سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا ٹرمپ سے دوبار ٹیلیفونک رابطہ حوثیوں کے خلاف کارروائی کیلئے امریکہ سے مدد مانگ لی، امریکی صدر نے صاف انکار کردیا

0

واشنگٹن (زیبائے پاکستان) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دو مرتبہ ٹیلیفون پر رابطہ کرکے ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے خلاف امریکی فضائی حملوں کی درخواست کی، تاہم امریکی صدر نے یہ مطالبہ مسترد کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’ایکسوئس‘ کے مطابق کو دو امریکی حکام نے بتایا کہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو پہلے حوثیوں کی پیش قدمی اور یمن کی صورتحال پر ٹرمپ سے گفتگو کی، جس کے چند گھنٹے بعد دوبارہ رابطہ کرکے حوثیوں کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کی درخواست کی گئی۔
امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ فی الحال یمن میں براہ راست فوجی مداخلت کا ارادہ نہیں رکھتی۔ واشنگٹن کی ترجیح ایران اور آبنائے ہرمز پر مرکوز رہنے کے ساتھ بحیرہ احمر میں آزادانہ بحری آمدورفت کو یقینی بنانا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یمن میں حوثیوں کی جانب سے اہم ساحلی علاقوں کی طرف پیش قدمی کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ باب المندب کے قریب حوثیوں کی موجودگی عالمی تجارت اور سعودی تیل کی برآمدات کے حوالے سے تشویش کا باعث بن رہی ہے۔

صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ امریکا براہ راست کارروائی سے گریز کرتے ہوئے سعودی عرب کی مدد بڑھا رہا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے بھی جمعرات کو سعودی عرب کا دورہ کیا اور ہنگامی رابطہ اجلاسوں میں شرکت کی۔ امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن سعودی عرب کو حوثیوں سے متعلق انٹیلی جنس اور اہداف کی معلومات فراہم کرے گا۔ تقریباً 200 امریکی فوجی پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں اور غیر جنگی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور یمن کی حکومت کے ساتھ علاقائی استحکام کے لیے مسلسل رابطہ جاری ہے، جبکہ یمن میں ایک نیا محاذ کھولنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.