پنجاب حکومت کا گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں رمضان میں چکن کی قیمتوں میں 60 روپے تک نمایاں کمی ہونے کا دعویٰ

لاہور(زیبائے پاکستان) پنجاب حکومت نے چند میڈیا چینلز کی خبروں کو چکن کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے مبالغہ آرائی قرار دے دیا ہے۔ ترجمان فوڈ سیفٹی کے مطابق، ان رپورٹس میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی، جو مسترد کر دی گئی ہے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق، پنجاب میں چکن کی قیمتیں مستحکم ہیں اور رواں رمضان میں گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں کم رہی ہیں۔
یکم فروری کو چکن کی قیمت 519 روپے فی کلو تھی، جو آج کم ہو کر 461 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ لاہور میں چکن 446 روپے، کراچی میں 574 اور کوئٹہ میں 563 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
رمضان سہولت بازاروں میں عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے، چکن 15 روپے اور انڈے 10 روپے فی درجن سستے دستیاب ہیں۔
لاہور میں سستی مرغی کی فراہمی کے لیے 47 سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں میں متحرک ہیں اور قیمتوں کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔
گرانفروشوں کے خلاف کارروائی بھی جاری ہے۔ اب تک 69 ہزار سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے، 29 مقدمات درج، 351 افراد گرفتار اور 55 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔
اسی دوران، سیکرٹری فوڈ اینڈ صارف تحفظ ڈاکٹر کرن خورشید نے کاہنہ سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرکاری نرخنامے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
حکومت پنجاب اور محکمہ فوڈ سیفٹی اور صارف تحفظ کا موقف ہے کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جائے، تاکہ ہر شہری کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق اوپن مارکیٹ میں چکن اور انڈے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث صارفین کے لیے گوشت اور انڈے خریدنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق برائلر مرغی کا گوشت 15 روپے مہنگا ہو گیا ہے اور اب اوپن مارکیٹ میں چکن 461 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہا ہے۔ فارم ریٹ کے مطابق زندہ برائلر 290 روپے فی کلو، تھوک میں 304 روپے اور پرچون میں 318 روپے فی کلوگرام دستیاب ہے۔
فارمی انڈے بھی مہنگے ہو گئے ہیں اور ایک درجن کے نرخ 236 روپے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے باعث گوشت اور انڈے خریدنا روزمرہ کے بجٹ کے لیے مشکل ہو گیا ہے، اور ضرورت ہے کہ حکام فوری طور پر مارکیٹ ریٹس پر قابو پائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
