شاہین بارانزئی
ہمارے بہت ہی اچھے ، ملنسار دوستوں اور سینئر صحافیوں شیخ فرید اور قیوم بلوچ کی دعوت پر بلوچستان میڈیا فورم کے اجلاس میں شریک ہونا نصیب ہوا۔ یہ اجلاس میر عبدالرحیم جتک کی رہائش گاہ ،جتک اسٹاپ پر صدر بلوچستان میڈیا فورم قیوم بلوچ کی صدارت میں منعقدہوا۔ اجلاس میں کوئٹہ کے علاوہ کچھی و بولان، سبی ، نصیر آباد اور صحبت اضلاع کے ایسے صحافیوں نے شرکت کی ہوئی تھی جو لابی شابیوں یا مافیا شافیا سے الگ ہیں۔ اجلاس کی میزبانی سیاسی و قبائلی شخصیت میر عبدالرحیم جتک نے کی۔ خوشی اس بات کی ہوئی کہ بلوچستان میں آج بھی مہمان نوازی کی روایت قائم ودائم ہے۔
اجلاس میں کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں صحافیوں کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔ تمام باتوں کا نچوڑ یہ تھا کہ ہر پریس پر ایک لابی کا قبضہ ہے اور وہ لابی مکمل طور پر سرکار کی مٹھی میں بند ہے۔ حتی کہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں ہونے والے کسی بھی فنکشن میں ہڈیاں چبانے کا مستحق بھی وہی لابیوں سے وابستہ کاسہ لیس صحافیوں کو سمجھا جاتا ہے۔ صحافت کو سرکاری آفیسران اور علاقے کے ایم پی اے کے گھر کی لونڈی بنادی گئی ہے۔
اجلاس کے شرکائ نے نئی تنیظم کی فعالیت کے لیے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں، اور بہترین انداز میں اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایسی باتیں بھی سننے کو ملیں کہ تنظیم یا صحافیوں کے حقوق کے لیے اگر ہمیں خون دینا پڑا بھی ہم خون دیں گے پیچھے نہیں ہٹیںگے۔ دراصل خون دینے والی باتیں اصطلاحاً کہی جاتی ہیں یاجذباتی ہوتی ہیں۔ صحافی ہمیشہ قلم کے ذریعے جنگ لڑتا ہے، بندوق کے ذریعے نہیں۔ جو خون دیتے ہیں وہ خون لیتے بھی ہیں۔ہاں البتہ صحافی سچ لکھتے لکھتے خون لینے والوں کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں جس میں ان کا خون بہایا جاتا ہے۔ مگر ایسے خون دینے کے لیے اعلان کیا جاتا ہے ، نہ پتہ ہوتا ہے کب، کہاں خون دینے کی گھنٹی بجتی ہے۔ نہ ہی خون لینے والا اعلان کرکے ان کا خون لیتا ہے نہ ہی خون لے کر یہ تسلیم کرتا ہے کہ میں ان کا خون لیا ہے۔
اجلاس میں صحافیوں کے حقوق کی بات کی گئی اور ان کے مسائل کے حل کا عزم کیاگیا ۔مجھے ذاتی طور پر اس تنظیم کی دو باتیں اہم لگیں اور پسند آئیں۔ ایک یہ کہاگیا کہ حق مانگ کر نہیں بلکہ حق چھین کر لےںگے۔ دوسرا یہ کہاگیا کہ یہ قلم کی تنظیم ہے ہر قلم کار اس میں شامل ہوسکتا ہے چاہے وہ صحافی ہے یا ادیب قلم کار ہے، کوئی ایک واٹس ایپ گروپ چلا رہا ہو وہ بھی اس تنظیم کا حصہ بن سکتا ہے۔
تاہم نہایت مودبانہ گزارش ہے کہ قلم کی حرمت کا بھی خیال رکھا جانا چاہئے۔ قلم کا احترام ضروری ہے مگر یہ بھی دیکھنا ہے کہ قلم کس کے ہاتھ میں ہے؟ قلم کو حق و صداقت کے لیے استعمال کیا جانا چاہئے،ظالم کے خلاف اور مظلوم کی حمایت میں استعمال کرنا چاہئے ،نہ کہ ضمیر بیچ کر آقائوں کو خوش کرنے والوں کو بھی قلم ہاتھ میں دیکھ کر اس کے حقوق کی جنگ لڑی جائے۔ ایسا ہو تو شلوار میں ناڑا ڈالنے والے بھی قلم دکھا کر حق مانگیں گے۔
نہایت مودبانہ عرض ہے کہ تیسرا اور چوتھا نکتہ یہ رکھنا چاہئے کہ صافیوں کے تحفظ اور وقار کے لیے جدو جہد کرنا چاہئے۔ صحافیوں کو نہ صرف حقوق سے محروم کیا جارہا ہے بلکہ صحافی برادری عدم تحفظ کا شکار بھی ہے اور صحافیوں کی وقار کو بھی مجروح کیا جارہا ہے۔
ایک چھوٹی سی اپیل یہ کی جاتی ہے کہ بلوچستان میڈیا فورم کو پورے بلوچستان میں پھیلایا جائے۔جس میں صوبہ بھرکی صحافی برداری اپنا حصہ ڈال سکے۔ ویسے تو نام کے طور پر یہاں ’’بلوچستان یونین آف جنرنلسٹس ‘‘ بھی ہے ،مگر ایک لابی کے ہاتھوں صرف کوئٹہ تک محدود ہے ، اور وہ بھی ایک ٹولے کے ہاتھوں میں ہے۔ اسی پر کوئٹہ پریس کلب بھی چند منافع خوروں کے ہاتھوں میں ہے۔دوسری اپیل یہ کہ بلوچستان میڈیا فورم کی زنجیر کو ٹوٹنے سے بچایا جائے ، ورنہ ، صحافتی ، ادبی سمیت ہر قسم کی تنظیموں کو بنتی بگڑتی ، ٹوٹتی ہوئی دیکھ کر عمر گزاری ہے ہم نے۔
