انسانی وجود، علم کی معراج اور شکرِ نعمت کا حقیقی مفہوم

0

احمدخان اچکزئی

 

محترم قارئین، انسانی جسم محض گوشت پوست کا ڈھانچہ نہیں بلکہ کائناتِ قدرت کا ایک ایسا شاہکار ہے جس کے تاروپود میں خالقِ حقیقی نے حیرت انگیز سائنسی اصولوں اور توانائی کے لامحدود چشمے پوشیدہ رکھے ہیں۔ اگر ہم عمیق نظر سے دیکھیں تو انسانی وجود خود ایک چلتا پھرتا معجزہ ہے، جہاں ہر لمحہ زندگی کے انمٹ نقوش اور سائنسی حقائق کی داستان رقم ہو رہی ہوتی ہے۔ہم اکثر اس سوال سے غافل رہتے ہیں کہ ہمارا یہ مادی جسم کس طرح متحرک ہے؟ اگر طبی نقطہ نظر سے جائزہ لیں تو دل کی دھڑکن کو جانچنے کے لیے کی جانے والی ای سی جی (الیکٹرو کارڈیوگرام) دراصل اسی برقی رو کی نشاندہی کرتی ہے جو ہمارے سینے میں رواں دواں ہے۔ اسی طرح دماغ کے افعال کو جانچنے کے لیے ای ای جی کا سہارا لیا جاتا ہے۔ جدید سائنس یہ بتاتی ہے کہ انسان کے جسم میں تقریباً سینتیس کھرب موجود ہیں، اور ہر خلیہ ایک حیاتیاتی کیمیائی بیٹری کی مانند ہے جو انسانی بقا اور حرکات کے لیے تقریباً ۱.۴ وولٹ کا برقی کرنٹ پیدا کرتی ہے۔ یہ اس عظیم حقیقت کا مظہر ہے کہ خالقِ کائنات نے انسان کو کس قدر پیچیدہ اور منظم توانائی کے نظام پر استوار کیا ہے۔بدقسمتی سے ہمارے ہاں ایک المیہ یہ رہا ہے کہ علمِ دین اور سائنس کو متضاد یا ایک دوسرے کے لیے اجنبی سمجھ لیا گیا ہے۔ حالانکہ سائنس کبھی کوئی نیا قانون خود سے تخلیق نہیں کرتی بلکہ وہ محض ان قوانین کو “دریافت” کرتی ہے جو اللہ تعالیٰ نے اس کائنات کی ابتدا ہی میں طے کر دیے تھے۔ دنیا کا کوئی سائنسدان یہ دعویٰ نہیں کر سکتا کہ اس نے کوئی اصول خود بنایا ہے؛ وہ صرف قدرت کے پہلے سے موجود ضابطوں کو آشکار کرتا ہے۔ اس تناظر میں اللہ تعالیٰ اس کائنات کا سب سے بڑا سائنسدان اور عظیم ترین آرٹسٹ ہے۔ قرآنِ حکیم ہمیں بارہا اسی تفکر کی دعوت دیتا ہے اور کائنات کو مسخر کرنے کا حکم دیتا ہے تاکہ انسان اس کے قوانین کو سمجھ کر اپنی فلاح کے راستے ہموار کر سکے۔انسانی جسم کا سب سے طاقتور اور معجزاتی حصہ اس کا دماغ ہے، جو محض تین پاؤنڈ وزنی ہونے کے باوجود کائنات کی وسعتوں کو سمیٹے ہوئے ہے۔ یہ حیرت انگیز عضو صرف بیس واٹس کی بجلی پر کام کرتا ہے لیکن اس کی پروسیسنگ کی صلاحیت اتنی وسیع ہے کہ یہ ایک سیکنڈ میں گیارہ ملین بٹس کے حسّی ڈیٹا کو پروسیس کرتا ہے۔ اس کی یادداشت کی گنجائش ڈھائی پیٹا بائٹس تک بتائی جاتی ہے۔ انسانی دماغ کی سب سے بڑی خوبی اس کی ریئل ٹائم اڈاپٹیشن یعنی حالات کے فوری ادراک اور فیصلوں کی صلاحیت ہے، جس کا مقابلہ آج کی جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلیجنس بھی نہیں کر سکتی۔جیسے کہ ایک جدید کمپیوٹر کو زیادہ بوجھ اور گرمی سے بچانے کے لیے پنکھے کی ضرورت ہوتی ہے، بالکل اسی طرح انسان جب غصے، حسد یا منفی جذبات کی زد میں آتا ہے تو اس کا دماغ گرم ہو جاتا ہے اور وہ درست فیصلے کرنے کی صلاحیت سے عاری ہو جاتا ہے۔ ایسے میں ذہنی توازن اور اعتدال کو برقرار رکھنے کے لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت یعنی چہرے کی مسکراہٹ بہترین علاج اور “دماغ کا پنکھا” ہے۔ سیرتِ طیبہ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ آپ ﷺ کے مبارک چہرے پر ہمیشہ تبسم رہتا تھا، جو آپ کے قربِ مکانی اور اعلیٰ اخلاق کا روشن استعارہ تھا۔علم و حکمت کے اس سفر میں استاد کا کردار انتہائی کلیدی ہے۔ استاد صرف حروف کی پہچان نہیں کراتا بلکہ وہ شاگرد کے ذہن میں کائنات کا ایک درست اور شفاف نقشہ تشکیل دیتا ہے۔ بدقسمتی سے آج ہمارے معاشرے میں اس پیشے اور علم سے وہ وابستگی نظر نہیں آتی جس کا تقاضا قرآن نے کیا تھا؛ کیونکہ قرآن کا آغاز ہی “اقرأ” (پڑھ) کے حکم سے ہوا تھا۔آخر میں، زندگی کا سب سے بڑا سبق شکر گزاری کا مفہوم ہے۔ عربی لغت میں لفظ “شکر” کا مادہ اس اونٹنی کے لیے استعمال ہوتا تھا جس کے تھن ہر وقت دودھ سے بھرے رہتے ہیں اور وہ اسے دوسروں کے لیے کھول دیتی ہے۔ لہٰذا، حقیقی شکر یہ نہیں کہ صرف زبان سے الفاظ ادا کیے جائیں، بلکہ اس کا اصل تقاضا یہ ہے کہ اللہ کی عطا کردہ نعمتوں جیسے بصارت، سماعت، اور فہم و فراست کو دنیا کی بھلائی اور انسانوں کی فلاح کے لیے کھلا رکھا جائے۔ جب انسان کائنات کے قوانین کو سمجھ کر ان کو انسانیت کی خدمت میں بروئے کار لاتا ہے، تب جا کر وہ زندگی کے اصل مقصد اور تخلیق کی حکمت کو پاتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.