خزانوں کی سرزمین، محرومی کی داستان

0

ظفر رند، کوئٹہ

بلوچستان کی مٹی میں خوشبو نہیں، سونا ہے۔ اس کے پہاڑوں میں آواز نہیں، تانبے کی گونج ہے۔ سُئی کی دھرتی سے نکلنے والی گیس نے کئی دہائیوں تک لاہور کی فیکٹریاں چلائیں، کراچی کے گھر گرم کیے، اسلام آباد کی روشنی بڑھائی۔ ریکوڈک کے پہاڑ دنیا کو بتاتے ہیں کہ یہاں تانبا اور سونا اتنا ہے کہ نسلیں سنور سکتی ہیں۔ چاغی کی ریت میں یورینیم ہے، خضدار میں کرومائٹ ہے، مکران کے ساحل پر ہوا اور دھوپ ہے جو بجلی بن سکتی ہے۔ سنگِ مرمر، کوئلہ، چاندی، پیٹل — نام لینے بیٹھیں تو لسٹ ختم نہیں ہوتی۔

مگر یہی بلوچستان جب رات کو اندھیرے میں ڈوبتا ہے تو دل خون کے آنسو روتا ہے۔گھر پہنچ کر بیوی سے پوچھتا ہے “چولہا جلے گا؟” جواب ملتا ہے “گیس نہیں ہے”۔ حالانکہ گیس کی پائپ لائن اسی کے گاؤں کے نیچے سے گزرتی ہے۔ سردی میں کمبل اوڑھ کر سوتے ہیں، گرمی میں پنکھا نہیں چلتا کیونکہ بجلی آتی ہی نہیں۔ دس گھنٹے، بارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ معمول ہے۔

ہسپتال جاؤ تو ڈاکٹر نہیں، دوا نہیں۔ بچہ بخار سے تڑپ رہا ہو تو ماں دعا کے سوا کچھ نہیں کر سکتی۔ اسکول کی عمارت ہے مگر استاد نہیں۔ نوجوان نے بی ایس سی کر لی، ایم اے کر لیا، مگر نوکری کا دروازہ بند ہے۔ وہ یا تو خلیج کی طرف نکل جاتا ہے، یا پہاڑوں میں مجبوری کا راستہ ڈھونڈتا ہے۔ زمین کا مالک آج مزدور بن گیا ہے۔ وہ اپنی ہی زمین سے نکلنے والے سونے کو ٹی وی پر دیکھتا ہے اور اپنا چولہا ٹھنڈا رہ جاتا ہے۔

سوال یہ نہیں کہ بلوچستان کے پاس کیا نہیں ہے۔ سوال یہ ہے کہ اتنا سب کچھ ہونے کے باوجود اس کے لوگوں کے پاس کیا ہے؟ جواب بہت تلخ ہے: کچھ نہیں۔

دہائیوں سے یہاں سے وسائل نکالے گئے۔ ٹرک بھر بھر کر تانبا گیا، پائپ لائن بچھا کر گیس گئی، ٹرینوں میں کوئلہ لدا۔ مگر منافع کا بڑا حصہ کبھی بلوچستان کی گلیوں میں واپس نہیں آیا۔ بڑی کمپنیاں آئیں، معاہدے کیے، وسائل اٹھائے اور چلی گئیں۔ پیچھے رہ گئی کھنڈر سڑکیں، بند اسکول اور بے روزگار نوجوان۔ مقامی لوگوں کو ہنر نہیں سکھایا گیا۔ انہیں فیکٹری میں مزدور بھی نہیں بنایا گیا۔ کان کنی ہوئی، مگر کان کن کا بیٹا آج بھی بے روزگار ہے۔
جب ہسپتال میں وینٹی لیٹر خراب ہو جائے تو نیا لینے کے پیسے نہیں ہوتے۔ مگر جب نئے منصوبے کا اعلان ہوتا ہے تو سب سے پہلے بلوچستان کا نام لیا جاتا ہے۔ اعلان بڑے ہوتے ہیں، تختیاں لگتی ہیں، افتتاح ہوتے ہیں۔ مگر زمین پر کچھ بدلتا نہیں۔ پیپر پر ترقی ہوتی ہے، حقیقت میں اندھیرا رہتا ہے۔

پانی کا مسئلہ الگ ہے۔ بلوچستان میں زیرِ زمین پانی تیزی سے کم ہو رہا ہے۔ کسان کی فصل سوکھ جاتی ہے۔ وہ قرض لے کر ٹیوب ویل لگاتا ہے، بجلی نہیں ہوتی تو ڈیزل جلاتا ہے، ڈیزل مہنگا ہے تو کھیت بیچ دیتا ہے۔ زراعت ختم، مال مویشی کم، روزگار ختم۔ شہر کا مزدور اور گاؤں کا کسان — دونوں ایک ہی کشتی میں سوار ہیں جس میں سوراخ بہت ہیں۔

تعلیم کا حال یہ ہے کہ دور دراز علاقوں میں بچیوں کے لیے اسکول کا تصور ہی نہیں۔ جہاں اسکول ہے وہاں چھت ٹپکتی ہے، بینچ ٹوٹے ہیں، کتابیں پرانی ہیں۔ ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھنے والا لڑکا میٹرک کے بعد پڑھائی چھوڑ دیتا ہے کیونکہ کالج شہر سے سو کلومیٹر دور ہے اور کرایہ دینے کے پیسے نہیں۔ ذہین دماغ ضائع ہو رہے ہیں۔ خزانے زمین میں دفن ہیں اور دماغ غربت میں دفن ہیں۔

سب سے زیادہ تکلیف اس بات کی ہے کہ بلوچستان کبھی خیرات نہیں مانگتا۔ وہ اپنا حق مانگتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ جو گیس میری زمین سے نکل رہی ہے، وہ پہلے میرے گھر کے چولہے تک پہنچے۔ جو سونا میرے پہاڑ کاٹ کر نکالا جا رہا ہے، اس سے پہلے میرے بچے کا اسکول بنے۔ جو ہوا میرے صحرا میں چل رہی ہے، اس سے پہلے میرا گھر روشن ہو۔ یہ کوئی بڑی بات نہیں مانگ رہا۔ یہ انصاف مانگ رہا ہے۔

اگر آج فیصلہ ہو جائے کہ بلوچستان کے وسائل کا پچاس فیصد منافع براہِ راست مقامی ترقی پر لگے گا — اسکول بنیں، ہسپتال بنیں، سڑکیں بنیں، فیکٹریاں لگیں، نوجوانوں کو ہنر سکھایا جائے — تو پانچ سال میں نقشہ بدل جائے گا۔ کوئٹہ کا پیٹرول سستا ہو جائے گا کیونکہ لوکل ریفائنری لگے گی۔ گیس کی کمی ختم ہو جائے گی کیونکہ لوکل ڈسٹری بیوشن کو ترجیح ملے گی۔ بجلی کا مسئلہ حل ہو جائے گا کیونکہ سولر اور ونڈ کے منصوبے مقامی لوگ چلائیں گے۔

بلوچستان کے پاس صلاحیت ہے۔ اس کے لوگ محنتی ہیں، بہادر ہیں، صبر والے ہیں۔ انہیں موقع چاہیے۔ انہیں اپنی زمین پر اپنا حق چاہیے۔ وہ پاکستان کا حصہ ہیں، دل ہیں۔ دل کو خون ملے گا تو جسم صحت مند ہو گا۔ دل کو کمزور رکھ کر جسم کو طاقتور نہیں بنایا جا سکتا۔ خزانوں کی سرزمین کو خیرات کی محتاج نہ بناؤ۔ اسے اس کا حصہ دو۔ اس کے بچوں کو مستقبل دو۔ اس کی ماؤں کو دوا دو۔ اس کے نوجوانوں کو قلم دو۔ پھر دیکھو بلوچستان پاکستان کا سب سے روشن، سب سے خوشحال صوبہ بنتا ہے۔ ورنہ تاریخ لکھتی رہے گی کہ ایک سرزمین تھی جس کے نیچے سونا تھا اور اوپر بھوک۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.