نئی دہلی (زیبائے پاکستان)بھارت کی نیشنل پولیس اکیڈمی کے ایک آئی پی ایس افسر ادے کرشنا ریڈی کو مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ان کے خلاف ایک خاتون آئی پی ایس کی جانب سے ہراسانی تعاقب، جسمانی تشدد اور خفیہ طور پر نجی ویڈیو ریکارڈ کرنے کے الزامات پر مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔
پولیس کے مطابق کرشنا ریڈی ایک دوست کے گھر گئے جہاں مبینہ طور پر انہوں نے زہریلی دوا پی لی تاہم حکام نے تاحال باضابطہ طور پر خودکشی کی کوشش کی تصدیق نہیں کی۔ ریڈی اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
چند روز قبل 30 سالہ خاتون آئی پی ایس پروبیشنر نے حیدرآباد پولیس کو دی گئی شکایت میں الزام عائد کیا تھا کہ جون کے دوران مختلف مواقع پر ریڈی نے ان کا تعاقب کیا، انہیں جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا، دھمکیاں دیں اور ان کی اجازت کے بغیر نجی ویڈیو ریکارڈ کی۔
شکایت کے مطابق ملزم نے واٹس ایپ پر نازیبا اور جنسی نوعیت کے پیغامات بھیجے، دیگر پروبیشنرز کے سامنے خاتون کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کیے اور انہیں ایک دوسرے ٹرینی کے ساتھ تعلقات کا اعتراف کرنے کے لیے دباؤ میں رکھا۔
خاتون نے مزید الزام لگایا کہ ریڈی نے زبردستی ان کا موبائل فون حاصل کیا، نجی چیٹس دیکھیں، فون اپنے کمرے میں لے گئے اور پاس ورڈ بھی معلوم کیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایک موقع پر ملزم نے انہیں اپنے کمرے میں زبردستی روک کر تشدد کیا، بال کھینچے، گلا دبانے کی کوشش کی، گردن پر چاقو رکھا اور باہر جانے سے روکے رکھا۔ شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 10 جولائی کو ملزم نے انہیں نامناسب انداز میں چھونے کی کوشش کی۔
خاتون کے مطابق سب سے سنگین واقعہ ان کی اجازت کے بغیر نجی ویڈیو ریکارڈ کرنا تھا جسے بعد ازاں مبینہ طور پر انہیں بلیک میل کرنے کی غرض سے ان کے شوہر کو بھیج دیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزم نے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے جھوٹی اور توہین آمیز معلومات پھیلائیں۔
خاتون کی شکایت پر حیدرآباد پولیس نے بھارتیہ نیایا سنہیتا (BNS) کی مختلف دفعات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
دوسری جانب مبینہ خودکشی کی کوشش سے قبل لکھے گئے دو صفحات پر مشتمل نوٹ میں ادے کرشنا ریڈی نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے اور خاتون کے درمیان جون 2025 سے باہمی رضامندی پر مبنی رومانوی تعلق تھا جو خاتون کی شادی کے بعد بھی جاری رہا۔
ریڈی نے الزام لگایا کہ خاتون اپنی مرضی سے ان کے کمرے میں آتی تھیں اور متعدد مواقع پر خود رابطہ کرتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف اپنے دفاع کے لیے ویڈیو ریکارڈ کی کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ ان پر جھوٹے الزامات لگائے جا سکتے ہیں۔
