کوئٹہ کو تین اضلاع میں تقسیم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کوئٹہ کے منتخب نمائندوں کو اس بابت ضرور آواز بلند کرنا چاہئے

تحریر ؛ میر اسلم رند
بلوچستان ایک وسیع و عریض صوبہ ہے جس کی ترقی ہمیشہ سے بہتر انتظامی ڈھانچے اور عوامی مسائل کے موثر حل سے وابستہ رہی ہے موجودہ حکومت بلوچستان نے بعض ایسے اقدامات بھی کیے ہیں جنہیں عوامی حلقوں میں سراہا گیا اور کچھ فیصلے ایسے بھی سامنے آئے جن پر تنقید کی گئی لیکن یہ بات واضح رہنی چاہیے کہ ہماری تنقید برائے تنقید نہیں بلکہ تنقید برائے اصلاح ہوتی ہے تاکہ نظام بہتر ہو اور عوام کو زیادہ سہولیات میسر آسکیں
گزشتہ روز حکومت بلوچستان کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں صوبے کے ڈویژنز میں اضافہ کیا گیا یہ ایک اہم انتظامی قدم ہے جس کا مقصد حکومتی امور کو بہتر انداز میں چلانا اور عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے پورے بلوچستان کے حوالے سے تو مختلف آراء ہو سکتی ہیں تاہم کوئٹہ کے حوالے سے ایک دیرینہ عوامی مطالبہ ہے جسے اب سنجیدگی سے زیر غور لانا وقت کی ضرورت بن چکا ہے کوئٹہ اس وقت بلوچستان کا سب سے بڑا اور گنجان آباد شہر ہے اندازوں کے مطابق اس کی آبادی تقریباً پچاس لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے یہ شہر صرف ایک شہر نہیں بلکہ بلوچستان کی تمام قومیتوں کا گلدستہ ہے یہاں پشتون بلوچ ہزارہ پنجابی سندھی اور دیگر قومیتوں کے لوگ آباد ہیں ہمارے درمیان رشتے داریاں ہیں خوشی اور غم مشترک ہیں اور ہم سب مل کر اس شہر کی شناخت بناتے ہیں اتنی بڑی آبادی اور وسیع شہری پھیلاؤ کے باوجود کوئٹہ کو آج بھی ایک ہی ضلع کے طور پر چلایا جا رہا ہے انتظامی اعتبار سے یہ صورتحال نہ صرف مشکل ہے بلکہ عوامی مسائل کے حل میں بھی رکاوٹ بنتی ہے یہی وجہ ہے کہ کوئٹہ کے عوام طویل عرصے سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ شہر کو تین اضلاع میں تقسیم کیا جائے تاکہ انتظامی معاملات بہتر انداز میں چل سکیں اگر کوئٹہ کو تین اضلاع میں تقسیم کیا جائے تو اس کے بے شمار مثبت نتائج سامنے آئیں گے سب سے پہلے تو کوئٹہ کے لیے مختص سرکاری فنڈز میں اضافہ ہوگا ہر ضلع کے لیے الگ ترقیاتی منصوبے بنیں گے جس سے بنیادی ڈھانچے کی بہتری سڑکوں پانی صحت اور تعلیم کے منصوبوں میں اضافہ ہوگا اس کے ساتھ ساتھ سرکاری نوکریوں کے مواقع بھی بڑھیں گے جس سے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے تعلیم کے شعبے میں بھی نمایاں بہتری آئے گی میڈیکل اور انجینئرنگ کے نشستوں میں اضافہ ممکن ہوگا اور تعلیمی اداروں کی تعداد بڑھے گی جب انتظامی یونٹس بڑھتے ہیں تو وسائل کی تقسیم زیادہ متوازن ہو جاتی ہے اور عوام کو سہولتیں ان کے دروازے تک پہنچتی ہیں۔ اسی طرح مہنگائی اور تجاوزات جیسے مسائل کو بھی بہتر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے گا حکومت بلوچستان نے کچلاک اور سریاب کو ضلع کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جو ایک مثبت قدم ہے تاہم اگر شہری علاقے کو بھی ایک الگ ضلع کا درجہ دے دیا جائے تو کوئٹہ کے پچاس لاکھ عوام اس اقدام کو تاریخی فیصلہ سمجھیں گے اور حکومت کے مشکور ہوں گے یہاں ایک اہم نکتہ بھی قابل توجہ ہے صرف اضلاع کا قیام کافی نہیں ہوتا بلکہ ان کے ساتھ انتظامی آفرادی قوت میں بھی اضافہ ضروری ہوتا ہے آج صورتحال یہ ہے کہ پچاس لاکھ کی آبادی کے شہر کو صرف ایک ڈپٹی کمشنر اور چند اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کی محدود ٹیم کے ذریعے چلایا جا رہا ہے ظاہر ہے کہ اتنی بڑی آبادی کے مسائل کو اس محدود انتظامی ڈھانچے کے ذریعے مکمل طور پر حل کرنا انتہائی مشکل کام ہے
اگر اضلاع کے ساتھ ساتھ انتظامی افسران مجسٹریٹس اور دیگر سرکاری عملے کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے تو مہنگائی کے کنٹرول تجاوزات کے خاتمے قانون نافذ کرنے اور عوامی مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے اس سے حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے بھی کم ہوں گے اور ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا بدقسمتی سے کوئٹہ سے منتخب ہونے والے ہمارے نو ایم پی اے صاحبان اس اہم عوامی مطالبے پر خاموش دکھائی دیتے ہیں حالانکہ یہ مسئلہ براہ راست ان کے حلقوں کے عوام سے جڑا ہوا ہے عوام امید رکھتے ہیں کہ ان کے منتخب نمائندے اس دیرینہ مطالبے کو ایوانوں تک پہنچائیں گے اور کوئٹہ کے بہتر مستقبل کے لیے آواز بلند کریں گے ہمیں امید ہے کہ حکومت بلوچستان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کوئٹہ کے عوام کے اس جائز اور دیرینہ مطالبے پر ضرور غور کریں گے کوئٹہ کو تین اضلاع میں تقسیم کرنا صرف ایک انتظامی فیصلہ نہیں بلکہ یہ شہر کے بہتر مستقبل عوامی سہولتوں اور صوبے کی مجموعی ترقی کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے
