اسلام آباد(زیبائے پاکستان)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ملازمت کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے نئی شرط عائد کر دی گئی ہے۔ اب ورک ویزا حاصل کرنے کیلئے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ (پی سی سی) لازمی دستاویز قرار دے دیا گیا ہے جبکہ نئی پالیسی پر 20 جولائی 2026 سے عمل درآمد بھی شروع ہو چکا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای او ای) نے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں روزگار کے لیے جانے والے ہر پاکستانی شہری کو ورک ویزا کی درخواست سے قبل پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔
نئی پالیسی کے تحت درخواست گزار کو سب سے پہلے متعلقہ حکام سے گڈ کنڈکٹ یا پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔اسکے بعد ویزا درخواست جمع کروانے سے پہلے اس سرٹیفکیٹ کی پاکستان میں موجود متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے تصدیق (اٹیسٹیشن) بھی کرانا ضروری ہوگی۔
حکام نے بیرونِ ملک ملازمت کے خواہش مند افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویزا فارم جمع کروانے سے پہلے یہ دستاویز مکمل کر لیں تاکہ درخواست کی جانچ پڑتال کے دوران تاخیر، مسترد ہونے یا دیگر پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق یہ اقدام غیر ملکی کارکنوں کے پس منظر کی جانچ کے نظام کو مزید موثر بنانے اور ورک ویزوں کے اجرا کے دوران سیکیورٹی اسکریننگ کو مضبوط کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے۔ اسی نوعیت کے اقدامات دنیا کے کئی دیگر ممالک بھی روزگار کے ویزوں کے لیے اپنا رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کیلئے بیرونِ ملک روزگار کے سب سے بڑے مراکز میں شمار ہوتا ہے جہاں اس وقت تقریباً 17 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں۔
ہر سال ہزاروں پاکستانی تعمیرات، ہوٹلنگ، صحت، ریٹیل، ٹرانسپورٹ اور دیگر مختلف شعبوں میں ملازمت کے حصول کے لیے متحدہ عرب امارات کا رخ کرتے ہیں۔
