تحصیل لکھی غلام شاہ کے متعدد دیہی علاقوں اور دیہات میں مچھروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، عبدالکبیر کھوسہ

0

شکارپور(زیبائے پاکستان)معروف سماجی رہنما اور مرسی ہینڈز فاؤنڈیشن سندھ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عبدالکبیر کھوسہ نے تحصیل لکھی غلام شاہ کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں اور دیہات میں مچھروں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، میونسپل کمیٹی، یونین کونسلز اور متعلقہ بلدیاتی اداروں سے فوری طور پر مچھر مار اسپرے اور فوگنگ مہم شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں عبدالکبیر کھوسہ نے کہا کہ تحصیل لکھی غلام شاہ کے متعدد دیہی علاقوں اور دیہات میں مچھروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو خصوصاً رات کے اوقات میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مچھروں کی بھرمار کے باعث بچے، خواتین اور بزرگ سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ عوام میں مچھروں سے پھیلنے والی مختلف بیماریوں کے حوالے سے تشویش بھی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گاؤں جامڑا، چنڈ گوٹھ، قادر بخش، عطا محمد کھوسہ، پیر جبیر، اللہ بخش بروہی، علی بخش بروہی، قاضی گوٹھ، ماکہ گوٹھ، آندل گوٹھ، حبیب کوٹ، بلوچ گوٹھ، مالہی گوٹھ، سلیمان شیخ گوٹھ، سومر گوٹھ، مسیتی اور انڑ گوٹھ، مٹھن شر گوٹھ ،شیر کوٹ، گوٹھ بنگلو بروہی ،کلر گوٹھ، حاجانہ گوٹھ، ریحان جمالی گوٹھ ڈنل خان بروہی گوٹھ رک شريف، نواب خان دل گوٹھ شاہ علی وانڈہ، گوٹھ بھنبھرو واہ ،ٹنڈوبہار سمیت دیگر علاقوں میں بھی مچھروں کی افزائش میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
عبدالکبیر کھوسہ کا کہنا تھا کہ متعدد علاقوں میں گلیوں، نالیوں اور دیگر مقامات پر گندا اور کھڑا پانی موجود ہونے کے باعث مچھروں کی افزائش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ نکاسی آب کا مؤثر انتظام نہ ہونے اور صفائی کے مسائل کے باعث صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لیے صرف وقتی اسپرے کافی نہیں بلکہ اس کے بنیادی اسباب کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا کہ تحصیل لکھی غلام شاہ اور گردونواح کے متاثرہ دیہی علاقوں کا فوری سروے اور نشاندہی کرکے وہاں مچھر مار اسپرے اور فوگنگ کا باقاعدہ آغاز کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ گلیوں، نالیوں اور آبادیوں میں صفائی کا مؤثر انتظام کیا جائے، کچرے کے ڈھیروں کو ہٹایا جائے اور مختلف مقامات پر جمع کھڑے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائی جائے۔
سماجی رہنما نے مزید مطالبہ کیا کہ مچھر مار اسپرے اور فوگنگ مہم کو صرف ایک یا دو دن تک محدود رکھنے کے بجائے اس کے لیے باقاعدہ شیڈول مرتب کیا جائے اور متاثرہ علاقوں میں مستقل بنیادوں پر اسپرے کرایا جائے، تاکہ مچھروں کی افزائش کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے۔
عبدالکبیر کھوسہ نے کہا کہ عوام کو صحت مند اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اگر بروقت احتیاطی اقدامات نہ کیے گئے تو مچھروں کی بڑھتی ہوئی تعداد عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے دیہی علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر اسپرے، فوگنگ، صفائی اور نکاسی آب کے اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام کو مچھروں کی اذیت سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ ممکنہ بیماریوں کے خطرات سے بھی بچایا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.