وزیراعظم کی فیلڈ مارشل کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی ، خانہ کعبہ کا دروازہ کھول دیا گیا

0

مکہ مکرمہ(زیبائے پاکستان) وزیر اعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کے لیے پہنچے تو بیت اللہ خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھول دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد نے سعودی عرب کے دورے کے دوران عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔

پاکستان کے اس اعلیٰ سطحی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء خواجہ آصف، عطا تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔

عمرے کی ادائیگی کے دوران پاکستانی وفد کے لیے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، جہاں وفد کو کعبہ شریف کے اندرونی حصے کی زیارت کا شرف بھی حاصل ہوا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قیادت نے ملک و قوم کی سلامتی و ترقی، علاقائی امن اور امتِ مسلمہ کی سربلندی و یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر موجود ہیں۔

دورے کے دوران وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان اہم ملاقات بھی طے ہے، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات، باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.