صدرِ مملکت کو وفاقی محتسب کی سالانہ رپورٹ 2025 پیش

0

اسلام آباد(زیبائے پاکستان)8 اکتوبر 2026ء — وفاقی محتسب جناب نوید کامران بلوچ نے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت جناب آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں سال 2025ء کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔

وفاقی محتسب نے صدرِ مملکت کو ادارے کی کارکردگی اور عوام کو انتظامی انصاف تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2025ء میں ریکارڈ 2 لاکھ 61 ہزار 101 شکایات کا ازالہ کیا گیا، جبکہ سال 2024ء میں 2 لاکھ 23 ہزار 198 شکایات نمٹائی گئی تھیں۔ شکایات کے فیصلوں پر عمل درآمد کی شرح 96.8 فیصد رہی۔

وفاقی محتسب نے ادارے کی خدمات کو ملک کے 28 شہروں تک وسعت دینے، بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ون ونڈو سہولت ڈیسک قائم کرنے اور دیگر اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 88 فیصد شکایات قانونی طور پر مقرر کردہ 60 روزہ مدت کے اندر نمٹا دی گئیں۔

صدرِ مملکت نے وفاقی محتسب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ عوام کی خدمت کے لیے ایک مفید کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ وفاقی محتسب کی سرگرمیوں، بالخصوص عوامی شکایات کے فوری اور بروقت ازالے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ادارے کی خدمات سے مستفید ہو سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.