
تحریر:ذیشان ظفر گوندل
ماضی کی صحافت اور آج کی صحافت میں فرق صرف ذرائع کا نہیں بلکہ کردار، نظریات، ترجیحات اور صحافتی اقدار کا فرق بھی ہے ایک وقت تھا جب صحافت کو معاشرے کا ضمیر سمجھا جاتا تھا صحافی سچ کی تلاش میں مشکلات، پابندیوں، دھمکیوں اور مالی مسائل کا سامنا کرنے کے باوجود اپنے قلم کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے تھے ان کا مقصد صرف خبر دینا نہیں بلکہ عوامی شعور بیدار کرنا، ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا اور حقائق کو بے خوف انداز میں منظر عام پر لانا ہوتا تھا
ماضی کے صحافی اپنی تحریر کو ایک امانت سمجھتے تھے وہ تحقیق، تصدیق اور غیر جانبداری کو اپنی پہچان بناتے تھے اخبارات عوامی مسائل کے حقیقی ترجمان ہوتے تھے اور صحافی اقتدار کے ایوانوں سے سوال کرنے کا حوصلہ رکھتے تھے اس دور میں صحافت دولت یا شہرت کے حصول کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک مقدس فریضہ تصور کی جاتی تھی صحافی عوام کے دکھ درد کو اپنا درد سمجھتے اور معاشرتی اصلاح میں اہم کردار ادا کرتے تھے
مگر آج کے دور میں صحافت نے جدید ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی بدولت بے پناہ ترقی ضرور کی ہے لیکن اس ترقی کے ساتھ کئی منفی رجحانات بھی جنم لے چکے ہیں اب اکثر جگہوں پر خبر سے زیادہ “بریکنگ” کو اہمیت دی جاتی ہے تصدیق کے بجائے جلد بازی، غیر جانبداری کے بجائے وابستگیاں اور عوامی خدمت کے بجائے ذاتی مفادات نے صحافت کے وقار کو نقصان پہنچایا ہے
آج بہت سے افراد نے صحافت کو ایک کاروبار، دباؤ ڈالنے کا ذریعہ یا ذاتی مفادات کے حصول کا ہتھیار بنا لیا ہے سوشل میڈیا نے ہر شخص کو رائے دینے کا موقع تو دیا مگر اس کے ساتھ جھوٹی خبروں، کردار کشی اور غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ میں بھی اضافہ ہوا یہی وجہ ہے کہ عوام کا اعتماد بھی متاثر ہو رہا ہے اور حقیقی صحافی بھی اس صورتحال سے پریشان دکھائی دیتے ہیں
اگر پریس کلبز کی موجودہ صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو یہ ادارے جو کبھی صحافیوں کے اتحاد، وقار اور آزادی اظہار کی علامت سمجھے جاتے تھے آج کئی مقامات پر گروہ بندی، ذاتی انا، سیاسی وابستگیوں اور بندر بانٹ کی سیاست کا شکار نظر آتے ہیں پریس کلبز کا بنیادی مقصد صحافیوں کے حقوق کا تحفظ، تربیت، فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کیلئے جدوجہد تھا مگر افسوس کہ بعض جگہوں پر یہ ادارے چند مخصوص افراد کے مفادات تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں
کئی پریس کلبز میں عہدوں کی تقسیم، سرکاری اشتہارات، فنڈز، مراعات، پلاٹس اور دیگر سہولیات کے حصول کیلئے ایسی رسہ کشی دیکھنے کو ملتی ہے جس نے صحافت کے تقدس کو مجروح کیا ہے اہل اور محنتی صحافی اکثر نظر انداز کر دیے جاتے ہیں جبکہ چاپلوسی، ذاتی تعلقات اور گروہی سیاست کو فوقیت دی جاتی ہے بعض اوقات پریس کلبز کے انتخابات بھی خدمت کے بجائے طاقت کے مظاہرے اور ذاتی مفادات کی جنگ بن کر رہ جاتے ہیں
یہ صورتحال نہ صرف صحافتی برادری کیلئے نقصان دہ ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی مجروح کرتی ہے۔ جب صحافت ذاتی مفادات کی نذر ہونے لگے تو سچ دب جاتا ہے حقائق مسخ ہونے لگتے ہیں اور عوام کی آواز کمزور پڑ جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ صحافت کو دوبارہ اس کے اصل اصولوں یعنی سچائی، دیانت، تحقیق، غیر جانبداری اور عوامی خدمت کی بنیاد پر استوار کیا جائے
پریس کلبز کو بھی ذاتی جاگیروں کے بجائے حقیقی صحافیوں کیلئے ایک باوقار پلیٹ فارم بنایا جائے جہاں نوجوان صحافیوں کی تربیت، میرٹ،اتحاد، برداشت اور آزادی اظہار کو فروغ دیا جائے صحافت اگر اپنی اصل روح کے ساتھ زندہ رہے تو یہ نہ صرف معاشرے کی اصلاح کر سکتی ہے بلکہ ظلم، ناانصافی اور کرپشن کے خلاف ایک مضبوط دیوار بھی ثابت ہو سکتی ہے
