تحریر: شاہین بارانزئی
اس وقت بلوچستان اسمبلی کی تازہ صورت حال یہ ہے کہ صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی سے ایک سچ اُگلوایا گیاہے ، اور اس معاملے کو چیستان بنانے کے لیے صوبائی وزرا، مشراء، پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین جن میں میر ضیاء اللہ لانگو ، بخت محمد کاکڑ، نور محمد دومڑ، حاجی علی مدد جتک ، برکت رند ، اسفند یار کاکڑ ، ہادیہ نواز، فرح عظیم شاہ اور اشوک کمار وغیرہ شامل ہیں کو آگے کرکے بلوچستان اسمبلی میں ایک میر صادق عمرانی کے خلاف ایک مذمتی قرار داد پیش کروائی گئی ہے۔
میر محمد صادق خان عمرانی کے ذریعے جو سچ اُگلوایا گیا ہے اس کا متن یہ ہے کہ :اسلام آباد میں جو سیکیورٹی ورکشاپ منعقد ہوا تھا میں بلوچستان کے وزراء، مشراء، پارلیمانی سیکرٹریز ، اراکین، سیاسی ، سماجی اور قبائلی عمائدین شامل ہوئے تھے ۔ ان کے ساتھ نامناسب رویہ ہے اختیار کیاگیا ہے ۔ آسان الفاظ میں یوں سمجھ لیجیے کہ ’’اپنے محبوب کے کوچے سے بڑے بے آبرو ہوکر نکلے تھے‘‘۔
اور اپنااُگلوایا گیا سچ کے خلاف اپنے ہی اراکینِ اسمبلی کے ذریعے پیش کردہ قرار داد کا متن میں سے ایک ٹکڑا یہ ہے:
’’مورخہ 31 اگست 2026ئ کی اسمبلی نشست میں صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کی جانب سے یہ الفاظ استعمال کیے گئے تھے کہ 235 افراد کو اسلام آباد میں بلایا اور ایم پی ایز وہاں بیٹھے تھے گالیاں کھا کے وہاں سے باعزت طریقے سے آئے ہیں‘‘ ۔لہذا ’’یہ الفاظ گمراہ کن ، نامناسب اور قابل اعتراض ہیں۔‘‘
اراکین بلوچستان اسمبلی نے اپنی گند کپڑے میں لپیٹ کر عوام کے منہ میں لگانے کے لیے مزید کہا ہے کہ :
’’اراکین اسمبلی عوام کے منتخب نمائندے ہیں، ان کی عزتِ تکریم دراصل عوام کے مینڈیٹ ، جمہوری اقدار اور پارلیمانی ادارے کے احترام کی عکاسی کرتی ہے‘‘۔
بہت خوب…… ان کے لیے تالیاں بجائی جائیں۔
پھر دونوں جانب بڑی دھواں دار تقاریر کا تبادلہ بھی بڑا دلچسپ ہے۔ میر محمد صادق عمرانی صاحب اپنی تقاریر میں کہتے ہیں یہ بالکل ایسا ہی ہوا ہے میں اپنے موقف پر آج بھی کھڑا ہوں ، جبکہ ان کی پارٹی کے ہی ایک شہسوار ممبر بلوچستان اسمبلی حاجی میر علی مدد جتک اپنی لازوال ، جوشیلے اورنہایت دلچسپ خطابت میں ایک اور سچ سے پردہ اٹھایا ہے کہ ہمیں اس ورکشاپ میں ہمارے فیلڈ مارشل نے اتنی عزت دی ہے جس کا ہم لائق ہی نہیں ہیں۔
میرا ذاتی خیال ہے اور میرے خیال کے ساتھ جو لوگ بلوچستان کے پارلیمنٹریز کے قدو کاٹ ، ان کے طور طریقے، ان کے چال ڈھال، ان کی حرکات و سکنات سے واقف ہیں ان سب کا بھی یہی خیال ہوگا کہ میر صادق عمرانی سے جو سچ شعوری طور پر اُگلوایاگیا ہےِ اس سے جو سچ لاشعوری طور پر میر علی مدد جتک کے منہ سے اگل چکا ہے زیادہ حقیقت پر مبنی اور مباحثے کے لیے موزون ہے۔
یار! جس اراکینِ اسمبلی کے ہاں عزت کا معیار فائیو اسٹار ہوٹلوں میں رہائش دینا ہو جیسا کہ رکنِ اسمبلی محترمہ رفرح عظیم شاہ کہتی ہیں ان اراکینِ اسمبلی کے ہاں عزت و وقار کا کیا پیمانہ ہوگا؟
تاہم میر صادق عمرانی نے جو سچ کہا ہے یہ ان کی زندگی کا مسلمہ طور پر پہلا ،اور ان کی زندگی کاجائزہ لے کر امید کے طور پرآخری سچ ہوگا۔ مگر یہ سچ بھی خود نہیں اُگلا ہے بلکہ اگلوایاگیا ہے، جس کی بہت ساری وجوہات ہیں:
ایک وجہ تو یہ ہے کہ اس ورکشاپ کی شرکت کے بعد نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ صاحب میڈیا میں بہت وائرل ہوئے،ہم بھی ایسا وائرل ہوجائیں، کیوں کہ یہ لوگ عزت وزت سے سروکار نہیں رکھتے ہیں ، بس ہرحال میں میڈیا میں وائرل رہنا چاہتے ہیں نیک نامی نہ تو بدنامی ہی سہی۔
دوسرا یہ کہ یہ لوگ ہر وقت، ہر صورت میں فیلڈ مارشل کی تعریفیں کرنا چاہتے ہیں اس کے لیے موقع تلاش کرتے ہیں جب کوئی موقع پیدا نہ تو یہ خود ایسا موقع گھڑ کر، تراش خراش کرکے خود تیار کرتے ہیں، اور پھر بولتے ہیں۔
تیسرا یہ کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا بنایاگیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہر وقت کی طرح اب بھی یاروں کی بات مانتے ہوئے بیان داغ دیا کہ مستونگ کے باغات کاٹ دیں گے جس کے بعد عوام کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنا، اب سوشل میں میڈیا کا رخ کسی اور طرف موڑنا ہے۔
چوتھا یہ کہ انہوں نے یہ بتانا تھا مذکورہ ورکشاپ میں صرف اراکین اسمبلی بے عزت نہیں ہوئے ہیں بلکہ بلوچستان تعلق رکھنے والے 235 افراد شامل تھے بے عزت ہوچکے ہیں۔ کیوں کہ اس سے پہلے یہ خبر نہیں آئی تھی اور تعداد معلوم نہیں تھا کہ بلوچستان سے کتنے لوگوں نے حاضری لگائی تھی؟
پانچواں یہ کہ2013ئ میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا متعارف کرایاگیا ’’مری معاہدے‘‘ کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان ہونے والے معائدے کی مدت مکمل ہوچکی ہے، اب معاملے کو ایک نیا رخ دیتے ہوئے ہیں اقتدار کا تبادلہ کرنا چاہتے ہیں۔
