
تحریر: جعفر خان ترین
پشتو میں ایک کہاوت ہے۔ سہ میرمن گندا سہ میچن گندہ، میرمن کہتے ہیں۔ خاتون خانہ کو اور میچن کہتے ہیں چکی کو جس میں گندم پیستے ہیں۔ عام طور پر یہ کہاوت ایسے موقع پر بولی جاتی ہے جب کوئی کام خراب ہو جائے اور اس کے پیچھے ایک سے زائد خرابیاں ہوں تو بولتے ہیں کہ سہ میرمن گندا سہ میچن گندہ۔ آٹا خراب نکل آئے تو قصور صرف چکی کا نہیں ہوتا، کچھ قصور خاتون خانہ کا بھی ہوتا ہے۔ اس کے پیچھے اصل کہانی جو بھی ہو مگر اس میں حقیقت بھی چھپی ہے اور تسلی بھی۔ جب سب قصوروار ہوں تو کسی ایک کو مجرم نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔ بلوچستان کی نئی ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ پالیسی کے گرد جو شور، بے چینی، خوشی، غصہ، امید اور شکوک ایک ساتھ پیدا ہوئے ہیں، انہیں دیکھ کر یہی کہاوت بار بار میرے ذہن میں آ رہی ہے کیونکہ اس بار آٹا خراب نہیں ہوا آٹا خراب ہونے دیا گیا ہے۔ قصوروار ایک نہیں بہت سارے ہیں۔
خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کو بلوچستان میں صحافت کا بابا آدم کہا جاتا ہے۔ ایسا نہیں کہ ان سے قبل کوئٹہ سے کوئی اخبار شائع نہ ہوا ہو معدودے چند پرچے شائع ہوتے رہے مگر یہ انگریز سرکار کی ضروریات کا آئینہ دار ہوا کرتے۔ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے ہی اس صوبے میں سب سے پہلے ”مقامی پریس“ کا تصور دیا اور 1938 ءمیں ہفت روزہ استقلال کا اجراء کیا (حال ہی میں پشتو اکیڈمی کوئٹہ نے ”ہفت روزہ استقلال اور تحریک آزادی“ کے نام سے شوکت ترین کی ایک تحقیقی کتاب شائع کی ہے ) خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کو اس بات کا کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے صحافت کو سیاسی اور سماجی ضروریات کا آئینہ دار بنایا۔ خان شہید نے اس خطے میں صحافت کا جو بیج بویا تھا وہ دراصل ایک نظریہ تھا مگر شاید انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ایک دن اس خطے میں اتنے اخبارات ہوں گے کہ اصل مسئلہ ان کی کمی نہیں بلکہ یکسانیت کی حامل بڑھوتری ہو گی۔ اس وقت صحافت ضرورت تھی، آج صنعت بن چکی ہے اور اس میں جدت و تبدیلیاں آ رہی ہے۔ خان شہید کے دور میں صحافت ایک مقصد تھا، آج نظام ہے اور نظام کا المیہ یہ ہوتا ہے کہ کبھی کبھار یہ اپنے ہی بوجھ سے زمین بوس ہو جاتا ہے۔
آج بلوچستان سے پانچ سو کے قریب اخبارات و جرائد نکلنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، جن میں ایک سو تیس سے زیادہ روزنامے شامل ہیں۔ بظاہر یہ ایک اطمینان بخش تعداد ہے مگر دوسرا رخ یہ ہے کہ کوئٹہ پریس کلب، بی یو جے اور کیو یو جے کی کل ملا کر ٹوٹل ممبرشپ دو سو سے بھی کم ہے۔ یعنی اوسطاً ایک اخبار سے ایک صحافی بھی ممبر نہیں۔ کجا اتنے سارے چینلز، رسائل جرائد اور یوٹیوبرز۔
بلوچستان کابینہ نے گزشتہ روز نئی ایڈورٹائزمنٹ پالیسی کی منظوری دے دی ہے یہ ڈیجیٹل پالیسی کافی عرصے سے بلوچستان کے صحافتی حلقوں میں زیر بحث رہی اور کمال کی بات یہ ہے کہ اب تک جب اس کی منظوری بھی ہو چکی ہے کسی کو پتہ نہیں کہ اس نئی پالیسی میں کیا کیا شامل ہے۔ گزشتہ روز کابینہ اجلاس کے بعد جو خبر آئی اس کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ نے صوبے کی پہلی ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2026 ء کی منظوری دے دی اس پالیسی کے تحت ڈمی اخبارات کے خاتمے، مستند اور فعال میڈیا اداروں کی حوصلہ افزائی اور سوشل میڈیا کو باقاعدہ ضابطہ کار کے تحت شامل کیا جائے گا۔
روزنامہ انتخاب نے کابینہ اجلاس کی جو خبر اپنے پیج پر چلائی اس میں خاص طور پر لفظ ڈمی کی شہ سرخی بنا کر ویڈیو کے اوپر بولڈ کر کے چلائی۔ انتخاب جیسے ادارے کے لئے ایسی سرخی صوبے میں صحافت کا جیتا جاگتا المیہ ہے۔ انتخاب کے ایڈیٹر انور ساجدی بلوچستان کی صحافت اور سیاست کا جیتا جاگتا انسائیکلو پیڈیا ہیں۔ چونکہ ورکنگ جرنلزم سے ایڈیٹر بنے اس لئے اخباری صنعت کی چھوٹی بڑی خامیوں سے اچھی طرح آگاہ ہیں، اے پی این ایس میں بھی ہیں اور بلوچستان کے ایڈیٹر کونسل کے بھی سرخیل ہیں ان کا اخبار سنجیدہ اخبار کہلاتا ہے مگر انہوں نے بھی کابینہ اجلاس کی خبر میں ڈمی کی سرخی نکال کر گویا یہ کوشش کی کہ مقصد جائے بھاڑ میں اپنی بات بنی رہے۔ میں یہ سمجھتا ہوں کہ اخبار کوئی بھی ڈمی نہیں ہوتا۔ اخبار کے لئے لفظ ڈمی کا استعمال انتہائی افسوسناک اور قابل گرفت ہے۔ اگر پھر بھی انتخاب کے پیج سے چلنے والی اس اصطلاح ”ڈمی“ کو ایک لمحے کے لئے درست مانا جائے تو آپ ڈمی کے لئے جو بھی پیمانہ رکھیں گے میں اسی کی روشنی میں ثابت کر سکتا ہوں کہ انتخاب کیا جنگ اور ایکسپریس بھی ڈمی ہیں۔
بلوچستان کی جرنلزم کا مسئلہ ڈمی اخبارات ہرگز نہیں البتہ اس کی جڑیں ڈمی یونینز اور ڈمی صحافیوں کے ساتھ گہری جڑت رکھتی ہیں۔ میں نے ابھی چند ہفتے قبل ایک پوسٹ پر کمنٹ کیا تھا آج بھی اس پر قائم ہوں کہ ڈمی یونینز ہر دور میں صنعت کی تباہی میں شریک رہی ہیں۔ منہاج برنا اور عثمانی صاحب کے نام پر دکانیں کھولنے والے جب مقبول رانا صاحب اور رشید بیگ صاحب کے نہیں ہوئے، جنہوں نے صدیق بلوچ اور انور ساجدی کا ساتھ نہیں دیا، جنہوں نے محمد جان لالہ کو حواس باختہ کیا، عنقاء صاحب کا مذاق اڑایا، جنہوں نے صورت خان مری منیر جان حتیٰ کہ پرویز بختیار جیسے ڈائریکٹرز کو کام نہیں کرنے دیا وہ بھلا خاک سیریس ہوں گے کہ اخباری صنعت کو فروغ حاصل ہو۔ بڑے بڑے اور سینئر کہلوانے والوں نے اختلاف کو دشمنی بنایا، نئے لوگوں کو خطرہ سمجھا، اور اداروں کو مضبوط کرنے کی بجائے انہیں کمزور کیا اس دوران ادارے بھی کمزور ہوتے رہے۔ آئی ٹی این ای کا جج سالہا سال مقرر نہیں ہوتا جب تقرری ہو بھی جائے تو کوئٹہ آنا ضروری نہیں سمجھا جاتا۔ کیا کبھی اس پر سنجیدہ شور مچا؟ نہیں۔ کیونکہ اس سے شہ سرخی نہیں بنتی۔ جنگ جیسے بڑے اخبار نے اداریہ لکھنا چھوڑ دیا ایکسپریس نے فوٹوگرافرز نکال دیے، جنگ نے ایک ساتھ کوئٹہ جیسے سٹیشن سے تیس لوگ نکال دیے، دنیا اخبار مارکیٹ میں نہیں ہے، نئی بات نہیں چھپتا، ڈان کے شاید اشتہارات بند ہیں، ٹریبیون اور دی نیشن کی کوئٹہ سے دلچسپی اشتہار کی حد تک ہے اور چھوٹے چار صفحات والے اخبارات تو ہیں ہی ”خرکار کیمپ“ ۔
اب شنید ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کو بھی اشتہارات ملیں گے۔ اور یہاں سے کہانی کا سب سے دلچسپ باب شروع ہونے جا رہا ہے۔ کابینہ سے پالیسی کی منظوری پر اخبارات پریشان ہو گئے، یوٹیوبرز خوش ہو گئے۔ اخبارات کو لگا بجٹ کم ہو جائے گا، یوٹیوبرز کو لگ رہا ہے ان کی ریچ بھی بڑھے گی اور مالی فوائد بھی ملیں گے مگر حقیقت شاید ان دونوں کے درمیان کھڑی مسکرا رہی ہے۔ اس پوری بحث میں سب سے زیادہ نقصان اس کارکن صحافی کا ہوا جو پہلے ہی معاشی مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ نہ وہ کابینہ اجلاس میں ہے، نہ یونین کی میٹنگ میں، نہ اشتہارات کی تقسیم میں۔ مگر ہر فیصلہ اس کی زندگی پر اثرانداز ہوتا ہے یہی تو ہے اجتماعی کوتاہی۔ سہ میرمن گندا سہ میچن گندہ۔ حکومت نے مشاورت نہیں کی، مالکان نے خود احتسابی نہیں کی، یونینز نے نمائندگی نہیں کی ڈی جی پی آر نے ذمہ داری نہیں نبھائی۔ اور نتیجہ یہ نکلا کہ کہ ایک اچھی پالیسی بھی متنازع ہو کر رہ گئی۔
