شکارپور(زیبائے پاکستان )پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور چیٸرمین میونسپل کمیٹی شکارپور فیاض محمود شيخ ماہِ ربیع الاول کے موقع پر اپنے جاری کردہ میڈیا بیان میں کہا ہے کہ ماہِ ربیع الاول تاریخِ انسانیت کا سب سے خوبصورت مہینہ ہے۔ یہی وہ مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو دنیا میں بھیجا۔ اور ربیع الاول صرف ایک مہینہ نہیں بلکہ ایمان کی تازگی اور محبتِ رسول ﷺ کا پیغام ہے۔ اس ماہ کی آمد پر دلوں میں روشنی اور گھروں میں برکت محسوس ہوتی ہے۔ اور نبی اکرم ﷺ کی سیرت ہی اصل رہنمائی ہے۔ ان کی حیاتِ مبارکہ میں عدل، شفقت، محبت، صبر اور ایثار کے ایسے سبق ہیں جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے چراغِ راہ رہیں گے۔ ربیع الاول کا اصل مقصد صرف جشن منانا نہیں بلکہ سیرتِ رسول ﷺ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے قرآن کی عملی تفسیر بن کر دکھایا۔ ہمیں چاہیے کہ ان کے اخلاق، ان کے کردار اور ان کے رحمت بھرے رویوں کو اپنی زندگی میں اپنائیں اور یہ مہینہ ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے امت کے لیے اتحاد، امن اور انصاف کا پیغام دیا۔ آج ہمیں سب سے زیادہ ضرورت اسی پیغام پر عمل کرنے کی ہے۔ ربیع الاول، ایمان کا موسمِ بہار ہے۔ آئیے ہم اس ماہ کو محض رسم و رواج تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے حقیقی معنوں میں اپنی زندگیوں میں نبی ﷺ کی سیرت کو زندہ کرنے کا مہینہ بنائیں۔
