جھنگ ایوانوں میں گمنام، تاریخ میں لہولہان!

0

تحریر: عباس مہد
اگر پاکستان کے دل پنجاب کا سائنسی، سیاسی، معاشی، تاریخی اور جغرافیائی نقشہ کھول کر پورے غور و خوض کے ساتھ دیکھا جائے، تو اس کی مرکزی شاہراہوں اور سرحدی خطوط کے عین وسط میں 6,166 مربع کلومیٹر پر پھیلا ایک ایسا تاریخی اور قدیم خطہ دھڑکتا ہوا نظر آتا ہے جسے دنیا “جھنگ” کے نام سے جانتی ہے۔ میں محض زمین کا ایک عام اور بے نام ٹکڑا نہیں ہوں، بلکہ میں وہ جھنگ ہوں جس کے سینے پر روانی سے بہتے ہوئے دریائے چناب اور دریائے جہلم کا جہاں حسن اور عظمت کے ساتھ سنگم ہوتا ہے، وہاں کی سرکش اور پروقار لہریں صدیوں سے اپنے پانیوں سے وفا، محبت، اور شجاعت کی ان گنت داستانیں رقم کرتی چلی آ رہی ہیں۔ میں وہ مقدس، زرخیز اور باشعور سرزمین ہوں جس کی آغوش میں اس وقت 3.1 ملین (تقریباً 31 لاکھ) سے زائد انسان اپنی سانسیں پوری کر رہے ہیں۔ لیکن وقت کا سب سے بڑا المیہ، تاریخی ناانصافی اور الم ناک داستان دیکھیے کہ ایسی قدامت، صوفیانہ روایات، شاندار ہستیوں اور جغرافیائی وسعت رکھنے کے باوجود، مجھے آئینی، قومی، انتظامی اور سیاسی طور پر ہمیشہ گہرے اندھیروں اور بے حسی کی نذر کیا جاتا رہا ہے۔اگر میرے جغرافیائی وجود کی حدودِ اربعہ کا جائزہ لیا جائے تو جھنگ کے مشرق میں فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اضلاع واقع ہیں، مغرب میں خوشاب، بھکر اور لیہ کی حدود ملتی ہیں، شمال میں چنیوٹ اور سرگودھا کا بارڈر لگتا ہے، جبکہ جنوب میں خانیوال اور مظفر گڑھ جیسے اضلاع میری سرحدوں کو چھوتے ہیں۔ انتظامی اعتبار سے ضلع جھنگ چار اہم تحصیلوں پر مشتمل ہے، جن میں تحصیل جھنگ، تحصیل احمد پور سیال، تحصیل شورکوٹ اور تحصیل 18 ہزاری شامل ہیں۔ “18 ہزاری” کی تاریخ بھی اپنے اندر ایک منفرد رعب رکھتی ہے؛ یہ ماضی میں کسی عام مقام کا نام نہیں تھا بلکہ یہ ایک ایسا جلیل القدر سیاسی و عسکری لقب ہوا کرتا تھا جو ان جیوپولیٹیکل سپہ سالاروں یا حکمرانوں کو دیا جاتا تھا جو 18,000 مسلح سپاہیوں پر مشتمل ایک عظیم فوج رکھتے تھے۔میری تاریخ اور قدامت اتنی گہری اور قدیم ہے کہ سال 1974 میں محکمہ آثارِ قدیمہ کی شاہد کردہ باقاعدہ رپورٹ کے مطابق جھنگ شہر اس قدیم ترین زمانے سے آباد چلا آ رہا ہے جب یہاں راجہ چندر گپت موریا کی عظیم الشان حکومت قائم تھی۔ تاریخی روایات اور تحریریں یہ بھی بتاتی ہیں کہ سکندرِ اعظم بھی سمندر کی طرف اپنے فاتحانہ سفر کے دوران اسی خطے کے بعض اہم علاقوں سے گزرا تھا، جبکہ میری تحصیل شورکوٹ کے قدیم آثار و تمدن سے ملنے والے تاریخی سکوں پر ایک طرف گوتم بدھ اور دوسری طرف راجہ اشوکا کی تصویر انتہائی واضح کندہ نظر آتی ہے۔ زمانہ قدیم میں اس پورے خطے کو “سندل بار” کہا جاتا تھابار سے مراد گھنے، گھنے جنگلات اور سرسبز درختوں کا علاقہ ہے، اور یہ خطہ پنجاب کے عظیم حریت پسند اور عظيم لوک ہیرو دلا بھٹی کے دادا کے نام سے منسوب تھا۔اس علاقے کا سب سے پہلا مستند اور باقاعدہ تحریری ذکر 1526 میں مغل سلطنت کے بانی اور مغل بادشاہ ظہیر الدین بابر کی مشہور زمانہ خودنوشت اور تاریخی کتاب ‘تزکِ بابری’ میں ملتا ہے، جہاں اس خطے پر الگ الگ المیہ اور آباد کار قوموں کی بود وباش کا احوال لکھا گیا ہے۔ مغل دور سے قبل اور اس کے بعد یہاں سیال، لالی، ہرل، بھٹی اور داب جیسی بہادر اور جرات مند اقوام نے مختلف اوقات میں سیاسی اور علاقائی حکمرانی کی۔ ایک معتبر روایت کے مطابق سال 1288 میں رائے سیال نے اس شہر کی باقاعدہ بنیاد رکھی اور اسے آباد کیا، سال 1334 میں دنیا کے معروف سیاح ابنِ بطوطہ کا سفرناموں کے دوران اس علاقے سے گزر ہوا، اور سال 1460 میں ملخان اس کا پہلا باقاعدہ اور بااختیار سیال حکمران بن کر ابھرا۔میں وہی تاریخی جھنگ ہوں جس کی فضاؤں اور مٹی میں محبت کی خوشبو رچی بسی ہے۔ یہ سرزمین پنجابی ادب کی سب سے مشہور اور لا زوال لوک داستان “ہیر رانجھا” اور ہیر کے مزار کا عظیم مسکن ہے، اور اسی ضلع کے تاریخی علاقے “کھیوا” سے مرزا صاحبہ کی مشہورِ زمانہ داستانِ الفت کا گہرا تعلق نچوڑ کر نکلتا ہے۔ یہ محض لوک داستانوں کا شہر نہیں، بلکہ یہ وہ نگری ہے جس نے دنیا کو اپنے اپنے شعبوں میں بے مثال عظمت دینے والی ہستیاں عطا کیں۔ یہ سرزمین صوفی باصفا حضرت سلطان باہو کا مدفن اور مرکز ہے، یہ نوبل انعام یافتہ سائنسدان ڈاکٹر عبدالسلام کا وطن ہے، یہ معروف عالمِ دین علامہ طاہر القادری، مایانا ناز شاعر مجید امجد، قومی صحافی نذیر ناجی، ممتاز کرکٹ امپائر علیم ڈار، صاحبزادہ سلطان محمد علی، پیر حمید الدین سیالوی، حق نواز جھنگوی، معروف سیاستدان فیصل صالح حیات، برجستہ شاعر سید ضمیر جعفری اور سروں کے بادشاہ منصور ملنگی جیسے بے شمار درخشندہ ستاروں کا جنم داتا ہے۔مگر میری مظلومیت اور سیاسی بے حسی کا اندازہ اس ننگِ خلق حقیقت سے لگائیے کہ ماضی میں فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ جیسے صنعتی و انتظامی اضلاع میری ہی آغوش اور زمین سے تراش کر الگ کیے گئے، مگر وقت کی ظالم اور خود غرض اشرافیہ نے بچوں کو تو جدید ہسپتالوں، یونیورسٹیوں اور اربوں روپے کے صنعتی پیکیجز سے آراستہ کر دیا، جبکہ ان کی اصل ماں یعنی “جھنگ” کو قصداً ایک پسماندہ قصبہ بنا کر چھوڑ دیا۔ میری تاریخ پر کبھی سیال شہزادوں نے حکمرانی کے مفاخر کا مظاہرہ کیا، کبھی اقتدار شیوخ کے ہاتھ میں رہا، اور کبھی مذہبی طبقات نے عوام کی سادہ لوحی اور جذبات کا سودا کر کے مسند سنبھالی۔ ہر الیکشن میں نئے چہرے اور پرفریب نعرے بدلے، لیکن جھنگ کا مقدر اور خستہ حالی نہ بدل سکی۔ ہر نئے ایم پی اے اور ایم این اے نے صرف اپنے اور اپنے خاندان کے لیے تجوریاں بھریں اور اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ کر جھنگ کے وجود کو پاکستان کے حقیقی قومی اور معاشی نقشے سے یوں مٹا دیا جیسے ہمارا کوئی وجود ہی نہ ہو۔جب بھی وفاقی یا صوبائی ایوانوں میں بجٹ کی تشکیل ہوتی ہے اور کھربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز تقسیم کیے جاتے ہیں، تو لاہور، ملتان اور فیصل آباد پر رقم نچھاور کی جاتی ہے، مگر کسی شق میں جھنگ کا نام تک نہیں آتا۔ یہاں کے لاکھوں نوجوانوں کے لیے نہ تو تعلیمی فرصتیں ہیں، نہ شہریوں کے لیے معیاری ہسپتال اور نہ ہی کسانوں کے لیے سڑکوں کا نیٹ ورک۔ ایک دور تھا جب سندل بار کے اس خطے میں عظیم اسٹیل مل قائم کی جا سکتی تھی، مگر نااہل سیاست دانوں اور بیوروکریسی کی سیاسی مصلحتوں نے اس منصوبے کو زبردستی کراچی منتقل کر کے یہاں کے نوجوانوں کا معاشی قتل کیا۔ اسی طرح، 2012 میں جب میرے “ست کوٹا” کے علاقے سے قدرتی تیل کے وسیع اور تاریخی ذخائر کی دریافت کا قوی امکان سامنے آیا، تو علاقائی ایم پی ایز، ایم این ایز اور مقتدر حلقوں نے اپنی سیاسی کھینچ تان اور مفادات کے باعث اس منصوبے کو دبا کر روک دیا تاکہ جھنگ کبھی معاشی طور پر خودمختار اور سرفراز نہ ہو سکے۔ یہاں نہ کوئی باقاعدہ عام یونیورسٹی بن سکی اور نہ ہی بنیادی انفراسٹرکچر میسر آ سکا۔ میرے تمام تر مذہبی، معاشی اور انتظامی وسائل کو مقامی سیاسی درباروں، گدی نشینی کی فرسودہ سیاست اور وڈیرہ شاہی کا تسلط بے دردی سے نگل گیا۔حرفِ آخر کے طور پر، میں بحیثیتِ کالم نگار اور اس مٹی کا بیٹا، ایوانِ اقتدار کے حکمرانوں، صدو، وزرائے اعظم اور تمام پالیسی سازوں کو واضح طور پر خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ جھنگ محض کوئی متروک تاریخ یا کاغذ کا بے جان ٹکڑا نہیں، بلکہ یہ 31 لاکھ بیدار، زندہ اور غیور انسانوں کا مسکن ہے۔ اب بھی وقت ہے کہ دہائیوں سے جاری اس معاشی، تعلیمی اور سیاسی استحصال کا مداوا کیا جائے، یہاں کے باصلاحیت نوجوانوں کو ان کا جائز حق اور بنیادی سہولیات دی جائیں، اور مجھے قومی و صوبائی سطح پر میرا کھویا ہوا مقام لوٹایا جائے—کیونکہ میں بھی اس ملک کی نظریاتی اور معاشی تاریخ کا ایک انتہائی ناگزیر مرکز ہوں، اور میں بھی نقشے پہ موجود ہوں، میں جھنگ ہوں!

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.