قلات: پرنس آغا محی الدین مارکیٹ میں چوری کی واردات، لاکھوں روپے کا سامان چوری

0

قلات(زیبائے پاکستان) پرنس آغا محی الدین مارکیٹ میں چوری کی واردات، لاکھوں روپے کا سامان چوری
قلات کے پرنس آغا محی الدین مارکیٹ میں گزشتہ شب چوری کی واردات کے دوران نامعلوم چور ہوٹل اور ملا فضل نسوار اینڈ جنرل اسٹور کے گودام کے تالے توڑ کر ہزاروں روپے مالیت کا سامان لے گئے۔
متاثرہ ہوٹل مالک کے مطابق چور ہوٹل سے فرج میں موجود تمام بوتلیں، گیس سلنڈر، کولر اور دیگر قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہوگئے، جس کی مالیت تقریباً 60 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
اسی طرح ملا فضل نسوار اینڈ جنرل اسٹور کے گودام سے بھی تقریباً 40 ہزار روپے مالیت کا سامان چوری کیا گیا۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ پرنس آغا محی الدین مارکیٹ میں چوری کی یہ پہلی واردات نہیں بلکہ اس سے قبل بھی تقریباً چار مرتبہ دکانوں کے تالے توڑ کر چوری کی وارداتیں ہو چکی ہیں، تاہم اب تک کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
علاقہ مکینوں اور تاجروں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رات کے اوقات میں کرفیو نافذ ہونے کے باوجود چور آسانی سے وارداتیں کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ قلات پولیس چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور ملزمان کی گرفتاری میں ناکام نظر آ رہی ہے۔
تاجروں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹ میں سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں، گزشتہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور شہریوں و دکانداروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ قلات شہر میں اس سے قبل بھی موبائل فون کی دکان پر دن دہاڑے چوری سمیت مختلف وارداتیں رپورٹ ہو چکی ہیں، جس پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.