ضروری ڈاک کی بروقت ترسیل پر سوالیہ نشان، ایوننگ شفٹ بند ہونے سے شہری مشکلات کا شکار
عوام کا حکومت پاکستان سے نوٹس لینے اور ایوننگ شفٹ فوری بحال کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد (زیبائے پاکستان) پاکستان پوسٹ آفس کی جانب سے ایوننگ شفٹ ختم کیے جانے کے باعث شہریوں کو ڈاک بھیجنے اور موصول کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شام کے اوقات میں پوسٹ آفس کی سہولت دستیاب نہ ہونے کے باعث ملازمت پیشہ اور دیگر مصروف شہری اپنی ضروری ڈاک بروقت ارسال نہیں کر پا رہے، جبکہ دوسری جانب ڈاک کی ترسیل میں تاخیر کے باعث اہم مراسلات بھی بروقت موصول نہ ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایوننگ شفٹ کی بندش سے روزمرہ ڈاک کے ساتھ ساتھ سرکاری خطوط، عدالتی دستاویزات، کاروباری مراسلات اور دیگر اہم کاغذات کی بروقت ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔ بالخصوص ملازمت پیشہ افراد کے لیے دفتری اوقات کے بعد ڈاک بھیجنے کی سہولت نہ ہونا ایک بڑی مشکل بن چکا ہے۔
شہریوں نے حکومت پاکستان اور پاکستان پوسٹ کی اعلیٰ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایوننگ شفٹ بحال کی جائے تاکہ شہریوں کو ڈاک بھیجنے اور وصول کرنے میں سہولت میسر آئے اور ضروری ڈاک کی بروقت ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔
