محنت کسان کی، منافع آڑھتی کا

0

تحریر: عباس مہد
انسانوں کی معاشی تاریخ، اقوام کے عروج و زوال کے فلسفے، زرعی ارتقا کی داستانوں اور قومی بقا کے آئین کا اگر عمیق، سائنسی اور تحلیلی نظر سے مطالعہ کیا جائے، تو یہ الحامی اور لازوال حقیقت کھلی کتاب کی طرح منکشف ہوتی ہے کہ کسی بھی ریاست کا وجود، اس کا حقیقی وقار اور اس کا معاشی استحکام اس کے سنگِ مرمر کے ایوانوں یا زرق برق منصوبوں سے نہیں، بلکہ اس کی مٹی کی زرخیزی اور کسان کے جگر سوز پسینے سے تجسّم پاتا ہے۔ کسان محض ایک پیشے یا طبقے کا نام نہیں، بلکہ وہ اس زمین کا بیدار ضمیر، کائنات کا سب سے بڑا معمار اور قوم کی غذائی حاکمیت کا حقیقی پاسبان ہے۔ لیکن آج جب ہم اپنے ارد گرد کے زوال پذیر زرعی معاشرے کا بغیر کسی سیاسی منافقت اور بزدلانہ تسامح کے مطالعہ کرتے ہیں، تو یہ سوال ایک لرزہ خیز سانحے کی طرح روح کو زخمی کر دیتا ہے کہ آخر کیوں ہر فصل کے اختتام پر تمام تر مشقت، تھکن اور فاقے کسان کے مقدر میں آتے ہیں اور محنت کا تمام تر ثمر، حلال کا منافع اور دولت کا دھارا آڑھتی کی سیاہ جیب میں چلا جاتا ہے؟ یہ سوال محض ایک زرعی ناہمواری کا بیان نہیں، بلکہ ہماری معاشی اخلاقیات کے جنازے کی وہ صدا ہے جو پورے ایوانِ حکومت کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔جب ایک بے بس اور جفا کش دہقان اپنی بنجر زمین کو شاداب کرنے اور قوم کا پیٹ بھرنے کے لیے اپنے کھیت میں اترتا ہے، تو اس کے سفر کی پہلی ہی قدم پر استحصال کا باقاعدہ آغاز ہو جاتا ہے۔ وہ پندرہ پندرہ ہزار روپے کی ڈی اے پی کھاد کی ایک بوری بلیک مارکیٹ سے خریدنے پر مجبور ہوتا ہے، یوریا کھاد کے حصول کے لیے سرکاری گوداموں اور دکانوں کے باہر لمبی قطاروں میں ذلیل و خوار ہوتا ہے، پیٹرولیم اور ڈیزل کی مسلسل گرانی کا بوجھ اٹھاتا ہے اور اپنی فصل کو کیڑوں کے حملے سے بچانے کے لیے مہنگے ترین کیمیائی زہر، اسپرے اور بیج خریدنے کی خاطر اپنے گھر کے بچے۔کھچے زیورات، مال مویشی اور تن کا کپڑا تک آڑھتی یا سود خور کے پاس گروی رکھ دیتا ہے۔ وہ اپنی زندگی کی تمام جمع پونجی، اپنا تن من دھن اور راتوں کی نیند اس آس پر داؤ پر لگا دیتا ہے کہ جب گندم، کپاس، دھان، کماد یا سورج مکھی کی فصل پک کر تیار ہوگی، تو اس کے معصوم بچوں کے تن پر نیا کپڑا ہوگا، اس کے گھر میں دو وقت کی باوقار روٹی کا سامان ہوگا اور وہ اپنے سر سے قرض کا سنگین بوجھ اتار سکے گا۔ لیکن افسوس کہ جیسے ہی فصل پک کر سونے کی طرح چمکنے لگتی ہے اور کسان اسے اپنی محنت کا ثمر سمجھ کر منڈی لے کر پہنچتا ہے، تو پوری ریاست، اس کا انتظامی ڈھانچہ اور منڈی کا پورا نظام اس مظلوم کے خلاف یکلخت صف آرا ہو جاتا ہے۔حکومت اپنے ہی مقرر کردہ سرکاری نرخوں پر جینس کا ایک دانہ خریدنے سے صاف مکر جاتی ہے اور سرکاری گوداموں کے دروازے کسان کے لیے بند کر دیے جاتے ہیں۔ دوسری طرف منڈی کے بے رحم اور سنگدل آڑھتی ایسے شاطرانہ نکھرے دکھاتے ہیں جیسے کسان ان سے اپنی محنت کا حق مانگنے نہیں بلکہ کوئی بھیگ مانگنے آیا ہو۔ سرکاری قیمتیں اور بلند بانگ دعوے صرف کاغذی اشتہاروں اور ٹیلی ویژن کے خبرناموں کی زینت بن کر رہ جاتے ہیں، اور کسان کی رات دن کی ریاضت، اس کے خون پسینے سے سیچی گئی گندم، کپاس، دھان اور گنے کو کوڑیوں کے بھاؤ، گوبر اور مٹی کی قیمت پر لوٹ لیا جاتا ہے۔ کسان اپنی ٹرالیوں اور گاڑیوں کے ساتھ منڈیوں کے باہر کھلے آسمان تلے یخ بستہ راتیں اور کڑکتی دھوپ برادشت کرتا ہے، آڑھتی کی گالیاں اور طعنے سنتا ہے، اور آخر کار اپنے بچوں کو فاقہ کشی سے بچانے اور اگلی فصل کا قرض ادا کرنے کی مجبورانہ جلدی میں اپنی فصل اسی بیوپاری کے سامنے سستے داموں ڈالنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ بعد میں وہی آڑھتی اور ذخیرہ اندوز مافیا اسی اناج کو اپنے گوداموں میں بند کر کے کچھ عرصے بعد حکومت کو اسی کے سرکاری ریٹ پر یا بین الاقوامی منڈی میں شارٹیج پیدا کر کے بیچتا ہے اور بغیر کسی جسمانی مشقت کے اربوں روپے کا منافع ڈکار جاتا ہے۔قومی سلامتی، سیاسی معیشت اور بین الاقوامی تعلقات کے آفاقی تناظر میں زراعت کو کسی بھی آزاد ریاست کی بقا اور حاکمیت کا سب سے مضبوط سٹریٹجک ستون مانا جاتا ہے۔ آج دنیا کی تمام بیدار اور عقل مند قومیں اپنے کاشتکاروں کو اربوں ڈالر کی مالی امداد اور سبسڈیز فراہم کرتی ہیں تاکہ ان کا زرعی فریم ورک محفوظ رہے اور ملک کبھی غیر ملکی اناج یا بیرونی اقتصادی دباؤ کا یرغمال نہ بن سکے۔ مگر ہمارے ہاں نوآبادیاتی دور کا وہ جابرانہ اور ظالمانہ معاشی فریم ورک آج بھی نافذ العمل ہے جہاں کسان کو فصل کی تیاری کے تمام اجزاء یعنی کھاد، بیج، پانی، بجلی اور زہریں تو بین الاقوامی منڈی کے بلند ترین اور ظالمانہ ریٹ پر دی جاتی ہیں، مگر جب اس کی پیداوار کے معاوضے کا وقت آتا ہے تو اسے مقامی منڈی کے ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر لاوارث چھوڑ دیا جاتا ہے۔ یہ محض ایک کسان کی معاشی تذلیل نہیں ہے، بلکہ یہ ریاست کی طرف سے اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی مارنے اور اپنے معاشی ڈھانچے کو خود تباہ کرنے کا خودکش اقدام ہے۔اس زرعی المیے اور معاشی لوٹ مار کا سب سے ہولناک نتیجہ یہ نکل رہا ہے کہ ہم ایک سرسبز اور زرعی ملک ہونے کے باوجود مسلسل معاشی انحطاط اور غذائی غیر یقینی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ گندم، کپاس اور گنے کے کاشتکار کو یوں مسلسل مقروض اور تباہ کرنے کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنی پارچہ بافی کی صنعت، شوگر انڈسٹری اور معاشی بنیادوں کو اپنے ہاتھوں سے مسمار کر رہے ہیں۔ جب کسان کو کپاس کا پورا معاوضہ نہیں ملے گا تو ملکی کارخانوں کے لیے خام مال باہر سے برآمد کرنا پڑے گا، جس سے ملکی خزانہ خالی ہوگا اور ملک آئی ایم ایف اور غیر ملکی قرض خواہوں کی دائمی غلامی میں جکڑا جائے گا۔ گندم اور دھان کا کسان جب مقروض ہو کر کھیتی باڑی سے بدظن ہوگا اور اپنی زمینیں بیچ کر شہروں کی طرف ہجرت کرے گا، تو شہروں پر آبادی کا غیر متوازن دباؤ بڑھے گا، جس سے معاشرتی جرائم، معاشی انارکی اور سیاسی عدم استحکام جنم لے گا۔جو دہقان پورے ملک کا پیٹ بھرتا ہے، اگر آج اس کے اپنے گھر میں فاقہ کشی، بے بسی اور قرض کے باعث خودکشی کا سامان ہوگا، تو ایسی ریاست زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی۔ وقت کا حتمی اور تاریخی تقاضا ہے کہ زراعت کو محض ایک پیشہ نہیں بلکہ قومی سلامتی کی اولین ضمانت قرار دیا جائے، ڈی اے پی، یوریا اور تمام زرعی کیمیائی سموم کی قیمتوں کو لگام دی جائے، پاسکو اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں موجود کرپشن کا خاتمہ کیا جائے، اور آڑھتی مافیا اور کرپٹ انتظامیہ کے اس زہریلے گٹھ جوڑ کو قانون کی تلوار سے کاٹا جائے۔ اگر آج بھی ہم نے اپنے کسان کو اس معاشی ناانصافی سے نہ بچایا اور مصلحت کی چادر اوڑھے سوئے رہے، تو یاد رکھیے کہ ایوانوں کے پاس کاغذ کے نوٹ اور دنیاوی دولت تو بہت ہوگی، لیکن قوم کے پاس کھانے کے لیے روٹی کا ایک نوالہ تک نہیں ہوگا!

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.