ڈیجیٹل اثاثوں کے لین دین کیلئے شریعہ ایڈوائزری بورڈ قائم کر رہے ہیں، بلال بن ثاقب

0

اسلام آباد(زیبائے پاکستان) وزیر مملکت برائے ڈیجیٹل اثاثہ جات اور چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے حوالے سے مفتی اعظم پاکستان کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور ان کی رہنمائی حاصل کی جا رہی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلال بن ثاقب نے کہا کہ ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے لین دین کے شرعی پہلوؤں کا جائزہ لینے کیلئے شریعہ ایڈوائزری بورڈ قائم کیا جارہا ہے، ڈیجیٹل اثاثوں کے لین دین اور متعلقہ معاملات میں بورڈ سے رہنمائی حاصل کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے حوالے سے مفتی اعظم پاکستان سے بھی رہنمائی حاصل کی جارہی ہے تاکہ اس شعبے کو شرعی اصولوں اور ملکی تقاضوں کے مطابق آگے بڑھایا جاسکے۔

بلال بن ثاقب نے بتایا کہ ڈیجیٹل ترسیلات زر کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر بھیجنے کی لاگت میں تقریباً ایک فیصد کمی لائی جاسکتی ہے، ان کے مطابق اس وقت ڈیجیٹل ترسیلات زر کی موجودہ لاگت تقریباً 6.5 فیصد ہے، جسے ایک فیصد تک کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ترسیلات زر کی لاگت میں کمی سے پاکستانیوں کو سالانہ تقریباً 41 کروڑ ڈالر کی بچت ہوسکتی ہے۔

چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا کہ اتھارٹی نے اپنے قیام کے ابتدائی 6 ماہ میں غیر معمولی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں 4 کروڑ صارفین کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے شعبے کو باقاعدہ ریگولیٹری فریم ورک کے تحت ترقی دی جائے گی تاکہ صارفین کے تحفظ، شفاف لین دین اور نئی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ جولائی 2026 میں پاکستان کے معروف اسلامی اسکالر اور ممتاز مفتی، مفتی محمد تقی عثمانی نے کرپٹو کرنسی سے متعلق نیا شرعی فتویٰ جاری کرتے ہوئے اسلامی شریعت کی روشنی میں کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت کو ناجائز قرار دیا تھا۔

جس میں کہا گیا تھا کہ یہ شرعی حکم صرف کرپٹو کرنسی تک محدود نہیں بلکہ کرپٹو ٹوکنز اور اسٹیبل کوائنز، جیسے یو ایس ٹی ڈی (USDT)، پر بھی یکساں طور پر لاگو ہوگا۔

فتویٰ میں کہا گیا تھا کہ کرپٹو کرنسی اسلامی اصولوں کے مطابق مال یا قابلِ ملکیت اثاثہ نہیں، اس لیے اس کی خرید و فروخت شرعاً جائز نہیں۔

جس کے بعد گیارہ جولائی کو پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نےکہا تھا کہ ڈیجیٹل اثاثوں اور ان کی شرعی حیثیت سے متعلق جاری بحث پر مفتی تقی عثمانی سے اہم ملاقات ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں پاکستان کے شہریوں کو مالی فراڈ، استحصال اور ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنے کے مشترکہ مقصد پر اتفاق کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.