کراچی(زیبائے پاکستان) ترجمان سندھ حکومت نے مصطفی کمال کے نئے صوبوں سے متعلق بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا خواب دیکھنے والے پہلے اپنی سیاسی زمین تلاش کریں۔ وفاقی وزارت کے مزے اور صوبوں کی تقسیم کے شوشے، یہ پرانی سیاست اب نہیں چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے خود ایک انٹرویو میں ایم کیو ایم کو ’’رینٹل جماعت‘‘ قرار دیا تھا۔ مصطفیٰ کمال کے اپنے الفاظ تھے کہ ’’ایم کیو ایم کو پیسے دے کر کوئی بھی کام کروا لو۔ جس جماعت میں مصطفیٰ کمال پروان چڑھے اور جس کے رکن رہے، اس پر ٹارگٹ کلنگ، چائنا کٹنگ اور بوری بند لاشوں جیسے سنگین الزامات کراچی نہیں بھولا۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ماضی سے جڑے سوالوں کا جواب دیے بغیر شہر کو امن کا درس دینا مناسب نہیں۔ کراچی کو ’’را‘‘ سے آزاد کرانے کے دعوے ماضی کے داغ بیانات سے نہیں دھوتے۔ 16 سالہ کارکردگی پر طعنہ دینے والے وفاق میں بیٹھ کر عوام کا کون سا دکھ بانٹ رہے ہیں؟
صوبائی حکومت کی ترجمان نے کہا کہ جعلی ڈومیسائل کا راگ الاپنے والے پہلے میرٹ پر دی گئی ہماری نوکریوں کا ریکارڈ دیکھ لیں۔ نئے صوبوں کا نعرہ اپنی سیاسی سانسیں بحال رکھنے کی ناکام کوشش ہے۔ بلدیاتی میدان سے بھاگنے والے نئے صوبوں کے کھوکھلے نعروں کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔
مصطفی کمال کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے دعوے دار بلدیاتی ضمنی انتخابات میں ایک نشست بھی نہیں جیت سکیں گے۔ سندھ دھرتی ایک تھی، ایک ہے اور ایک ہی رہے گی؛ اسمبلی کا فیصلہ اٹل ہے۔ لسانی سیاست کے ذریعے شہر کا امن خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔
