پشاور (زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ یہ عجیب منطق ہے کہ وزیراعلیٰ اور سپیکر غائب ہیں، سیاسی تناؤ مزید نہیں بڑھنا چاہیے اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنا چاہیے۔سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پہلے ہو جاتی تو اتنا مسئلہ پیدا نہ ہوتا۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ عدالت نے معاملہ چیف جسٹس کو لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے بھجوا دیا ہے، ایسے فیصلے ہونے چاہئیں جو سب کے لیے یکساں ہوں۔ ہمارا صرف ایک ملاقات اور علاج کا مطالبہ تھا، لیکن عدالتی فیصلے پر بھی عمل نہیں کیا گیا، سیاسی انتقام کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے اور ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی سمیت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو رہا کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وکیل کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، اگر یہ ملاقات پہلے ہو جاتی تو اتنا مسئلہ پیدا نہ ہوتا، سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں مقدمات سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔ ہمیں کب ملاقات کی پیشکش کی گئی؟ ہم آج بھی ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں۔ مذاکرات سنجیدگی اور نک نیتی کے ساتھ ہونے چاہئیں، ہم نے کبھی مذاکرات کی مخالفت نہیں کی۔
انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ توقع نہیں تھی کہ وہ اس طرح کی باتیں کریں گے۔
