تحریر عباس مہد
کسی بھی قوم کی بربادی کا آغاز تب نہیں ہوتا جب اس کے خزانے خالی ہو جائیں، بلکہ زوال کا اصل سفر تب شروع ہوتا ہے جب اس کے ہنر مند بازاروں میں رول دیے جائیں، جب قلم اور کتاب کی حرمت بھٹے کے کوئلے میں جل کر خاک ہو جائے، اور جب بیس بائیس سالہ تعلیمی ریاضت کا حاصل صرف ایک پاپڑ یا چنوں کی ریڑھی بن کر رہ جائے۔ یہ المیہ صرف چند نوجوانوں کا نہیں، بلکہ پوری قوم کے مستقبل کا اجتماعی جنازہ ہے. اردو ادب کے عظیم مفکروں اور مصلحین نے ہمیشہ معاشرے کے ان پوشیدہ ناسوروں پر قلم اٹھایا ہے جو انسانیت کا خون چیوستے ہیں۔ آج جب میں اپنے وطن کی گلیوں، بازاروں اور چوراہوں پر نظر دوڑاتا ہوں، تو میر، غالب اور اقبال کی اس دھرتی پر ایک ایسا ہولناک فکری اور معاشی منظر دکھائی دیتا ہے جو روح کو اندر سے چھلنی کر دیتا ہے۔ یہ وہ معاشرہ ہے جہاں ایک غریب ماں باپ اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی، اپنی خون پسینے کی کمائی اور اپنے پیٹ کی روٹی کاٹ کر اپنے بچے کی تعلیم پر صرف کر دیتے ہیں۔ سولہ سال، بیس سال، بائیس سال… یہ صرف گنتی کے چند ہندسے نہیں ہیں، یہ ایک طویل اور کٹھن مسافت ہے جو کتابوں کے سائے میں، روشن مستقبل کی آس میں، اور آنکھوں میں خوابوں کے دیے جلا کر کاٹی جاتی ہے۔ نوجوان راتوں کو جاگتے ہیں، ڈگریوں کے حصول کے لیے دن رات ایک کرتے ہیں، اور بوڑھے والدین ان کی ہر کامیابی پر اس امید کے ساتھ مسکراتے ہیں کہ اب ان کی غربت کے دن ڈھلنے والے ہیں۔ مگر افسوس! جب یہ نوجوان اس طویل ریاضت کے بعد اپنی ڈگریاں بغل میں داب کر عملی زندگی کے میدان میں قدم رکھتے ہیں، تو معاشرے کی بے رحم، سرد اور تلخ حقیقت ان کا استقبال کرتی ہے۔ ہمارے ملک میں غربت، ناانصافی اور نااہلی کا یہ عالم ہے کہ آج اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان، گولڈ میڈلسٹ اور مختلف علوم کے ماہرین نوکری کی تلاش میں جوتیاں چٹخاتے پھر رہے ہیں۔ جب میرٹ کا گلا گھونٹ دیا جائے اور قابلیت کو سفارش کے ترازو میں تولا جانے لگے، تو پھر وہی مناظر سامنے آتے ہیں جو آج ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ وہ نازک ہاتھ جن میں قلم ہونا چاہیے تھا، جنہیں ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے اعلیٰ ایوانوں، تحقیقی اداروں اور سائنس لیبارٹریوں میں ہونا چاہیے تھا، وہ آج تپتے ہوئے بھٹے پر مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ کوئی ایم اے اور ایم فل کا گریجویٹ پاپڑ اور چنوں کی ریڑھی لگا کر دو وقت کی روٹی کما رہا ہے، تو کوئی بازاروں میں جا کر عام قلیوں کی طرح بوجھ اٹھا رہا ہے۔ یہ ڈگریوں کا نوحہ نہیں تو اور کیا ہے کہ علم کی شمع جلانے والے خود اندھیروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں؟ ادب کی اصطلاح میں اسے ‘قحطِ الرجال’ اور ‘فکری استحصال’ کہتے ہیں، جہاں جوہرِ قابل کی قیمت کوئلے کے بھاؤ لگائی جا رہی ہے۔ اس سے بھی بڑا المیہ یہ ہے کہ جب وطنِ عزیز میں ان ہنر مندوں، ڈاکٹروں، انجینئرز اور پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے جینے کی زمین تنگ کر دی جاتی ہے، تو وہ مجبوراً ہجرت کا کڑوا راستہ چنتے ہیں۔ ہمارا سب سے مایہ ناز اثاثہ، جسے علمی اصطلاح میں ‘برین ڈرین’ (Brain Drain) کہا جاتا ہے، لاکھوں کی تعداد میں ہر سال اپنے وطن کو الوداع کہہ کر دیارِ غیر کا رخ کر رہا ہے۔ وہ نوجوان جو یہاں بیٹھ کر اپنے وطن کے انتظامی اور معاشی ڈھانچے کو سدھار سکتے تھے، وہ اب غیر ممالک کی ترقی میں اپنا خون پسینہ بہانے پر مجبور ہیں۔ وہ وہاں جا کر بھی اعلیٰ عہدوں کے بجائے اکثر اوقات چھوٹی موٹی مزدوریوں سے آغاز کرتے ہیں، کیونکہ ان کا اپنا ملک ان کی قابلیت کو سنبھالنے میں ناکام ہو چکا ہے۔ اور بدقسمتی کا دوسرا رخ دیکھیے؛ جو نوجوان باہر نہیں جا سکتے، جن کے پاس نہ تو کسی بااثر شخصیت کی سفارش ہے اور نہ ہی رشوت دینے کے لیے لاکھوں کروڑوں روپے، وہ حالات کی اس چکی میں اس طرح پستے ہیں کہ ان کا حوصلہ، ان کی ہمت اور ان کی امید کا چراغ آخرکار جواب دے جاتا ہے۔ جب بھوک گھر میں مستقل ڈیرے ڈال لے، جب بوڑھے باپ کی دوائی کا نسخہ پیسوں کی کمی کی وجہ سے ادھورا رہ جائے، جب جوان بہن کی شادی کا بوجھ کندھوں کو جھکا دے، اور جب ہاتھ میں پکڑی ہوئی یونیورسٹی کی مہنگی ڈگری صرف کاغذ کا ایک بے جان اور بے قیمت ٹکڑا نظر آنے لگے، تو پھر دل دہلا دینے والے سانحات جنم لیتے ہیں۔ جب صبر کی حدیں ٹوٹتی ہیں، تو کوئی نوجوان پنکھے سے لٹک کر اپنی زندگی کا چراغ ہمیشہ کے لیے گل کر دیتا ہے، تو کوئی اپنے حالاتِ زندگی سے تنگ آ کر زہر کا پیالہ پی لیتا ہے۔ اخبارات کے صفحات ایسی خبروں سے بھرے پڑے ہیں جہاں معاشی تنگی نے ہنستے کھیلتے خاندانوں کو اجاڑ دیا۔ یہ محض خودکشیاں نہیں ہیں، یہ اس ظالم، فرسودہ اور مصلحت پسند نظام کے ہاتھوں ہونے والے معاشرتی قتل ہیں، جن کا حساب کسی نہ کسی دن اس نظام کے ٹھیکیداروں کو دینا ہوگا۔ ادبی اور سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی نااہل، کم ظرف اور مفاد پرست لوگ اعلیٰ اور معتبر عہدوں پر جا بیٹھتے ہیں، تو معاشرے کا معیار، اخلاقیات اور عزتِ نفس پامال ہو جاتی ہے۔ آج ہمارے ریاستی نظام کا سب سے بڑا تضاد اور سب سے بڑا مذاق یہ ہے کہ کلیدی، انتظامی اور فیصلہ ساز عہدوں پر وہ لوگ براجمان ہیں جن کی نہ تو کوئی علمی حیثیت ہے، نہ کوئی قانونی اہمیت اور نہ ہی کوئی اخلاقی معیار۔ جہاں عزت، قابلیت اور خلوص کی کوئی قدر نہ ہو، وہاں صرف ذاتی مفادات، اقربا پروری اور خوشامد کا دور دورہ ہوتا ہے۔ یہ نااہل لوگ ان کرسیوں پر بیٹھ کر غریب، متوسط اور پڑھے لکھے طبقے کا دن رات استحصال کرتے ہیں، ان کے جائز حقوق پر ڈاکا ڈالتے ہیں اور ملک کی بنیادوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔ جب تک کسی معاشرے میں بیوروکریسی، سیاست اور انتظامیہ میں میرٹ کو پامال کر کے نااہلوں کو نوازا جاتا رہے گا، تب تک امن، ترقی اور خوشحالی کا کوئی بھی خواب کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ارسطو نے کہا تھا کہ جب نااہل حکمران بن جائیں، تو انصاف سب سے پہلے رخصت ہوتا ہے، اور آج ہمارے ہاں انصاف کی یہی پامالی عروج پر ہے۔
