پرنسپل انفارمیشن آفیسر سے ملاقات، اشتہارات کی ادائیگیوں میں تاخیر کے خاتمے اور بلنگ و ادائیگی کے نظام میں بہتری کے لیے اصلاحاتی تجاویز پیش
اسلام آباد (غزالہ یاسمین) راولپنڈی اسلام آباد بیورو جرنلسٹس ایسوسی ایشن (RIBJA) کے وفد نے پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اخبارات کو درپیش اشتہارات کی ادائیگیوں میں تاخیر اور بلنگ کے نظام سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفد نے اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کے لیے خصوصی بیل آؤٹ پیکیج متعارف کرانے سمیت بلنگ اور ادائیگی کے نظام کو مؤثر، شفاف اور تیز رفتار بنانے کے لیے مختلف اصلاحاتی تجاویز پیش کیں۔
ملاقات میں ربجا کے صدر غلام مرتضیٰ ملک، جنرل سیکرٹری محمد فیاض چوہدری، سینئر نائب صدر راحیل نواز سواتی اور ممبر گورننگ باڈی عارف ملک شامل تھے، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر نعمان علی بھی موجود تھے۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ علاقائی اخبارات کے طویل عرصے سے واجب الادا بقایاجات کی ادائیگی کے لیے خصوصی بیل آؤٹ پیکیج متعارف کرایا جائے اور تمام بقایاجات کی یکمشت ادائیگی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے تاکہ اخباری اداروں کو درپیش مالی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔
وفد کی جانب سے پیش کردہ تجاویز میں ایک مرکزی ڈیجیٹل بلنگ ڈیش بورڈ کا قیام، اشتہارات کی ادائیگی کے لیے مقررہ مدت کا تعین، پہلے جاری ہونے والے اشتہارات کی ادائیگی پہلے کرنے کا طریقہ کار، بروقت ٹریکنگ و مانیٹرنگ نظام، ڈی آر او کے اجراء کے لیے مدت مقرر کرنا اور بلنگ دستاویزات کی وصولی کی باقاعدہ تصدیق شامل ہیں۔
۔
اس کے علاوہ وفد نے اشتہارات کی ادائیگیوں کی مکمل تفصیلات متعلقہ میڈیا اداروں کو فراہم کرنے، تمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داریوں اور مدتِ تکمیل کا تعین کرنے اور طے شدہ معاملات کو باقاعدہ نوٹیفائی کرنے کی بھی سفارش کی۔
وفد کا کہنا تھا کہ اشتہارات کی ادائیگیوں میں غیر ضروری تاخیر کے باعث علاقائی اخبارات شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، جس کے نتیجے میں اخباری اداروں کے ساتھ ساتھ ان سے وابستہ صحافیوں اور دیگر کارکنوں کو بھی معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ بلنگ اور ادائیگی کے موجودہ نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جائے تاکہ تمام میڈیا اداروں کو ان کے واجبات بروقت مل سکیں۔
پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل نے ربجا کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے علاقائی اخبارات کے مسائل کے حل اور بلنگ و ادائیگی کے نظام میں بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ پیش کردہ تجاویز کا مثبت جائزہ لے کر ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ علاقائی اخبارات کو درپیش مالی مسائل میں کمی اور اشتہارات کی ادائیگیوں کا نظام مزید بہتر بنایا جا سکے۔
