کراچی (زیبائے پاکستان)پاکستان کے معروف مذہبی عالم مفتی تقی عثمانی نے کرپٹو کرنسی سے متعلق نیا فتویٰ جاری کر دیا ہے جس میں کرپٹو کرنسی، کرپٹو ٹوکنز اور اسٹیبل کوائنز کی خرید و فروخت اور سرمایہ کاری کو شریعت کے مطابق ناجائز قرار دیا گیا ہے۔
دارالعلوم کراچی سے جاری اس فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ کرپٹو کرنسی، بلاک چین ٹیکنالوجی پر مبنی کرپٹو ٹوکنز اور مختلف اسٹیبل کوائنز شریعت کے مطابق مال یا قابلِ ملکیت اثاثے کی تعریف پر پورا نہیں اترتے۔ اسی بنیاد پر ان کی خرید و فروخت، تجارت اور سرمایہ کاری کو شرعاً غیر جائز قرار دیا گیا ہے۔
فتویٰ میں واضح کیا گیا ہے کہ چاہے کوئی ڈیجیٹل اثاثہ کرپٹو کرنسی کی شکل میں ہو، کرپٹو ٹوکن ہو یا یو ایس ڈی ٹی جیسا اسٹیبل کوائن، شریعت کی نظر میں ان سب کی حیثیت ایک جیسی ہے اور انہیں مال تصور نہیں کیا جا سکتا۔ اسی وجہ سے ان سے متعلق ہر قسم کا لین دین بھی ناجائز قرار دیا گیا ہے۔
اس میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ مختلف نام یا اصطلاحات استعمال کرنے سے کسی چیز کا شرعی حکم تبدیل نہیں ہوتا۔ کرپٹو کرنسی، ورچوئل کرنسی، ٹوکن اور اسٹیبل کوائن جیسے نام بظاہر الگ ضرور ہیں تاہم یہ سب ایک ہی نوعیت کے ڈیجیٹل اثاثے ہیں اس لیے صرف نام کی تبدیلی سے ان کی شرعی حیثیت تبدیل نہیں ہو سکتی۔
فتویٰ کا اطلاق صرف بٹ کوائن اور ایتھیریم جیسی معروف کرپٹو کرنسیوں تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ بلاک چین کے ذریعے جاری ہونے والے دیگر کرپٹو ٹوکنز اور یو ایس ڈی ٹی سمیت تمام اسٹیبل کوائنز کو بھی اسی حکم کے تحت شامل کیا گیا ہے۔
اس فتویٰ کی متعدد جید اسلامی علما نے بھی توثیق کی ہے جسکے باعث مذہبی حلقوں میں اس کی اہمیت اور وقعت مزید بڑھ گئی ہے جبکہ کرپٹو کرنسی کے شرعی جواز پر نئی بحث بھی شروع ہو گئی ہے۔
