پیراہنِ یوسف اور من پسند لمس!

0

تحریر: عباس مہد
انسانی وجود، اس کی پرپیچ نفسیات، اور روح کے تاریک نہاں خانوں میں چھپے جذبات کا تلاطم اس کائنات کا سب سے زیادہ سحر انگیز اور گہرا راز ہیں۔ ہم بظاہر عصرِ حاضر کے مادیت پسندانہ دور میں عقلِ سلیم، سائنسی انکشافات اور جدید طبی علوم کے کلیوں پر زندگی گزارتے نظر آتے ہیں۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ انسانی زندگی کے سفر میں چند ایسے نازک اور پُرپیچ موڑ بھی آتے ہیں جہاں عقل کے تمام ترازو ٹوٹ جاتے ہیں، طب و جراحی کی تمام جدتیں عاجز آ جاتی ہیں، اور فارماسیوٹیکل دنیا کی تمام تر تریاق بے اثر ثابت ہوتے ہیں۔ وہاں صرف اور صرف ایک ہی ماورائی قوت، ایک ہی سحر انگیز لمس اور ایک ہی وجود کی آمد معجزہ برپا کرتی ہے اور وہ ہے انسان کے “من پسند شخص” کی معنوی موجودگی اور اس کے ہاتھوں کی نرم حرارت! کیا ہم نے کبھی فکر و بصیرت کے صحرا میں ٹھہر کر اس حقیقت پر تدبر کیا ہے کہ حضرت یعقوب علیہ السلام کی دہائیوں سے تاریک اور سفید ہو چکی آنکھوں میں آخر ایسا کون سا سحرِ مطلق پنہاں تھا کہ جیسے ہی مصر کے شاہی محل سے آنے والے پیراہنِ یوسف کو ان کے رخساروں اور آنکھوں سے مس کیا گیا، تو ان کی بینائی کا بجھا ہوا چراغ فوراً دوبارہ روشن ہو گیا؟ اگر ہم قرآنی حکایات اور انسانی روح کے باطنی رشتوں کا عمیق مطالعہ کریں، تو یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہوتی ہے کہ وہ کنعان کی طرف آنے والا کپڑے کا کوئی عام پارچہ نہیں تھا، بلکہ وہ اس من پسند، عزیز اور محبوب ترین وجود کا لمس، اس کی سانسوں کا لمس اور اس کی خوشبو تھی جس کی فرقت میں ایک باپ کی روح دہائیوں سے نالہ کناں تھی۔ قرآنِ حکیم کی یہ لازوال داستان محض تاریخ کا ایک دھندلا واقعہ یا محض کوئی عارضی معجزہ نہیں ہے، بلکہ یہ انسانی روح کی اس شدید ترین باطنی اور وجودی ضرورت کی ازلی عکاسی ہے جو وہ اپنے محبوب اور من پسند شخص کے ساتھ قائم کرتی ہے۔ حضرت یعقوب علیہ السلام کی بصارت کسی جسمانی موتیے، جینیاتی نقص یا بائیولوجیکل بیماری کی مرہونِ منت ختم نہیں ہوئی تھی، بلکہ وہ اپنے من پسند بیٹے، اپنے لختِ جگر یوسفؑ کی مفارقت، ہجر کے بھیانک صحرا اور مسلسل بہتے ہوئے خونِ جگر کے باعث رخصت ہوئی تھی۔ جب روح ہجر کے صحرا میں شدید تشنہ کامی اور صدمے سے نڈھال ہو جائے، تو جسمانی اعصاب کا پورا نظام بھی پاش پاش ہو جاتا ہے۔ مگر دیکھیے کہ جیسے ہی مصر کے کاروانِ محبت کے ساتھ یوسفؑ کا پیراہن کنعان کی حدود میں داخل ہوا، تو یعقوبؑ نے میلوں دور سے اپنے غمگساروں کو مخاطب کر کے کہا تھا کہ “اگر تم مجھے مجنون نہ گردانو، تو مجھے یوسف کی خوشبو آ رہی ہے!” اور پھر جیسے ہی وہ پیراہن ان کے نابینا چہرے پر رکھا گیا، ان کی دید کا نور پلک جھپکتے میں لوٹ آیا۔ یہ پیراہنِ یوسف دراصل ہر اس من پسند وجود کے سحر کا لافانی استعارہ ہے جو مردہ، مایوس اور ہجر زدہ روحوں میں ایک بار پھر زندگی کی نئی تڑپ اور سانسوں کی روانی بیدار کر دیتا ہے۔ اگر اس باطنی سچائی کا مشاہدہ ہم اپنی عام اور روزمرہ انسانی زندگی کے ہنگاموں میں کریں، تو یہ معجزہ ہماری آنکھوں کے سامنے روز وقوع پذیر ہوتا ہے۔ انسانی جسم جب بیماریوں کے حملوں، مسلسل کرب اور معذوری کی آخری دردناک حدود کو چھو رہا ہوتا ہے، جب ہسپتالوں کے مانیٹر، آئی سی یو کی مشینیں اور ماہر ترین معالجین اپنی عجز کا اعلان کر کے ہاتھ کھڑے کر دیتے ہیں، اور انسان مرگِ مفاجات یا نزع کی عالمِ سکرات میں بسترِ مرگ پر پڑا آخری سانسیں شمار کر رہا ہوتا ہے تب بھی ایک غیر معمولی باطنی معجزہ جنم لیتا ہے۔ ذرا اس لمحے کے تصرف کا تصور کیجیے! ایک ایسا وجود جس کی نبض کی حرکت مدہم پڑتے پڑھتے ڈوبنے کے قریب ہو، جس کے تنفس کی ڈوری ٹوٹ رہی ہو، اور جس کی پتھریلی آنکھوں سے زندگی کی آخری رمق بھی رخصت ہو چکی ہو؛ اگر ایسے ہی نازک اور آخری لمحے میں اس کا من پسند شخص، اس کا وہ محبوب وجود جس سے اس کے باطن کا دھاگا بندھا ہو، دبے قدموں سے کمرے میں داخل ہو کر اس کے سرہانے بیٹھ جائے، اس کا کانپتا اور ٹھنڈا پڑتا ہوا ہاتھ اپنے گرم ہاتھوں میں تھام لے، اور اس کے کان میں محبت کا ایک مدہم سا جملہ ادا کر دے—تو اچانک بائیولوجی کا پورا نظام ایک ڈرامائی موڑ لیتا ہے! ڈوبتی ہوئی نبض ایک بار پھر زندگی کی دھڑکنوں کو ترتیب دینے لگتی ہے، بجھتی ہوئی آنکھوں کی پتلیوں میں ایک بار پھر زندگی کی کرن چمکنے لگتی ہے، اور شل ہوتے ہوئے اعصاب میں ایک بار پھر خون کی گردش دوڑنے لگتی ہے۔ یہاں یہ سوال فکرِ انسانی کو حیرت کے بے کنار سمندر میں غوطہ زن کر دیتا ہے کہ آخر ایک من پسند شخص کے وجود، اس کے لمس اور اس کی آواز میں ایسا کون سا اکسیر، کون سا روحی تعویذ یا ایسی کون سی ماورائی طاقت پنہاں ہوتی ہے؟ اس کا جواب انسانی جسم کے کیمیائی ڈھانچے یا ہارمونز کے سادہ تجزیے سے کہیں زیادہ انسانی روح کی تشنہ کامی میں پوشیدہ ہے۔ انسان جب کسی سے لازوال اور بے پناہ محبت کرتا ہے، تو اس کا وجود اس شخص کی ذات کے ساتھ ایک ایسا باطنی، روحی اور جیو فزیکل تعلق (Spiritual Alignment) قائم کر لیتا ہے جو ظاہری فاصلوں اور مادی قوانین سے یکسر بالاتر ہوتا ہے۔ من پسند شخص کا ہونا اس کرۂ ارض پر انسان کا سب سے بڑا نفسیاتی اور روحی سہارا ہوتا ہے۔ اس کا لہجہ، اس کی قربت، اس کا لمس اور اس کا صرف پاس بیٹھنا ہی انسان کے اندر کے ہولناک خوف، تنہائی، گہرے کرب اور زہر آلود مایوسی کو دھوو دیتا ہے۔ جب وہ شخص پاس آتا ہے، تو انسانی روح کے اندر امید، شفا اور زندگی کا ایک ایسا زلزلہ برپا ہوتا ہے جو جسم کے تمام بنجر اور نڈھال خلیوں کو دوبارہ شاداب کر دیتا ہے۔ اس باطنی اور معجزاتی کیفیت کو بجھتے ہوئے دیے اور لالٹین کی مثال سے بہترین انداز میں سمجھا جا سکتا ہے۔ جب سیاہ رات کے آخری پہر کسی پرانی لالٹین یا مٹی کے دیے کا تیل بالکل ختم ہونے کے قریب پہنچ جائے، جب اس کی لو کانپنے لگے، روشنی مدہم پڑ جائے اور اس کی جلی ہوئی بتی سے تلخ دھواں نکلنے لگے—تو دیکھنے والے یہی سمجھتے ہیں کہ بس اگلا ہی لمحہ مکمل اور خوفناک تاریکی کا شائد آخری پیامبر ہوگا۔ لیکن بالکل اسی آخری، نزعی اور بھیانک لمحے میں، اگر دیے کے شیشے کی تہہ میں کہیں چھپا ہوا تیل کا اخری قطرہ بھی بتی کے سوکھے ہوئے ریشوں تک پہنچ جائے، تو بجھتا ہوا دیا اچانک ایک بار پھر بھڑک اٹھتا ہے! اس کی لو اچانک سرخ اور تیز ہو جاتی ہے، اور وہ تاریک کمرے کو ایک بار پھر حرارت اور تابناک روشنی سے بھر دیتا ہے۔ من پسند شخص کا لمس، اس کا نام اور اس کی موجودگی بالکل تیل کے اسی آخری قطرے کی مانند ہوتی ہے جو بجھتی ہوئی زندگی کی لالٹین کو آخری وقت میں بھی روشنی اور حرارت کا آخری تحفہ بخش دیتی ہے۔ آج کی اس مادیت پسند، مشینی اور بے حس معاشرتی دنیا کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ہم نے اینٹی بائیوٹکس، ہسپتالوں کے وینٹی لیٹرز اور مہنگی دواؤں کے مجموعے کو تو سب کچھ سمجھ لیا، لیکن انسانی روح کی اس بنیادی، آفاقی اور باطنی ضرورت کو “محض جذباتی باتیں” کہہ کر یکسر نظر انداز کر دیا۔ ہم اس تلخ حقیقت کو بھول گئے کہ انسان صرف گوشت، ہڈیوں اور خون کی کیمیائی بالٹی نہیں ہے جو صرف پروٹین اور گولیوں کے سہارے زندہ رہے۔ انسان بنیادی طور پر جذبات، روح اور باطنی رشتوں کے تانے بانے کا نام ہے۔ اس دنیا میں آج بھی لاکھوں ایسے لوگ موجود ہیں جو معاشی طور پر بے حد مستحکم، صحت مند اور ظاہری آسائشوں سے مالا مال دکھائی دیتے ہیں، مگر وہ اندر سے اپنے من پسند شخص کی محرومی، اس کی بے وفائی یا اس کی جدائی کی وجہ سے برسوں پہلے مر چکے ہیں۔ ان کی آنکھوں کا نور اور دل کی زندہ دلی بھی حضرت یعقوب علیہ السلام کی طرح اپنے اپنے “یوسف” کے انتظار میں رخصت ہو چکی ہے۔
اگر انسان کو اس گہری حقیقت کا ادراک ہو جائے کہ کسی بھی دکھی اور بیمار وجود کی زندگی میں ہمارا ہونا، اس کے لیے من پسند بننا اور اس کے پاس بیٹھ کر خاموشی سے اس کا ہاتھ تھام لینا کتنی بڑی شفا ہے، تو ہم محبت بانٹنے میں کبھی بخل سے کام نہ لیں۔ من پسند شخص کا لمس کوئی سادہ یا معمولی لمس نہیں ہوتا؛ یہ طبی دنیا کے تمام ٹرانکولائزرز، ڈرپس اور سکون آور ادویات سے کہیں زیادہ طاقتور اور معجزاتی اثر رکھتا ہے۔ یہ وہ غائبانہ مرہم ہے جو روح کے ان نادیدہ زخموں کو بھرتا ہے جن کا کسی ایم آر آئی یا لیبارٹری ٹیسٹ میں کوئی سراغ نہیں ملتا۔ جب بھی کوئی انسان بسترِ مرگ پر زندگی کی آخری جنگ ہار رہا ہو، یا جدائی کے صحرا میں بھٹک کر نڈھال ہو چکا ہو تو اس کے لیے اس کے من پسند شخص کا ایک نظر دید، اس کی سانسوں کی معطّر خوشبو، اور اس کے ہاتھوں کی حرارت پیراہنِ یوسف بن کر معجزہ برپا کر سکتی ہے۔ یہی وہ آفاقی سچائی ہے جو یہ ثابت کرتی ہے کہ انسان کو دنیا کی کسی نعمت سے اتنی زندگی اور حرارت نہیں ملتی جتنی اسے اپنے من پسند شخص کے لمس اور اس کے قرب سے حاصل ہوتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.