مینڈیٹ مانگنے والوں کو سزا اور انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ہم یہ الٹی گنگا نہیں بہنے دیں گے، محمود خان اچکزئی۔

0

اسلام آباد(زیبائے پاکستان )تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری آوازوں کو دبانے اور حقیقی مینڈیٹ رکھنے والوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، تاہم اپوزیشن جماعتیں اس صورتحال کے خلاف بھرپور آواز اٹھاتی رہیں گی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جو لوگ اپنا اصل مینڈیٹ واپس مانگتے ہیں، انہیں منتخب نشستوں سے محروم کرکے پچاس پچاس سال قید کی سزائیں سنائی جارہی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جمہوریت، آئین، انصاف اور عدلیہ کی آزادی کی بات کرنے والوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی کارکنوں اور جمہوری قوتوں کے خلاف کارروائیاں تشویشناک ہیں اور اس طرزِ عمل سے سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ہوگا۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں آئین کی بالادستی، عوامی حقِ رائے دہی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات کو برداشت کرنا جمہوری نظام کا حسن ہوتا ہے، مگر موجودہ حالات میں اختلاف رائے رکھنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ “ہم یہ الٹی گنگا بہنے نہیں دیں گے” اور ہر فورم پر عوامی حقوق اور جمہوری اصولوں کے دفاع کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.