پاکستانی شہریوں کے لیے قطر کا ’ویزا آن ارائیول‘ بحال: 30 دن کا مفت سیاحتی ویزا کیسے حاصل کریں؟

0

اسلام آباد(زیبائے پاکستان)قطر کی حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ‘ویزا آن ارائیول’ (آمد پر ویزا) کی سہولت باضابطہ طور پر بحال کر دی ہے۔

قطر کے محکمہ پاسپورٹ اینڈ بارڈر افیئرز کی ویب سائٹ پر جاری کردہ نئی ہدایات کے مطابق پاکستان، بھارت اور تھائی لینڈ کے شہریوں کے لیے 30 دن کی میعاد پر مشتمل مفت ‘آن ارائیول’ سیاحتی ویزا کی سہولت بحال کی گئی ہے۔

قطری حکام اور پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے دوحہ جانے والے مسافروں کے لیے لازمی سفری تقاضوں کی تفصیلات شیئر کی ہیں تاکہ مسافروں کو ہوائی اڈے پر کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ویزا آن ارائیول حاصل کرنے کے لیے بنیادی شرائط:

پاسپورٹ کی میعاد: مسافر کے پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 3 ماہ باقی ہونا ضروری ہے۔

رِٹرن ٹکٹ: دوحہ سے واپسی یا آگے کی منزل کا تصدیق شدہ فضائی ٹکٹ لازمی ہے۔

ہوٹل بکنگ: تمام مسافروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی رہائش کی بکنگ صرف اور صرف ’ڈسکور قطر‘ (Discover Qatar) کے آفیشل پلیٹ فارم کے ذریعے ہی کریں۔

ہیلتھ انشورنس: مسافروں کے پاس قطر کی منظور شدہ انشورنس کمپنی کی کم از کم ایک ماہ کی ہیلتھ انشورنس ہونا لازمی ہے۔

انشورنس کی فیس 50 قطری ریال (تقریباً 3,800 پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ کے مطابق انشورنس کی خریداری کے لیے ‘قطر انشورنس کمپنی’ (QIC) یا ‘کیو ایل ایم’ (QLM) کو ترجیح دی جائے۔

ایئرپورٹ پر عمل درآمد کا طریقہ کار
پاکستانی وزارتِ خارجہ کے مطابق ہیلتھ انشورنس کی خریداری کے بعد مسافر کو ای میل پر سرٹیفکیٹ اور رسید موصول ہو گی، جن کی پرنٹ شدہ کاپی سفر کے دوران ساتھ رکھنا ضروری ہے۔

دوحہ کے حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر مسافروں کو درج ذیل مراحل سے گزرنا ہوگا:

امیگریشن کاؤنٹر سے قبل ایئرپورٹ پر موجود ’ڈسکور قطر‘ ڈیسک پر جا کر اپنے ہوٹل کی دستاویزات کی تصدیق اور مہر ثبت کروانی ہوگی۔

اس کے بعد مسافر مرکزی امیگریشن کاؤنٹر پر جا سکیں گے، جہاں بائیومیٹرک مراحل، آنکھوں کی اسکیننگ اور ویزا پراسیسنگ مکمل کی جائے گی۔

یاد رہے کہ رواں برس 30 مارچ 2026 کو قطر میں واقع پاکستانی سفارت خانے نے ایک اعلامیے کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ ‘موجودہ حالات’ کے پیشِ نظر ویزا آن ارائیول کی سہولت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے اور شہریوں کو پیشگی ویزا حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

قطر اس سے قبل مئی 2018 سے پاکستانیوں کو ترمیم شدہ پالیسی کے تحت آمد پر ویزا کی سہولت فراہم کرتا رہا ہے۔ تاہم اب قطری وزارتِ داخلہ کے پورٹل پر پاکستان کا نام دوبارہ منظور شدہ ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے، جس سے قطر جانے والے پاکستانی شہریوں اور سیاحوں کو بڑی سہولت حاصل ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.