پولیس نے کڑیاں جوڑنا شروع کردیں؟ میر رضا کے 5 دوستوں سمیت 18 افراد پولیس کی حراست میں

0

کراچی (زیبائے پاکستان)کراچی میں میر رضا کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پولیس نے گلستان جوہر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کے مطابق مجموعی طور پر 18 افراد کو تھانے منتقل کیا گیا ہے جن سے کیس کے مختلف پہلوؤں پر معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے آغاز سے ہی ان تمام افراد کی نگرانی کی جا رہی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ زیرِ تفتیش ہر شخص کا الگ الگ بیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے تاکہ واقعے سے متعلق تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ پولیس کسٹڈی میں موجود 6 افراد کا تعلق گیسٹ ہاؤس سے بتایا گیا ہے جبکہ بیان کے لیے بلائے گئے 5 افراد میر رضا کے دوست ہیں۔

تحقیقات کے سلسلے میں میر رضا کے پارٹنر کو بھی تھانے طلب کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مجموعی طور پر 13 افراد سے تفصیلی تفتیش کی جائے گی جبکہ 5 افراد کے مکمل بیانات حاصل کیے جائیں گے تاکہ کیس کی کڑیاں جوڑی جا سکیں۔

لاپتہ ہونے سے لے کر لاش ملنے تک کا خوفناک سفر

واضح رہے کہ میر رضا علی خان 28 جولائی کو اپنے گھر واقع پی ای سی ایچ ایس سے اچانک پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے تھے اور ان کی مسخ شدہ لاش دو روز بعد گلستانِ جوہر کے علاقے سے برآمد ہوئی تھی۔ دستیاب معلومات کے مطابق میر رضا علی اس پرسرار صبح ٹھیک 4 بج کر 9 منٹ پر گھر سے ایک آن لائن ٹیکسی کے ذریعے روانہ ہوئے تھے جس کے بعد ان کا اپنے اہلِ خانہ یا کسی بھی شخص سے کوئی رابطہ بحال نہ ہو سکا۔

پولیس حکام کے مطابق جب میر رضا علی کی لاش ملی تو وہ انتہائی خراب اور گل سڑ چکی حالت میں تھی اور انہیں انتہائی قریب سے سینے پر گولیاں مار کر بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔ پولیس اس اندوہناک قتل کے تمام ممکنہ پہلوؤں سے نہایت باریک بینی سے تحقیقات کر رہی ہے اور موقع سے ملنے والے تمام شواہد کا گہرائی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.