مانسہرہ پریس کلب کی یومِ آزادی کی شاندار تقریب، شاہنواز خان کے اعزاز میں پگڑی، شیلڈ اور خصوصی عشائیہ

0

مانسہرہ (زیبائے پاکستان )مانسہرہ پریس کلب کی یومِ آزادی کی شاندار تقریب، شاہنواز خان کے اعزاز میں پگڑی، شیلڈ اور خصوصی عشائیہ
چیئرمین شاہنواز خان کے آبائی گاؤں میں پرتکلف استقبالیہ، مانسہرہ پریس کلب میں پروقار تقریب، قومی یکجہتی، صحافتی اقدار اور حب الوطنی کے جذبے کو بھرپور خراجِ تحسین
مانسہرہ: مانسہرہ پریس کلب کے صدر شہزاد جہانگیری اور ان کی پوری ٹیم کی جانب سے 14 اگست، یومِ آزادیِ پاکستان کے موقع پر ایک نہایت پروقار، شاندار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات، انجمنِ تاجران ہزارہ کے صدر شکیل اعوان، انجمنِ تاجران مانسہرہ کے صدر وسیم، سینئر صحافیوں، طلبہ، سول سوسائٹی اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مرکزی تقریب سے قبل اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے چیئرمین اور روزنامہ رئیس الاخبار کے ایڈیٹر اِن چیف شاہنواز خان اور ایڈیٹر و پبلیشر رئیس الاخبار شہباز خان نے اپنے آبائی گاؤں میں معزز مہمانوں کے اعزاز میں خصوصی عشائیے (ظہرانے) کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر ان کے والد محترم محمد نواز خان، محمد فاروق تنولی، ملک فدا تنولی، باسط تنولی، ارشد تنولی، شرجیل نواز خان اور حمزہ تنولی نے تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اعشائیے میں اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران، روزنامہ رئیس الاخبار کی ٹیم، صحافی برادری اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے مقامی عوام کی محبت، خلوص، روایتی مہمان نوازی اور پرتکلف ضیافت کو بے حد سراہتے ہوئے اسے یادگار قرار دیا۔
بعد ازاں مانسہرہ پریس کلب میں منعقدہ مرکزی تقریب میں شاہنواز خان کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا۔ اس موقع پر روزنامہ رئیس الاخبار کے ایڈیٹر و پبلشر شہباز خان اور ان کی پوری ٹیم نے بھرپور شرکت کی، جبکہ اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر فیاض تنولی، جنرل سیکرٹری سردار سجاد طارق، سینئر نائب صدر ملک ظفر اعوان، نائب صدر ملک نثار اکبر، ڈپٹی جنرل سیکرٹری راشد عباسی، آفس سیکرٹری فاروق خان، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری محمد سلیم، ممبر گورننگ باڈی چوہدری عمر فاروق، سید فیضان، محمد اسامہ، بلال اور دیگر عہدیداران نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں یومِ آزادی کے حوالے سے کیک کاٹا گیا، ملی نغمے پیش کیے گئے، میوزیکل پروگرام منعقد ہوا جبکہ مقامی فنکاروں نے روایتی ثقافتی رقص پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے ملی نغموں، ٹیبلو، تقاریر اور دیگر شاندار پرفارمنس کے ذریعے تقریب کو مزید پررونق اور یادگار بنا دیا۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات، ضلعی انتظامیہ، پولیس، انجمنِ تاجران، سینئر صحافیوں، پریس کلب کے عہدیداران اور دیگر نمایاں شخصیات میں اعزازی شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔


تقریب کے دوران مانسہرہ پریس کلب کے صدر شہزاد جنگیری، فنانس سیکرٹری محمد عارف اور ان کی پوری ٹیم نے شاہنواز خان کو خصوصی عزت و احترام کے ساتھ روایتی پگڑی پہنائی اور انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی۔ بعد ازاں انجمنِ تاجران مانسہرہ کی جانب سے بھی انہیں روایتی انداز میں پگڑی پہنائی گئی، جو مانسہرہ کی روایتی مہمان نوازی، محبت اور صحافی برادری سے والہانہ وابستگی کا خوبصورت اظہار تھا۔
چیئرمین اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس شاہنواز خان
نےاپنے خطاب میں شاہنواز خان نے مانسہرہ پریس کلب کے صدر شہزاد جنگیری، فنانس سیکرٹری محمد عارف، پریس کلب کی پوری ٹیم، انجمنِ تاجران، ضلعی انتظامیہ، پولیس، صحافی برادری، طلبہ اور تمام منتظمین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے شاندار تقریب کے انعقاد پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ “آج ہم جس آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، یہ ہمارے بزرگوں، شہداء اور آزادی کے متوالوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ ہمیں آزادی کی حقیقی قدر کرنی چاہیے اور اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اپنے وطن پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔”
انہوں نے کہا کہ “چاہے کوئی تاجر ہو، بیوروکریسی کا نمائندہ، صحافی، ادیب، لکھاری، استاد، انتظامی افسر، سیاسی یا سماجی کارکن، ہر شخص پر یہ قومی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایمانداری، دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ وطن اور عوام کی خدمت کرے اور لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔ یہی یومِ آزادی کا اصل پیغام ہے۔”
شاہنواز خان نے صحافی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “صحافت ایک مقدس امانت ہے۔ قلم کی طاقت ہر ہتھیار اور ہر گولہ بارود سے زیادہ مضبوط ہوتی ہے۔ صحافیوں کو ہر حال میں حق اور سچ کا ساتھ دینا چاہیے، خواہ انہیں کتنی ہی آزمائشوں اور مشکلات کا سامنا کیوں نہ کرنا پڑے۔ دیانت دار اور ذمہ دار صحافت ہی مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “ہمیں اپنے وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانا ہے۔ ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر نفرتوں کے بجائے محبت، اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا تاکہ اس گلشنِ پاکستان کو ہر قسم کی خزاں سے محفوظ رکھا جا سکے۔”
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو صرف اپنے شہر، ضلع یا صوبے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ملک بھر کے صحافیوں کے درمیان مضبوط روابط قائم ہونے چاہئیں تاکہ صحافی برادری
کو درپیش مسائل کے حل اور ملک میں ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جا سکے۔
آخر میں شاہنواز خان نے کہا کہ “اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ملک بھر کے صحافیوں کی فلاح و بہبود، حقوق کے تحفظ اور صحافتی آزادی کے لیے پرعزم ہے۔ مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، لاہور، کراچی، ملتان، فیصل آباد یا پاکستان کے کسی بھی شہر میں اگر صحافی برادری کو ہماری ضرورت پڑی تو اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ہر اول دستے کے طور پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔”
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے مانسہرہ پریس کلب کی بہترین میزبانی، شاندار انتظامات اور قومی دن کو بھرپور انداز میں منانے پر منتظمین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آزادیِ پاکستان کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے قومی ترقی، صحافتی آزادی، اتحاد، بھائی چارے اور عوامی خدمت کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.