شکارپور چیمبر آف کامرس کے نو منتخب صدر فیاض محمود شیخ اور دیگر عہدیداران کا تاجر برادری کے حقوق کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم،

0

شکارپور(زیبائے پاکستان)پیٹرن ان چیف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) ایس ایم تنویر، صدر ایف پی سی سی آٸی (FPCCI) کے صدر عاطف اکرام شیخ، نائب صدر ایف پی سی سی سندھ بلال خان کے اعزاز میں شکارپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری صدر فیاض محمود شیخ کی جانب سے استقبالیہ پروگرام مقامی کندن ریسٹورنٹ شکارپور منعقد کیا گیا،
جس میں ملک کی نامور تجارتی و کاروباری شخصیات، سیاسی، سماجی اور قبائلی رہنماؤں، صنعتکاروں، تاجروں اور چیمبر کے سابق عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے پیٹرن اِن چیف ایس۔ ایم۔ تنویر احمد، صدر ایف پی سی سی عاطف اکرام شیخ اور نائب صدر ایف پی سی سی سندھ بلال خان نے بطور خصوصی مہمان شرکت کی۔
معزز مہمانوں کی آمد پر شکارپور چیمبر آف کامرس کے نو منتخب صدر فیاض محمود شیخ اور سینئر نائب صدر لالا سرفراز پٹھان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب کے آغاز میں شکارپور چیمبر آف کامرس کے صدر فیاض محمود شیخ اور سینئر نائب صدر لالا سرفراز پٹھان کی جانب سے معزز مہمانوں کو سندھ کی ثقافتی روایات کی علامت اجرک اور سندھی ٹوپی کے تحائف پیش کیے گئے۔ اس موقع پر سندھ کی ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مہمانوں اور تاجر برادری کے درمیان محبت، بھائی چارے اور یکجہتی کا بھی اظہار کیا گیا۔ استبالیہ تقریب میں شکارپور شہر کی مختلف تجارتی تنظیموں، کاروباری حلقوں، سیاسی و سماجی شخصیات، قبائلی رہنماؤں اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ شکارپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق عہدیداران بھی تقریب میں موجود تھے، جن میں رئیس عمران خان ناپر، نصرت شہزاد مغل، ریوا چند راجپال اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔ تقریب کے دوران مہمانوں اور شرکاء کی جانب سے نو منتخب صدر اور نئی کابینہ کو مبارکباد پیش کی گئی اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ نئی قیادت شکارپور کی تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے مؤثر رابطے کرے گی اور شہر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے گی۔ تقریب کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایف پی سی سی کے پیٹرن اِن چیف ایس۔ ایم۔ تنویر احمد، صدر ایف پی سی سی عاطف اکرام شیخ اور نائب صدر ایف پی سی سی سندھ بلال خان نے نو منتخب باڈی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ شکارپور چیمبر آف کامرس کی نئی باڈی کی تکمیل سے تاجر برادری کو اپنے مسائل کے حل اور حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مزید منظم اور مؤثر پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ شکارپور ایک تاریخی اور اہم شہر ہے، جس کا تعلق تجارت اور کاروبار کی قدیم روایات سے ہے۔ شکارپور کی تاجر و کاروباری برادری کے مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور شہر کی معاشی ترقی کے لیے تمام متعلقہ حلقوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکارپور شہر ہم سب کا اپنا شہر ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ مقررین نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ شکارپور چیمبر آف کامرس کی نو منتخب قیادت تاجر برادری کی توقعات پر پورا اترے گی اور صنعتکاروں، تاجروں اور کاروباری افراد کو درپیش مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام اور اداروں سے بھرپور رابطہ کرے گی۔ اس موقع پر شکارپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فیاض محمود شیخ نے خطاب کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں، ایف پی سی سی کی قیادت، صنعتکاروں، تاجروں، چیمبر کے سابق عہدیداران اور شہر کی معزز شخصیات کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرکے نو منتخب کابینہ کی حوصلہ افزائی کی۔
فیاض محمود شیخ نے کہا کہ نئی کابینہ تاجر برادری کے مسائل اور حقوق کو ترجیح دے گی اور شکارپور میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس تاجروں اور صنعتکاروں کی آواز متعلقہ فورمز تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ شہر کی معاشی ترقی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شکارپور کی تاجر برادری کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرکے ان کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا، جبکہ کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور تاجروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں اور نو منتخب کابینہ کے عہدیداران نے گروپ فوٹو بھی بنوایا، جبکہ شرکاء کی جانب سے نو منتخب صدر فیاض محمود شیخ اور ان کے ساتھی عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ تقریب مجموعی طور پر شکارپور کے تجارتی، کاروباری اور سماجی حلقوں میں نئی قیادت کے حوالے سے جوش و جذبے اور مثبت توقعات کے اظہار کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی.

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.