شکارپور(زیبائے پاکستان)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور چیٸرمین میونسپل کمیٹی شکارپور فیاض محمود شیخ کا یومِ آزادی کے پُر مسرت کے موقع پر اپنے جاری کردہ میڈیا بیان میں کہا ہے کہ 14 اگست ہمیں اپنے بزرگوں اور ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں ہمیں ایک آزاد وطن نصیب ہوا۔ پاکستان ہماری پہچان، ہماری امید اور ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل ہے، اس لیے ہم سب پر لازم ہے کہ وطن عزیز کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
فیاض محمود شیخ نے کہا کہ یومِ آزادی محض ایک جشن کا دن نہیں بلکہ یہ تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ ہمیں اس موقع پر یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے ملک کی سالمیت، قومی یکجہتی اور امن و ترقی کے لیے متحد ہوکر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ اتحاد، بھائی چارے، برداشت، تعلیم اور نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے سے ہو کر گزرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اور بالخصوص شکارپور کی عوام محب وطن ہیں اور انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سندھ کے عوام کو بھی ترقی کے یکساں مواقع، معیاری تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ صوبے کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ لے سکیں۔
فیاض محمود شیخ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے روشن مستقبل کے لیے تعلیم حاصل کریں، مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنیں اور قومی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان ہی کل کا پاکستان ہے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کرکے ملک کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو ترجیح دینی چاہیے۔ قومی پرچم ہمارے اتحاد، خودمختاری اور قومی تشخص کی علامت ہے، اس لیے ہر پاکستانی کو اپنے وطن سے محبت، ذمہ داری اور وفاداری کے جذبے کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔
Next Post
