کوئٹہ میں ادبی میلہ اور ادارہ ثقافت بلوچستان کا مقابلہ موسیقی

0

تحریر:شیخ فرید

ہفتہء رفتہ کوئٹہ کا ادبی منظر نے نئے رنگوں کی آمیزش سے کیا خوب سماں باندھے رکھا کہ چاسّو واہ واہ کی آشیر بادیں سنائی دیتی رہیں ۔اور ہم السلام آباد کی پُر کیف فضاؤں سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔
خیر اب جب آپ کوئٹہ کا ادبی منظر پڑھ رہے ہیں تو دبستان بولان کا سہہ روزہ ادبی میلہ شروع ہو چکا ہے اور کل یعٰنی جمۃ المبارک کو ڈاکٹر اکرم خاور کی کتاب “بلوچستان باب الاسلام” کی تقریب رونمائی ہو چکی ہے ۔ آج شفقت عاصمی کی کتاب ” گلابوں والی کاریز” کی رونمائی ہو گی جبکہ دوسرے سیشن میں محفل مشاعرہ ہو گا جس کی صدارت ڈاکٹر عرفان احمد بیگ کرینگے ۔
کل بروز اتوار ادبی میلے کا اختتامی دن ہو گا ۔
بلوچستان میں اردو افسانہ کے عنوان سے مذاکرہ ہو گا جس میں ممتاز افسانہ نگار آغاگل اپنا کلیدی مقالہ پیش کرینگے ۔
گورنمنٹ حسن موسیٰ گرلز کالج میں پھولوں کی نمائش ہوئی جس میں صوبائی وزیرِ تعلیم محترمہ راحیلہ درانی نے شرکت کی اور آرائشِ گل کے مقابلے میں حصہ لینے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیئے ۔ادارہِ ثقافت حکومتِ بلوچستان کے زیرِ اہتمام اور ایمان پاکستان کے اشتراک سے ’’ایمان پاکستان حق میلہ بلوچستان ٹیلنٹ ہنٹ میوزک مقابلہ 2026‘‘ کا انعقاد 19 مئی سے 24 مئی 2026 تک نوری نصیر خان کلچر کمپلیکس، اسپنی روڈ کوئٹہ میں کیا جائے گا۔
اس شاندار ثقافتی اور تخلیقی میلے کا مقصد بلوچستان کے نوجوان ٹیلنٹ کو قومی سطح پر متعارف کروانا، موسیقی اور ثقافت کے فروغ کو یقینی بنانا اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ پروگرام میں میوزک مقابلے کے ساتھ ساتھ فلم اسکریننگ، فوٹوگرافی نمائش، ثقافتی و فوڈ اسٹالز بھی شامل ہوں گے، جبکہ ثقافتی و فوڈ اسٹالز 23 اور 24 مئی کو عوام کے لیے خصوصی توجہ کا مرکز ہوں گے۔
منتظمین کے مطابق بلوچستان بھر سے نوجوان گلوکاروں، موسیقاروں اور فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ ’’مارکۂ حق‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والا یہ میلہ قومی یکجہتی، امن، ثقافتی ہم آہنگی اور مثبت پیغام کو اجاگر کرے گا۔
رجسٹریشن فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 17 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ خواہشمند امیدوار آن لائن رجسٹریشن بھی کروا سکتے ہیں۔
محکمہ ثقافت بلوچستان نے نوجوانوں، طلبہ، فنکاروں اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس منفرد ثقافتی میلے میں بھرپور شرکت کرکے بلوچستان کے مثبت اور روشن تشخص کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
معروف آرٹسٹ عمر فاروق کے بھتجے ، ممتاز شاعر پروفیسر رشید حسرت کے بھانجے اور ڈاکٹر منیر رئیسانی کے کزن نواز ملاخیل رئیسانی کے انتقال پر کوئٹہ کے دبی حلقوں نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی ہے ۔
ادبِ اطفال کے حوالے سے خوش آئند خبر ہے کہ ڈاکٹر رشید آزاد کی مرتب شدہ کتاب “بلوچستان میں بچوں کا ادب” منظرِ عام پر آگئی ہے کتاب شاہین برانزائی پبلیشر نے شائع کی ہے کتاب کی قیمت دو ہزار روپے ہے جبکہ کتاب کی ضخامت دو سو صفحات سے زیادہ ہے ۔یاد رہے اِس سے قبل ڈاکٹر انعام الحق کوثر نے ” بلوچستان میں نونہالوں کا ادب” کے نام سے ایک ضخیم کتاب مرتب کی تھی اور آج تک اِس کتاب کو علمی و ادبی حوالوں کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ۔
بلوچستان رائٹرز گلڈ (برگ) نے ڈاکٹر رشید آزاد کو کتاب کی اشاعت پر مبارک باد پیش کی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.