تحریر: عباس مہد
آج کا سوشل میڈیا فکری افلاس، اخلاقی تنزلی اور ارزاں شہرت کا ایسا غلیظ جوہڑ بن چکا ہے جہاں صدیوں کے تقدس، خون پسینے کی قربانیوں اور خاندانی نظام کی مضبوط بنیادوں کا چند سیکنڈز کی ویڈیو کے لیے تمسخر اڑایا جاتا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے ٹک ٹاک اور فیس بک پر ایک انتہائی لغو، سستا اور ارزاں جملہ زہر کی طرح پھیلایا جا رہا ہے: “ایک کچوری، دو سموسہ… ان مردوں کا کیا بھروسہ!” بظاہر یہ ایک مضحکہ خیز ٹرینڈ اور سطحی تک بندی لگتی ہے، لیکن اگر تہذیبی شعور اور تلخ حقائق کی کسوٹی پر پرکھا جائے تو یہ جملہ اس عورت کی شدید فکری ناظرکاری اور نااسپاسی کا کھلا ثبوت ہے جو اپنی پوری زندگی اسی مرد کے سائے، اسی کی ہڈی توڑ کمائی اور اسی کی فراہم کردہ امان میں گزار کر اسی کے وجود کو للکارنے کی جسارت کرتی ہے۔آئیے! ذرا اس گھمنڈ کا شیشہ توڑ کر اس زہر آلود اور احسان فراموش فکر کو سچائی کا وہ تلخ آئینہ دکھائیں جس میں اسے اپنی بے مائگی اور مرد کے احسانات کا قد نظر آ سکے۔یہ کس مرد کے “بھروسے” پر سوال اٹھایا جا رہا ہے؟ کیا اس مرد پر بھروسہ نہیں جس کی ریڑھ کی ہڈی چالیس سال کی عمر میں سخت مشقت اور وزنی بوجھ اٹھاتے اٹھاتے ٹیڑھی ہو جاتی ہے تاکہ اس کے گھر کی عورت کو کبھی سرِ عام مزدوری نہ کرنی پڑے؟ کیا اس مرد پر بھروسہ نہیں جو جیٹھ کی تپتی دوپہروں میں، جب سڑکوں پر لکھیت پگھل رہی ہوتی ہے، لوہے کے گرم ڈرم اٹھاتا ہے، گہرے اور بدبودار نالوں میں اترتا ہے، بجلی کے ہائی وولٹیج تاروں پر ننگے ہاتھوں سے کام کرتا ہے اور کارخانوں کے زہریلے دھویں میں اپنے پھیپھڑے جلاتا ہے؟ وہ یہ سب کچھ صرف اس لیے سہتا ہے تاکہ اس کی بیٹی اور بیوی کے ہاتھ میں مہنگا ترین اسمارٹ فون ہو، ان کے جسم پر برانڈڈ کپڑے ہوں اور وہ ایئر کنڈیشنڈ کمرے کی ٹھنڈک میں بیٹھ کر اسی مرد کی تذلیل کا وی لاگ بنا سکیں!یہ کیسی اندھی اور بے حیا نااسپاسی ہے کہ جس مرد کے قدموں کی چاپ گھر کے دروازے پر سن کر ایک عورت خود کو زمانے کی ہر بلا سے محفوظ سمجھتی ہے، اسی کے وجود پر سوال اٹھایا جاتا ہے؟ ذرا بسترِ مرگ پر پڑی ہوئی سچائی کو دیکھیے کہ عورت کا وجود اور اس کی حیثیت مرد کے بغیر آخر ہے کیا؟ قرینِ قیاس اور تاریخی حقیقت یہ ہے کہ خلقت کے دن سے لے کر آج تک عورت کے سر پر قائم عزت، تحفظ، ناموس اور معاشرتی وقار کی چھت کسی نہ کسی مرد ہی کی مرہونِ منت ہے۔ جس دن کسی گھر سے مرد کا سایہ اٹھتا ہے، اس دن اس بے رحم اور درندہ صفت معاشرے کے بھیڑیے اس گھر کی عورتوں کی طرف کس نگاہ سے دیکھتے ہیں، یہ تلخ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ ایک باپ، ایک شوہر، ایک بھائی اور ایک بیٹے کی شکل میں مرد ایک ایسا غیر مرئی لیکن ناقابلِ تسخیر قلعہ ہے جو دنیا کی تمام غلاظتوں، طوفانوں اور بری نظروں کے آگے اکیلا سینہ تان کر کھڑا رہتا ہے۔اگر مرد نے اپنا بھروسہ قائم نہ کیا ہوتا، تو اس دنیا کا کوئی بھی ملک، کوئی بھی شہر اور کوئی بھی گھر آباد نہ ہوتا۔ ذرا اپنی آنکھیں کھول کر دیکھیے کہ مرد کا بھروسہ آخر ہے کیا:باپ کی وہ بوڑھی جوانی: مرد کا بھروسہ وہ باپ ہے جو اپنی بیٹی کی شادی کے جوڑے اور جہیز کی خاطر اپنے جوتے کا تلہ گھس جانے کے باوجود مسکراتا ہے۔ وہ اپنی بیماریوں کی دوائیاں چھوڑ کر بیٹی کے برانڈڈ سوٹ خریدتا ہے اور اپنی جوانی کا آخری قطرہ تک بیچ کر باپ ہونے کا حق ادا کرتا ہے۔شوہر کی خاموش مشقت: مرد کا بھروسہ وہ شوہر ہے جو دفاتر میں اپنے جاہل افسران کی جلی کٹی باتیں سنتا ہے، سڑکوں کی دھول پھانکتا ہے، اپنی ذات پر ایک روپیہ خرچ کرنے سے پہلے سو بار سوچتا ہے، مگر مہینے کی یکم تاریخ کو اپنی تمام تر محنت اور خون کی کمائی لا کر خاموشی سے عورت کی ہتھیلی پر رکھ دیتا ہے۔پردیس میں گھٹتا ہوا بھائی: مرد کا بھروسہ وہ بھائی ہے جو اپنی بہن کے روشن مستقبل اور اچھے رشتے کی خاطر اپنے تمام جذبات کا گلا گھونٹ کر پردیس کی کٹھن زندگی، تپتے صحراؤں اور تنہائی کا زہر پیتا ہے۔سرحد کا گمنام پاسبان: مرد کا بھروسہ وہ سرحد پر کھڑا سپاہی ہے جو منفی چالیس ڈگری کے یخ بستہ ماحول میں ہاتھ میں بندوق لیے برفیلے طوفانوں کے سامنے ڈٹا رہتا ہے تاکہ ملک کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں اپنے نرم بستروں پر سکون کی نیند سو سکیں اور صبح اٹھ کر بغیر کسی خوف کے سوشل میڈیا پر انہی مردوں کی بدگوئی کر سکیں۔مرد وہ صابر اور خاموش مجاہد ہے جو اپنے سینے میں اٹھنے والے شدید درد اور بیماری کا ذکر بھی گھر میں اس ڈر سے نہیں کرتا کہ کہیں اس کے بچوں کے اسکول کی فیس یا گھر کے راشن کا بجٹ متاثر نہ ہو جائے۔ وہ ہارٹ اٹیک، کینسر اور جوڑوں کے درد سے تڑپتا رہتا ہے مگر صبح چھ بجے کی بس پکڑنے کے لیے پھر سے کھڑا ہو جاتا ہے، کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اگر وہ گر گیا تو اس کے پیچھے کھڑا پورا خاندان اور اس کی عورت سڑک پر آ جائیں گے۔لیکن افسوس کہ آج کی جدید، سطحی اور نام نہاد سستی آزاد فکر نے عورت کو اس قدر نابینا اور خود غرض کر دیا ہے کہ اسے یہ تمام تر سچائیاں نظر ہی نہیں آتیں۔ ایک کچوری اور دو سموسے کی ارزاں مثال دینے والی ذہنی ناہمواری کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ جس پلیٹ میں وہ کھانا کھاتی ہے، جس چار دیواری کے نیچے وہ محفوظ بیٹھتی ہے، جس گاڑی میں وہ سفر کرتی ہے اور جس لباس سے وہ اپنا تن ڈھانپتی ہے، وہ اس کے اپنے نازک ہاتھوں کی کمائی نہیں بلکہ اسی مرد کی خون پسینے سے سینچی ہوئی کٹھن مشقت کا ثمر ہے۔اگر مرد صرف ایک دن کے لیے اس ملک میں کام کرنا چھوڑ دے، اگر مرد سڑکوں پر گاڑیاں چلانا بند کر دے، بجلی کے کھمبوں پر چڑھنا چھوڑ دے، کھیتوں میں ہل چلانا بند کر دے، گیس اور پٹرول کی فراہمی روک دے اور بارڈر پر پہرہ دینا چھوڑ دے، تو چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر یہ تمام تر ناز و نعم، تمام تر بناؤ سنگھار، تمام تر بیوٹی پارلرز اور تمام تر فرسودہ نعرے دھڑام سے زمین پر آ گریں گے۔ چوبیس گھنٹے میں عورت کو اپنے وجود کی بقا اور تحفظ کا کوئی راستہ نظر نہیں آئے گا۔تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ مرد نے کبھی اپنی قربانیوں کا اشتہار نہیں لگایا۔ اس نے کبھی اپنی تھکن کا قصیدہ نہیں پڑھا۔ اس نے کبھی اپنی پھٹی ہوئی بنیاین، ٹوٹے ہوئے چپل اور خالی جیب کا ڈھنڈورا نہیں پیٹا۔ اس نے اپنے تمام اندرونی زخم اپنے اندر دفن کیے اور دنیا کے سامنے صرف ایک مضبوط سائبان بن کر کھڑا رہا۔ مگر اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ اس کی خاموشی کو اس کی کمزوری سمجھا جائے اور اس کے خلوص کا اس طرح سستے ویوز اور لائکس کی خاطر تمسخر اڑایا جائے۔مرد کو تذلیل یا طعن و تشنیع کی نہیں، بلکہ اعتراف اور احترام کی ضرورت ہے۔ جو عورت ایک مرد کے سائے میں پل کر، اسی کی حلال کمائی کا رزق کھا کر، اسی کے فراہم کردہ چھت کے نیچے بیٹھ کر اور اسی کے تحفظ میں سانس لے کر پورے جنسِ مرد کی توہین کرتی ہے، اسے اپنے گریباں میں جھانک کر اپنے وجود پر شرم آنی چاہیے۔ اگر اس کے اندر ذرا سی بھی اخلاقی رمق اور سچائی باقی ہے تو اسے تسلیم کرنا پڑے گا کہ مرد اس دنیا کا سب سے بڑا سہارا، سب سے بڑی طاقت اور سب سے سچا بھروسہ ہے۔لہٰذا، سوشل میڈیا کے اس غلاظت زدہ دور میں سستے ٹرینڈز اور ارزاں شہرت کی خاطر مرد کا مذاق اڑانے والی زبانوں کو اب لگام لگنی چاہیے۔ مرد ایک ناقابلِ تسخیر چٹان ہے، وہ ایک سچا قوام ہے، اور اس کے وجود کا احترام ہی کسی بھی مہذب، باوقار اور قائم دائم معاشرے کی اصل ضمانت ہے!
