سوشل میڈیا پر قبائلی دھونس دھمکیاں اور ہمارا بکھرتا معاشرہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو کس راستے پر لے جا رہے ہیں

0

ذرا جرأت کے ساتھ
تحریر: میر اسلم رند

دوستوں میں اکثر کالم بلوچستان کے مسائل یا اپنے معاشرے کے اصلاح کے لئے لکھتا ہوں اور روزانہ تین سے 4 گھنٹے لگتے ہیں لکھنے اور شیئر کرنے میں جب فیس بک پر ایسے ویڈیوز دیکھتا ہوں تو دکھ ہوتا ہے تاریخ گواہ ہے کہ قومیں صرف تلوار کی طاقت دولت کی فراوانی یا اسلحے کے انبار سے عظیم نہیں بنتیں ان کی اصل پہچان علم کردار قانون کی پاسداری اور انسانی احترام سے قائم ہوتی ہے بغداد کا وہ دور یاد کیجیے جب عباسی عہد میں علم و تحقیق نے طب ریاضی فلکیات اور فلسفے کے میدانوں میں نئی راہیں کھولیں یونان کے قدیم علمی مراکز میں مکالمے منطق اور فلسفے نے انسانی فکر کو وسعت دی ان معاشروں کی تاریخی عظمت کا سبب محض ان کی طاقت نہیں بلکہ علم و فکر کو دی جانے والی اہمیت بھی تھی سوال یہ ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو کس ورثے کا امین بنا رہے ہیں علم و شعور کا یا دھونس، نمائش اور خوف کا آج فیس بک اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم دنیا بھر میں خیالات معلومات اور تجربات کے تبادلے کا ذریعہ ہیں ان کے ذریعے تعلیم تحقیق کاروبار عوامی مسائل اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے مگر افسوس کہ ہمارے ہاں سوشل میڈیا کا ایک نمایاں حصہ کھانے پینے کی ویڈیوز دکھاوے اسلحے کی نمائش اور دھمکی آمیز پیغامات کی نذر ہوتا دکھائی دیتا ہے کوئی شخص کلاشنکوف کے ساتھ تصویر بنا کر اپنی طاقت کا تاثر دیتا ہے کوئی اپنے مسلح ساتھیوں کے ساتھ ویڈیو جاری کرتا ہے اور کوئی خود کو سردار یا کمانڈر ظاہر کرکے دوسروں کو مرعوب کرنے کی کوشش کرتا ہے کھانے پینے کی ویڈیو بنانا یا اپنی خوشی دوسروں سے بانٹنا کوئی جرم نہیں مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب ہماری ترجیحات میں علم اخلاق تعلیم اور سماجی خدمت پیچھے رہ جائیں جبکہ اسلحے کی نمائش اور دوسروں کو خوف زدہ کرنا عزت و مرتبے کی علامت سمجھا جانے لگے کیا ہم واقعی اپنی نئی نسل کو یہی بتانا چاہتے ہیں کہ معاشرے میں مقام حاصل کرنے کے لیے تعلیم محنت اور کردار کی ضرورت نہیں بلکہ چند مسلح افراد کے ساتھ تصویر بنانا ہی کافی ہے ہمیں اپنے بزرگوں کی زندگیوں پر نظر ڈالنی چاہیے ہمارے بہت سے بزرگ قبائلی تنازعات دشمنیوں اور مسلسل کشیدگی سے نکل کر شہر آئے انہوں نے اپنے سکون بچوں کے مستقبل اور بہتر زندگی کی خاطر جائیدادیں چھوڑیں خاندانی تعلقات کی تلخیوں کو برداشت کیا اور نئی نسل کے لیے تعلیم و ترقی کے راستے تلاش کیے ان کی خواہش تھی کہ ان کے بچے پرانی دشمنیوں کے بجائے کتاب قلم کاروبار ملازمت اور عزت کی زندگی سے پہچانے جائیں لیکن آج صورتِ حال پر غور کیجیے جن رویّوں سے بچنے کے لیے ہمارے بزرگوں نے ہجرت کی اگر وہی قبائلی دھونس شہر کی گلیوں عوامی مقامات اور سوشل میڈیا پر دوبارہ دکھائی دینے لگے تو پھر ان قربانیوں کا مقصد کیا رہ گیا شہر میں رہنے کا مطلب صرف مکان بدلنا نہیں سوچ رویّے اور زندگی گزارنے کا طریقہ بدلنا بھی ہے اگر ہم نے جگہ تو بدل لی لیکن اپنی سوچ کو نفرت انتقام اور طاقت کی نمائش سے آزاد نہ کیا تو ہماری اگلی نسل بھی انہی مسائل میں الجھی رہے گی جن سے نکلنے کے لیے ہمارے بزرگوں نے جدوجہد کی تھی تہذیب یافتہ معاشروں کی ترقی کا راز بھی اسی سوچ میں پوشیدہ ہے جاپان نے جدید تعلیم نظم و ضبط تحقیق اور ٹیکنالوجی کو اہمیت دے کر اپنی معیشت اور معاشرت کو مضبوط کیا سنگاپور نے تعلیم مؤثر انتظامی نظام قانون کی عمل داری اور شہری ذمہ داریوں پر توجہ دے کر ایک بڑی تبدیلی پیدا کی ان ممالک کے حالات اور تاریخی راستے ایک دوسرے سے مختلف ہیں لیکن ان کے تجربات یہ ضرور بتاتے ہیں کہ ترقی کے لیے صرف وسائل کافی نہیں ہوتے اداروں کی کارکردگی شہریوں کی ذمہ داری اور اجتماعی نظم بھی ضروری ہیں مہذب معاشرے میں اختلافِ رائے کو ذاتی دشمنی نہیں بنایا جاتا قانون کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو صرف اس لیے رعایت نہیں ملتی کہ اس کے پاس دولت عہدہ اثر و رسوخ یا مسلح افراد موجود ہیں وہاں نوجوان اپنی قابلیت تعلیم تحقیق ہنر اور کاروبار میں منواتے ہیں لوگوں کو تحفظ حاصل ہو تو وہ بہتر انداز میں کاروبار کرتے ہیں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اداروں پر اعتماد بڑھتا ہے اور معاشرہ تنازعات میں توانائی ضائع کرنے کے بجائے ترقی پر توجہ دیتا ہے یہاں ایک بنیادی بات سمجھنے کی ضرورت ہے تہذیب کا مطلب اپنی ثقافت سے دور ہونا نہیں ہماری بلوچ پشتون بلوچستانی اور مقامی روایات میں مہمان نوازی وعدے کی پاسداری بزرگوں کا احترام رشتوں کی قدر کمزور کی مدد اور مشکل وقت میں ساتھ دینے جیسی خوبیاں موجود ہیں یہی ہماری اصل طاقت ہیں لیکن کسی روایت کے نام پر کسی کو دھمکانا لوگوں کو خوف زدہ کرنا یا قانون سے بالاتر ہونے کا تاثر دینا ثقافت کی خدمت نہیں ثقافت انسان کو وقار دیتی ہے دوسروں سے وقار چھیننے کا جواز نہیں بنتی ہمیں یہ بھی سوچنا ہوگا کہ ہمارے بچے ہم سے کیا سیکھ رہے ہیں جب وہ بڑوں کو دولت اور اثر و رسوخ کی بنیاد پر دوسروں کو کمتر سمجھتے دیکھتے ہیں جب وہ سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور دھمکیوں کو داد ملتے دیکھتے ہیں تو ان کے ذہن میں طاقت کا ایک غلط تصور جنم لیتا ہے پھر ہم ان سے یہ توقع کیسے رکھ سکتے ہیں کہ وہ کتاب استاد قانون اور محنت کی قدر کریں گے
معاشرے کی خرابی میں بدعنوانی اور ناجائز دولت کا کردار بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا جب دو نمبری سے حاصل ہونے والی دولت کو کامیابی اور دیانت داری سے کمائی گئی معمولی آمدنی کو کم تری سمجھا جانے لگے تو اقدار کا نظام کمزور پڑ جاتا ہے دولت انسان کی ضروریات پوری کر سکتی ہے مگر کردار خرید نہیں سکتی اصل عزت اس شخص کی ہے جو اپنے اختیار وسائل اور صلاحیت کو دوسروں کے لیے آسانی پیدا کرنے میں استعمال کرے نہ کہ انہیں مرعوب کرنے میں یہ تحریر کسی قوم قبیلے یا طبقے کے خلاف نہیں بلکہ ان رویّوں کے خلاف ہے جو ہمارے اجتماعی مستقبل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں ہمارے ہاں بے شمار باصلاحیت تعلیم یافتہ محنتی اور باکردار نوجوان موجود ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں مثبت سرگرمیوں تعلیم کاروبار سماجی خدمت اور قانون کے احترام کی طرف متوجہ کیا جائے والدین اپنے بچوں کی تربیت پر توجہ دیں بزرگ اپنی عملی مثال سے رہنمائی کریں سماجی رہنما اپنی ذمہ داری محسوس کریں اور سوشل میڈیا استعمال کرنے والے بھی یہ طے کریں کہ وہ معاشرے میں شعور پھیلا رہے ہیں یا خوف اور دکھاوے کو فروغ دے رہے ہیں ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایسا ماحول چھوڑنا چاہیے جہاں عزت اسلحے سے نہیں کردار سے ملے اختلاف کا جواب دھمکی سے نہیں دلیل سے دیا جائے اور کامیابی کا معیار ناجائز دولت یا طاقت کی نمائش کے بجائے علم، محنت اور دیانت داری ہو یاد رکھیے قوموں کی اصل ترقی اس وقت شروع ہوتی ہے جب ان کے افراد کو اپنی طاقت دکھانے کے بجائے اپنی قابلیت ثابت کرنے پر فخر ہونے لگے ہم نے اپنے بزرگوں کی قربانیوں سے کیا سیکھا اور اپنی اولاد کے لیے کیسا معاشرہ چھوڑ رہے ہیں یہ سوال ہم سب کو خود سے ضرور پوچھنا چاہیے

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.