ای پاسپورٹ کا جدید نظام شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بننے لگا، کئی کئی گھنٹے انتظار کرنے پر مجبور

0

لاہور (زیبائے پاکستان) ای پاسپورٹ کا جدید نظام متعارف ہونے کے باوجود شہریوں کے لیے سہولت کے بجائے مشکلات کا باعث بننے لگا، پاسپورٹ مراکز میں نظام کی سست روی اور درخواستوں پر کارروائی میں تاخیر کے باعث شہری کئی کئی گھنٹے انتظار کرنے پر مجبور ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق نئے ای پاسپورٹ سسٹم پر کام کرنے والے عملے کو بھی نئے نظام کے تقاضوں اور تکنیکی مراحل کے مطابق کام کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث درخواستوں کی پراسیسنگ مطلوبہ رفتار سے نہیں ہو پا رہی۔تفصیلات کے مطابق مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی جگہ ای پاسپورٹ کے اجرا کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد پاسپورٹ دفاتر کا رخ کر رہی ہے، تاہم نئے نظام کے تحت درخواستوں کی کارروائی میں سست روی کے باعث مراکز میں رش بڑھنے لگا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ مقررہ فیس جمع کروا کر پاسپورٹ بنوانے پہنچتے ہیں لیکن گھنٹوں انتظار کے باوجود ان کی باری نہیں آتی، جبکہ بعض اوقات معمولی کارروائی کے لیے بھی طویل وقت درکار ہوتا ہے۔حیران کن امر یہ ہے کہ پانچ سالہ 36 صفحات کے عام ای پاسپورٹ کی فیس 9 ہزار روپے جبکہ ارجنٹ فیس 15 ہزار روپے مقرر ہے، اس کے باوجود شہریوں کو بروقت سروس میسر نہیں آ رہی۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب پاسپورٹ کی فیس میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے تو پھر شہریوں کو تیز رفتار اور بہتر سہولیات کیوں فراہم نہیں کی جا رہیں شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ای پاسپورٹ کے نظام کو مکمل طور پر فعال بنانے، عملے کو جدید نظام کے مطابق تربیت دینے، تکنیکی مسائل دور کرنے اور درخواستوں کی بروقت پراسیسنگ یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مہنگی فیس ادا کرنے والے شہریوں کو مزید انتظار اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔واضح رہے کہ ای پاسپورٹ کے اجرا کے لیے ملک بھر میں 23 اکتوبر 2026 سے نئی درخواستوں پر مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی بجائے ای پاسپورٹ جاری کرنے کا نظام نافذ کیا گیا تھا

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.