چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا شیخوپورہ میں بی آئی ایس پی ڈائنامک رجسٹری سینٹر کا دورہ

0

شیخوپور(زیبائے پاکستان)چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا شیخوپورہ میں بی آئی ایس پی ڈائنامک رجسٹری سینٹر کا دورہ

اس پروگرام میں کسی قسم کی بدعنوانی برداشت نہیں ہوگی، کٹوتی کرنے والے ایجنٹ کے خلاف فوری مقدمہ درج کرائیں؛ روبینہ خالد کی افسران کو ہدایت؛ خواتین سے سوال، یہ پروگرام کس کے نام پر ہے؟ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام پر، خواتین کا جواب؛ آپ نے بھی اسی بہادر بینظیر کی طرح اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانی ہے: چیئرپرسن بی آئی ایس پی

صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان کی ہدایات پر متعارف کرائے گئے نئے ڈیجیٹل والٹ نظام کے تحت ایک کروڑ خواتین کے اکاؤنٹس قائم؛ نہ قطار نہ انتظار، خواتین ملک بھر میں کسی بھی مجاز پارٹنر بینک کے ریٹیلر سے ہفتے کے ساتوں دن رقم وصول کر سکتی ہیں: سینیٹر روبینہ خالد

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج شیخوپورہ میں قائم بی آئی ایس پی ڈائنامک رجسٹری سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خواتین بینیفشریز سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ڈائنامک سروے کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے نئے ادائیگی کے نظام کے تحت ایک کروڑ خواتین بینیفشریز کے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس بنائے گئے ہیں اور انٹرآپریبلٹی کی سہولت کے ذریعے وہ اپنی مرضی کے مجاز پارٹنر بینک کے ذریعے ملک کے کسی بھی شہر میں، ہفتے کے ساتوں دن اور کسی بھی وقت اپنی رقم وصول کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے خواتین کو بینک کے انتخاب کی آزادی حاصل ہوگی اور انہیں طویل قطاروں اور انتظار سے بھی نجات ملے گی۔

سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ڈیجیٹل والٹ کو ذاتی بٹوے کی طرح محفوظ رکھیں اور اپنا موبائل فون یا سم کسی ایجنٹ کے حوالے نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ رقم کی منتقلی اور نکلوانے کے بینک پیغامات بطور ثبوت محفوظ رکھیں۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ادائیگیوں میں کٹوتی کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف فوری مقدمات درج کرائے جائیں۔ خواتین سے گفتگو کے دوران انہوں نے پوچھا کہ یہ پروگرام کس کے نام پر ہے؟ خواتین نے جواب دیا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام پر۔ اس پر چیئرپرسن نے کہا کہ آپ نے بھی اسی بہادر بینظیر کی طرح بہادر بننا ہے اپنے حق کے لئے لڑنا ہے اور کسی بھی زیادتی کی صورت میں شکایت درج کرانی ہے تاکہ بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کرکے انہیں سزا دی جا سکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے عالمی بینک کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی پر خرچ ہونے والا ہر ایک روپیہ مقامی معیشت میں تقریباً 2.34 روپے کی حقیقی آمدن اور معاشی سرگرمی پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مقررہ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والی 45 سال یا اس سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ مستحق خواتین بھی بینظیر کفالت پروگرام میں شامل ہو سکیں گی۔

انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ پروگرام سے متعلق مستند معلومات کے لیے بی آئی ایس پی کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رجوع کریں۔

اس موقع پر ڈی جی پنجاب نصیرالدین سرور، ڈائریکٹر میڈیا قرۃ العین فاطمہ، زونل ڈائریکٹر وقارالنسا اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماہ رخ بھی موجود تھیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.