سندھ حکومت کا مفت سولر سسٹم پروگرام، 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو سولر کٹس ملیں گی

0

کراچی (زیبائے پاکستان)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت کم آمدنی والے اور دور دراز علاقوں کے مزید 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کرے گی تاکہ انہیں سستی اور قابلِ اعتماد بجلی میسر آسکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر 18 ارب 20 کروڑ روپے لاگت کے سولر سسٹم منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، جسے عوامی ریلیف کی جانب ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت آف گرڈ علاقوں کے ایک لاکھ 32 ہزار جبکہ آن گرڈ علاقوں کے ایک لاکھ 43 ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔

سینئر وزیر کے مطابق مستحق خاندانوں کو 180 واٹ کا سولر پینل، بیٹری، پنکھا اور ایل ای ڈی لائٹس فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ بجلی کی بنیادی ضروریات آسانی سے پوری کرسکیں۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ اب تک 15 ہزار سے زائد سولر کٹس تقسیم کی جا چکی ہیں، جبکہ جون 2027 تک تمام 2 لاکھ 75 ہزار مستحق خاندانوں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ صرف بجلی کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ غریب اور مستحق افراد کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.