متحدہ عرب امارات کا استحکام پاکستان کی سلامتی کا حصہ ہے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
ویب ڈیسک | 16 فروری 2026
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ابوظہبی کے نائب حکمران اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان سے اہم ملاقات کی ہے۔ ایک نجی چینل کے مطابق، آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، بالخصوص اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی معاشی ترقی اور سیکیورٹی کے لیے متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعاون اور دہائیوں پر محیط سرمایہ کاری پر اماراتی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اماراتی قیادت کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات کا امن اور سیکیورٹی دراصل پاکستان کی اپنی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں اس تعلق کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ خطے میں خوشحالی اور استحکام کو فروغ مل سکے۔
