوجود، وہ اپنے شوق، لگن اور جذبے کے ساتھ تعلیم کا سفر جاری رکھتی ہیں،ایک طرف غربت کی دستک اور گھریلو مسائل ہوتے ہیں، تو دوسری جانب تعلیمی اخراجات ایک باپ کے لیے کڑی آزمائش بن جاتے ہیں۔ ایسے حالات میں ایک باوقار، محنتی اور باہمت باپ اپنی تمام تر مشکلات کے باوجود اپنی اولاد کی تعلیم پر سمجھوتہ نہیں کرتا اور اپنی بیٹیوں کے خوابوں کو زندہ رکھتا ہے،ان حالات میں مکران کی بیٹیاں بھی ہمت نہیں ہارتیں۔ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ گھریلو ذمہ داریاں نبھاتی ہیں، کشیدہ کاری اور دیگر ہنر اپنا کر اپنے تعلیمی اخراجات میں ہاتھ بٹاتی ہیں، اور یوں خودداری کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھتی ہیں،آج اسی مسلسل جدوجہد، قربانی اور حوصلے کا نتیجہ ہے کہ مکران کی لڑکیاں تعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشنوں پر فائز ہیں۔ چاہے وہ اسکول ہو، کالج ہو یا یونیورسٹی جہاں بھی نظر دوڑائیں، وہاں آپ کو مکران کی ایک باہمت، باوقار اور باصلاحیت لڑکی ضرور نظر آئے گی، جو اپنے علاقے، اپنے خاندان اور اپنی قوم کا نام روشن کر رہی ہے،مکران کی لڑکیوں کا تعلیمی سفر محض کتابوں اور نصاب تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک مسلسل جدوجہد، قربانی اور خود اعتمادی کی داستان ہے،یہ وہ سفر ہے جس میں ہر قدم پر سماجی دباؤ، معاشی تنگی اور سہولیات کی کمی جیسے مسائل حائل رہتے ہیں، مگر اس کے باوجود ان باہمت بیٹیوں نے ہار ماننے کے بجائے آگے بڑھنے کا راستہ چنا ہے،اکثر علاقوں میں تعلیمی اداروں کی کمی، سفری مشکلات اور رہائشی سہولیات کا فقدان مکران کی طالبات کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ کئی لڑکیاں روزانہ طویل فاصلے طے کر کے تعلیم حاصل کرتی ہیں، بعض کو ہاسٹل کی عدم دستیابی یا مالی مسائل کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،اس کے باوجود وہ وقت کی پابندی، نظم و ضبط اور غیر معمولی محنت کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھتی ہیں،مکران کی لڑکیاں نہ صرف تعلیمی میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں بلکہ وہ سماج کی سوچ بدلنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں ایک تعلیم یافتہ بیٹی صرف اپنے لیے نہیں بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کے لیے شعور اور روشنی کا ذریعہ بنتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کئی خاندان، جو ماضی میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار تھے، اب اپنی بیٹیوں کو اعتماد کے ساتھ تعلیمی اداروں میں بھیج رہے ہیں،ان طالبات کی کامیابی کے پیچھے ماؤں کی خاموش قربانیاں بھی شامل ہیں، جو محدود وسائل میں گھر کو سنبھالتی ہیں، بیٹیوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور انہیں حالات سے لڑنے کا حوصلہ دیتی ہیں،ایک ماں کی دعائیں اور حوصلہ افزا الفاظ ان بیٹیوں کے لیے سب سے بڑی طاقت ثابت ہوتے ہیں،یہ حقیقت بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ مکران کی لڑکیوں کو آج بھی بعض قدامت پسند رویّوں اور سماجی رکاوٹوں کا سامنا ہے، مگر وہ علم کو اپنا مضبوط سہارا بنا کر ان دیواروں کو آہستہ آہستہ گرا رہی ہیں۔ تعلیم نے انہیں خود اعتمادی، شعور اور فیصلہ سازی کی طاقت دی ہے، جس کے ذریعے وہ اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں سمجھ رہی ہیں،آج مکران کی یہ باہمت لڑکیاں نہ صرف ڈاکٹر، استاد، وکیل اور محقق بننے کے خواب دیکھ رہی ہیں بلکہ وہ اپنے علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں بھی فعال کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ان کی کامیابی دراصل اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر مواقع فراہم کیے جائیں اور حوصلہ افزائی کی جائے تو مکران کی بیٹیاں کسی سے کم نہیں،یہ تعلیمی جدوجہد ایک پیغام بھی ہےکہ مکران کی لڑکیاں خاموش نہیں، کمزور نہیں بلکہ باخبر، باشعور اور اپنے مستقبل کی معمار ہیں۔ ان کی کہانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور پورے معاشرے کے لیے امید کی ایک روشن کرن بھی ہے
