چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا پتوکی میں بی آئی ایس پی دفتر اور ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر کا دورہ
اسلام آباد(زیبائے پاکستان)چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا پتوکی میں بی آئی ایس پی دفتر اور ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر کا دورہ، ایک کروڑ سے زائد خواتین کے ڈیجیٹل والٹس کی تکمیل بڑی کامیابی؛ خواتین انٹرآپربیلیٹی کی سہولت سے ملک بھر میں کسی بھی وقت اور کسی بھی شہر سے رقم نکلوا سکتی ہیں؛ نئی پالیسی کے تحت 45 سال یا اس سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ مستحق خواتین کو بھی مقررہ اہلیتی معیار کے مطابق بینظیر کفالت پروگرام میں شامل کیا جائے گا
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج پتوکی میں بی آئی ایس پی دفتر اور ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خواتین بینیفشریز سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ عملے کو فوری حل کی ہدایت کی۔
انہوں نے بتایا کہ بی آئی ایس پی کے نئے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کے تحت چھ پارٹنر بینکوں، حبیب بینک لمیٹڈ (HBL)، بینک الفلاح، بینک آف پنجاب (BOP)، حبیب مائیکروفنانس بینک، ایزی پیسہ اور جاز کیش کے مجاز ریٹیلرز کے ذریعے خواتین اب پاکستان کے کسی بھی شہر میں، ہفتے کے ساتوں دن اور کسی بھی وقت اپنی سہولت کے مطابق رقم نکلوا سکتی ہیں۔ بی آئی ایس پی نے ایک کروڑ سے زائد خواتین کے ڈیجیٹل والٹس قائم کرنے کا اہم سنگِ میل بھی حاصل کر لیا ہے، جو ڈیجیٹل مالی نظام میں شمولیت کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔
چیئرپرسن نے خواتین کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل والٹ میں رقم منتقل ہونے اور رقم نکلوانے پر بینک کی جانب سے الگ الگ پیغامات موصول ہوں گے، جنہیں بطور ثبوت محفوظ رکھیں اور ڈیلیٹ نہ کریں۔ رقم موصول ہونے کے بعد فوری نکلوانے کی ضرورت نہیں، خواتین اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت رقم حاصل کر سکتی ہیں۔ اپنا موبائل فون یا بینظیر SIM کسی ریٹیلر یا غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہ کریں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مزید بتایا کہ بی آئی ایس پی کی نئی پالیسی کے تحت 45 سال یا اس سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ مستحق خواتین کو بھی مقررہ اہلیتی معیار کے مطابق بینظیر کفالت پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
بعد ازاں انہوں نے ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر میں سروے کے عمل کا جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ خواتین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں، انہیں درست معلومات فراہم کریں اور ان کے مسائل بلا تاخیر حل کریں۔ خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے واضح کیا کہ بی آئی ایس پی کی تمام خدمات مفت ہیں۔ سروے، رجسٹریشن یا مالی معاونت کے نام پر کسی کو رقم نہ دیں اور نہ ہی ادائیگی میں کسی قسم کی کٹوتی برداشت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص خواتین کی مالی معاونت غیر قانونی طور پر نہیں روک سکتا۔ ایسی شکایات کی صورت میں فوری طور پر بی آئی ایس پی کی ٹول فری ہیلپ لائن 0800-26477 پر رابطہ کریں۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بین الاقوامی سطح پر ایک شفاف اور مؤثر سماجی تحفظ کے پروگرام کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ادائیگی کے نظام کو مزید شفاف بنایا جا رہا ہے تاکہ خواتین بینیفشریز کو ان کی پوری رقم عزت و احترام کے ساتھ فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب نصیرالدین سرور اور ڈائریکٹر سینٹرل زون وقارالنسا بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
