اسلام آباد(زیبائے پاکستان) سپریم کورٹ نے ایمان مزاری کیس کی سماعت مؤخر کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اگر کوئی ہنگامی صورتِ حال پیدا ہو تو متعلقہ فریق جلد سماعت کی درخواست دائر کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ یہی مقدمہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی زیرِ سماعت ہے اور اس کی اگلی پیشی 24 جولائی کو مقرر کی جا چکی ہے۔
ایمان مزاری کے وکیل فیصل صدیقی نے مؤقف اپنایا کہ انصاف کی آخری امید سپریم کورٹ ہے، جبکہ گزشتہ سماعت بھی پراسیکیوشن کی درخواست پر ملتوی ہوئی تھی۔ انہوں نے استدعا کی کہ پہلے قابلِ سماعت ہونے کے قانونی نکتے پر دلائل سن لیے جائیں یا پھر مقدمہ دو ہفتوں کے لیے مؤخر کر دیا جائے۔
اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ، ہائیکورٹ کی کارروائی کو کنٹرول یا ریگولیٹ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس انداز میں مقدمہ ملتوی کرنا دراصل ہائیکورٹ کی کارروائی پر نگرانی کے مترادف تصور ہوگا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواست گزار چاہتے ہیں کہ ہائیکورٹ کی کارروائی سپریم کورٹ کی نگرانی میں آگے بڑھے، جس پر وکیل فیصل صدیقی نے جواب دیا کہ ایسی صورت میں پھر مقدمہ ہائیکورٹ میں ہی چلنے دیا جائے۔بعد ازاں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت مؤخر کر دی۔
